براق 16 – پاکستانی طلبہ کی تیار کردہ نئی فارمولا ریسنگ کار کی رونمائی
کراچی کی مشہور جامعہ ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی (DSU) کے طلبہ نے نئی فارمولا اسٹوڈنت ریسنگ کار بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ “براق 16” کے نام سے پیش کی جانے والی اس فارمولا اسٹوڈنگ ریسنگ کار کی تقریب رونمائی یکم اکتوبر 2016 کو منعقد ہوئی۔ پاکستانی طالب علموں کی تیار کردہ یہ گاڑی رواں سال عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی بھی کرے گی۔
ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کے مطابق اس فارمولا اسٹوڈنٹ ریسنگ کار کی تیاری میں حمزہ شمس نے مرکزی کردار ادا کیا۔ اس سے قبل وہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی فارمولا ٹیم کا بھی حصہ رہے ہیں۔ یہ وہی ٹیم تھی کہ جس نے اب سے تین سال قبل پاک بحریہ کے کیپٹن ندیم احمد شہید کی سربراہی میں فارمولا اسٹوڈنٹ 2013 میں حصہ لیا تھا۔ صفہ یونیورسٹی میں تیار کی جانے والی براق 16 درحقیقت حمزہ شمس کے اس عزم کا اظہار ہے کہ جس کے تحت وہ فارمولا کی روایات اپنے طالب علموں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی “نسٹ فارمولا اسٹوڈنٹ ٹیم” کی عالمی مقابلے میں شرکت
براق 16 کی ٹیم 8 تا 11 دسمبر 2016 تک آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے فارمولا اسٹوڈنٹ آسٹریلیا 2016 کے عالمی مقابلوں میں بھی حصہ لے گی۔ اس عالمی مقابلے میں مجموعی طور پر 37 ممالک کی جامعات حصہ لے رہیں ہیں جن میں پہلی مرتبہ ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کو پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوگا۔