کیا آپ جانتے ہیں کہ غلط ٹرانسمیشن فلوئڈ آپ کی گاڑی کے ٹرانسمیشن سسٹم کو نقصان پہنچاتا ہے؟
آپ کی گاڑی میں موجود فلوئڈ آپ کی سواری کو ہموار اور پریشانی کے بغیر چلانے کے لیے اتنے ہی اہم ہیں جتنا کہ دوسرے حصے جو گاڑی کو چلاتے ہیں۔ یہ بات معنی نہیں رکھتی کہ آپ کی گاڑی میں کتنی طاقتور موٹر موجود ہے اگر اس میں آئل موجود نہ ہو۔ آئل کے بغیر انجن ایک دھاتی انبار کے علاوہ کچھ بھی نہیں۔ پھر یہاں کولنٹ، بریک آئل، پاور سٹئیرنگ فلوئڈ اور ٹرانسمیشن فلوئڈ بھی موجود ہیں۔ اور ان سب فلوئڈز میں جس فلوئڈ کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے وہ ٹرانسمیشن فلوئڈ ہے۔
آپ کی گاڑی میں موجود ٹرانسمیشن آئل اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ آپ کی گاڑی ہموار اور بغیر کسی مسلئے کے چلے مگر یہ رسک کئی گنا بڑھ جاتا ہے اگر آپ کی گاڑی میں آٹو میٹک ٹرانسمیشن سسٹم موجود ہے۔ مینوئل اور آٹومیٹک گئیر آئل کی خصوصیات بہت مختلف ہیں۔ مینوئل گاڑی کا ٹرانسمیشن آئل انجن آئل کی طرح کافی زیادہ گاڑھا ہوتا ہے۔
مینوئل گئیر آئل بہت بھاری ہوتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد گئیر باکس میں موجود پرزوں کو تر رکھنا ہوتا ہے تاکہ آپ ڈرائیونگ کے دوران گئیر اور دوسرے دھاتی پرزوں کو نہ گھسیں۔ موٹرسائیکلوں میں اور کچھ پرانی گاڑیوں میں بھی انجن آئل انجن کو تر رکھنے کے ساتھ ساتھ گئیر باکس کو بھی تر رکھتا ہے۔ کلاسک منی جیسی گاڑیوں میں انجن اور مینوئل ٹرانسمیشن ایک ہی آئل استعمال کرتے ہیں۔
لیکن آٹو میٹک ٹرانسمیشن فلوئڈ کی بناوٹ عام مینوئل ٹرانسمیشن آئل سے قدرے مختلف ہے۔ آٹو گئیر باکس والی گاڑیوں میں ٹرانسمیشن آئل نہ صرف اندرونی پرزوں جیسا کہ پلانیٹری گئیرز، ٹارق کنورٹر وغیرہ کو تر کرتا ہے بلکہ درحقیقت کار کو چلاتا بھی ہے۔ ایک روائتی آٹو میٹک ٹرانسمیشن (non-CVT )انجینیرنگ کا شاندار ٹکڑا ہے۔ روائتی آٹومیٹک ٹرانسمیشن کی کارروائیوں کی وضاحت پر پہلے سے ہی یہاں چند بلاگز موجود ہیں۔ اگر آپ آٹو گئیر باکس کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں تو آپ کو وہ ضرور دیکھنے چاہیں۔ لیکن اس بلاگ میں ہم بات کریں گے کہ آپ کی گاڑی کے آٹو میٹک ٹرانسمیشن سسٹم میں غلط قسم کے آئل کا استعمال کس طرح سے نقصان پہنچاتا ہے۔ روائتی آٹو گئیر باکس میں مختلف کلچ اور کلچ ڈسکس موجود ہوتی ہیں۔ یہ ڈسکس ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوتی ہیں اور انہیں مجموعی طور پر کلچ پیک کہا جاتا ہے۔ کار کے آٹو کلچ پیک میں فرکشن ڈسکس، سیپریٹر، اور ایک پسٹن موجود ہوتا ہے جو ڈسکس کو انگیج یا ڈس انگیج کرتا ہے۔ اندرونی طور پر ڈسکس مختلف پرتوں پر مشتمل ہوتی ہیں اور جب گاڑی گئیر کے بغیر فری وہیلنگ پوزیشن میں ہوتی ہے تو ان میں تھوڑا سا فاصلہ ہوتا ہے۔ یہ اسلئے ہوتا ہے تاکہ انجن وہیلز کو چلائے بغیر آزادنہ حرکت کر سکے۔ بنیادی طور پر یہ فاصلہ انجن کی کرینک شافٹ کو وہیلز سے الگ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ لیکن جب آپ گئیر باکس کو ڈرائیو پوزیشن میں لے کر جاتے ہیں تو پلنگر گرتا ہے اور تمام کلچ ایک جان ہو کر بغیر کسی فاصلہ کہ اکیلا بلاک بناتے ہیں اور وہیلز کو لاک کر دیتے ہیں۔ اور اب آپ کی گاڑی کے وہیلز انجن کی حرکت کے ساتھ گھومنے لگتے ہیں (جس کی شرح گاڑی کے گئیر کی شرح پر منحصر ہے)۔ یہ بے شک ایک پیچیدہ انجینئرنگ کی بہت زیادہ آسان الفاظ میں وضاحت ہے۔
کار ساز گاڑی کے آٹو گئیر باکس کو ایک خاص فرکشن پر چلنے کےلیے ڈیزائن کرتے ہیں۔ بنیادی طور پر ATF یہ یقینی بناتا ہے کہ کلچ پیک کم سے کم سلپ ہو ( مثالی طور پر 0 فرکشن)۔ فرض کرتے ہیں کہ آپ کی گاڑی کا وہی مخصوص ATF ہے اور آپ غیر متعین کردہ آئل استعمال کرتے ہیں تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ آپ کا کلچ پیک اس طرح سے کام نہیں کرے گا جس طرح سے کام کرنے کے لیے اسے بنایا گیا ہے۔ کلچ ڈسک کے سلپ کرنے کا مطلب ہے کہ وہاں حرارت بڑھے گی (بہت زیادہ حرارت)۔ مطلوبہ آپریٹنگ درجہ حرارت سے بہت زیادہ اضافی گرمی ٹرانسمیشن کی زندگی کے لیے اچھی نہیں ہے۔ لہزا ان وجوہات کی بناء پر ہمیں آٹو میٹک گاڑیوں، یا شدید موسم میں بھاری لفٹنگ کا کام کرنے والی گاڑیوں میں ٹرانسمیشن آئل کولر کی ضرورت پڑتی ہے۔ نامناسب آٹو میٹک ٹرانسمیشن فلوئڈ کی وجہ سے مستقل سلپ گاڑی کے ٹرانسمیشن کی زندگی کو کم کر دیتی ہے۔
آٹو ٹرانسمیشن عموماً بہت مضبوط ہوتے ہیں۔ یہ صرف گرمی ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ اسے نقصان پہنچاتی ہے۔ آٹو گئیر باکس کا ڈیزائن حرارت پیدا کرتا ہے۔ اور آپ کس قسم کا آٹو ٹرانسمیشن فلوئڈ استعمال کر رہے ہیں یہ آپ کی گاڑی کے آٹو میٹک ٹرانسمیشن کی زندگی بڑھانے یا گھٹانے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ آٹو ٹرانسمیشن فلوئڈ میں بہت سے اجزا شامل کیے جاتے ہیں جو آکسیڈیشن اور کروئن کو قابو میں رکھتے ہیں۔ کار ساز ایک خاص آٹو ٹرانسمیشن فلوئڈ کا استعمال تجویز کرتے ہیں کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ خاص آئل تمام موسمی حالات میں بہترین کارکردگی دکھائے گا اور یہ ٹرانسمیشن کے اندرونی حصوں کی حفاظت بھی کرے گا۔
اسی طرح اگر آپ عام آٹو ٹرانسمیشن فلوئڈ کو CVT گئیر باکس والی گاڑی میں استعمال کریں گے تو اس کا نتیجہ ٹرانسمیشن کے فیل ہونے کی صورت میں نکلے گا۔ اگرچہ کئی بار کراس کمپیٹیبلٹی بھی ہوجاتی ہے لیکن ہر کسی کو درست تجویز کردہ آئل کے استعمال کے لیے کار مینئول دیکھنا چاہیے۔