وقت کے ساتھ گاڑی کی باڈی پر چھوٹے موٹے نشان لگتے ہی رہتے ہیں۔ اگر آپ بہت احتیاط سے گاڑی چلاتے ہیں تو شاید اپنی گاڑی کو ان نشانات سے محفوظ رکھ سکیں لیکن کیا کیجیے ان نادان ڈرائیوروں کا جو بے دھڑک دوسروں کی گاڑی میں گھسے چلے آتے ہیں اور اپنے ساتھ آپ کا بھی نقصان کر بیٹھتے ہیں۔ اگر ایسا نہ ہو تو پھر ورکشاپ والوں کے غیر معیاری ساز و سامان اور عدم توجہی کے باعث گاڑی کا رنگ خراب ہونا تو اب عام سی بات ہے۔ اب ان نشانات کو دور کرنے کے دو ہی طریقے ہیں۔
گاڑی پر لگے اسکریچ ہٹانے کا پہلا طریقہ تو یہ ہے کہ آپ اسے گاڑی پر رنگ کرنے والے کے پاس لے جائیں جو گاڑی کی نوعیت دیکھتے ہوئے آپ سے 10 یا 15 ہزار روپے کے عوض یہ نشانات مٹا دے گا۔ اگر آپ یہ طریقہ نہیں اپنانا چاہتے تو پھر دوسرا طریقہ ‘اپنی مدد آپ‘ کا ہے۔ یہ طریقہ آسان ہونے کے ساتھ بہت سستا بھی ہے کیوں کہ اس میں استعمال ہونے والی اشیاء عام مارکیٹ سے انتہائی سستے داموں مل جاتی ہیں۔ اس مضمون میں ہم آپ کو بتائیں گے کہ آپ بذات خود یہ کام کیسے انجام دے سکتے ہیں۔ لیکن آگے بڑھنے سے قبل یہ بھی بتادوں کہ درج ذیل طریقہ کار گو کہ اکثر گاڑیوں کے لیے مفید ہے تاہم چند بار اس کے نتائج بالکل برعکس آتے ہیں۔ یہ بھی واضح کرتا چلوں کہ اس طریقے سے چھوٹے موٹے اسکریچ ہی مٹائے جاسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کمزور بیٹری والی گاڑیوں کو اسٹارٹ کرنے کے طریقے
WD-40
شاید بہت سے قارئین اس جادوئی WD-40 کو پہلے سے جانتے ہوں گے۔ اس اسپرے کو کئی ایک گھریلو کاموں کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ گاڑی سے اسکریچ ہٹانے کے لیے WD-40 استعمال کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ متاثرہ حصے پر اس کا چھڑکاؤ کریں اور 10 سے 15 تک کے لیے چھوڑ دیں۔ بعد میں کسی صاف اور نرم کپڑے سے وہ حصہ رگڑ کر صاف کرلیں۔ اگر اسکریچ زیادہ پرانے یا سخت ہوں گے تو آپ کو چند منٹ اسے رگڑنا بھی پڑسکتا ہے۔ اگر چند منٹ تک رگڑنے کے باوجود نشانات نہ ہٹیں تو اس طریقے پر دوبارہ عمل کریں۔
انٹرنیٹ پر WD-40 کے حوالے سے جہاں اکثریت کافی مثبت رائے رکھتی ہیں وہیں چند لوگ ایسے بھی ہیں جو اسے محض دھوکہ خیال کرتے ہیں۔ لیکن کسی اور کی باتوں میں جانے سے بہتر ہے کیوں ناں ہم خود اس طریقہ پر عمل کر کے دیکھ لیں!
ٹوتھ پیسٹ
اس بات میں تو کوئی دو رائے نہیں کہ ٹوتھ پیسٹ ہر گھر میں عام پایا جاتا ہے۔آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ ایک عام سا فلورائیڈ ٹوتھ پیسٹ صرف دانت ہی صاف نہیں کرسکتا بلکہ گاڑی پر لگےاسکریچ بھی مٹا سکتا ہے۔ البتہ ٹوتھ پیسٹ کا استعمال سفید رنگ کی گاڑیوں میں زیادہ مفید رہتا ہے۔ یاد رہے کہ ہم فلورائیڈ ٹوتھ پیسٹ کی بات کر رہے ہیں جو مارکیٹ میں دستیاب جھلملاتے جیل والے ٹوتھ پیسٹ سے مختلف ہیں۔
ٹوتھ پیسٹ کے ذریعےاسکریچ مٹانے کا طریقہ بھی بہت آسان ہے۔ سب سے پہلے متاثرہ حصے پر ٹوتھ پیسٹ کی تہ لگادیں اور اسے چند منٹ (5 تا 10 منٹ) کے لیے ویسا ہی چھوڑ دیں۔ پھر باورچی خانے میں برتن مانجھنے والے سخت کپڑے کے ٹکڑے سے گھس کر ٹوتھ پیسٹ اور اسکریچ دونوں کو مٹائیں۔ بہتر ہوگا کہ پہلے اس طریقے کو گاڑی کے چھوٹے اور ڈھکے ہوئے حصوں جیسا کہ سائیڈ مررز وغیرہ پر آزمائیں اور مثبت نتائج ملنے پر گاڑی کے دیگر متاثرہ حصوں پر بھی استعمال کریں۔