برفانی علاقوں میں ڈرائیونگ، انتہائی مشکل اور خطرناک!
سردیوں کے حساب سے ہم لوگ نومبر اور دسمبر کے مہینوں سے کافی مانوس ہوچکے ہیں۔ لیکن پچھلے چند سالوں میں ہونے والی اچانک موسمی تبدیلیوں کے بعد اب جنوری کا مہینہ بھی کافی سرد ہو چکا ہے۔ پاکستان کے کئی علاقوں میں اب بھی یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں۔ دنیا کے دیگر علاقوں کی صورتحال بھی کچھ ایسی ہی ہے جن میں شمالی امریکا قابل ذکر ہے۔
امریکا کے شمالی علاقے اس وقت شدید برف باری کی لپیٹ میں ہیں۔ دارالحکومت واشنگٹن بھی ان علاقوں میں شامل ہے کہ جہاں طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ نیو یارک کے میئر نے شہر میں ایمرجنسی نافظ کردی ہے اور آندھی ختم ہونے تک تمام رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ برفانی طوفان کا ایک تباہ کن سلسلہ امریکا میں داخل ہونے والا ہے جس سے 85 ملین ڈالر سے زائد مالیت نقصان کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ اس خطرناک موسم کے زیر اثر آنے والی قیمتی اشیاء میں عام و خاص سب ہی طرح کی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
اپنی گاڑی کا بیمہ کروانے کے لیے یہاں کلک کریں
عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ برف باری ختم ہوجانے کے بعد بھی اس کی تباہ کاریاں کئی روز تک جاری رہتی ہیں۔ موٹر سائیکل اور گاڑیاں چلانے والوں کو بھی متاثرہ علاقوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کچھ ایسے ہی حالات سال 2010 میں بھی پیش آئے تھے اور اس دوران گاڑیوں کے حوالے سے ایک ویڈیو کافی مشہور ہوئی تھی جسے آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں:
سردیوں کے موسم میں ہمارے یہاں بہت سے لوگ مری اور نتھیاگلی میں برف باری کے مزے لینے جاتے ہیں۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ برفانی موسم میں گاڑی چلانے اور پیدل سفر کرنے کی تیاری کر کے نہیں آتے جس کی وجہ سے انہیں وہاں پہنچتے ہی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور تفریح کے بہترین مواقع ضائع ہوجاتے ہیں۔ گاڑیوں کے پھسلنے کی وجہ سے کئی ایک خطرناک حادثات بھی رونما ہوتے ہیں۔ اگر آپ ان علاقوں میں تفریح کی غرض سے آنا چاہتے ہیں تو مکمل تیاری کے ساتھ آئیں۔ ورنہ آپ کو بھی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جیسا کہ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے: