پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) اور بینک آف پنجاب کے درمیان 7 نومبر 2018ء کو ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں جو بینک آف پنجاب کے اے ٹی ایمز کے ذریعے ای-چالان کی ادائیگی تک آسان رسائی فراہم کرے گا۔
پنجاب کے شہری اب بینک آف پنجاب کے کسی بھی اے ٹی ایم کے ذریعے اپنے ای-چالان کی ادائیگی کر سکیں گے۔ ای-چالان سسٹم پہلے ہی نافذ العمل ہے جس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں ٹکٹ جاری کیے جا رہے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو پہلے بینک آف پنجاب کی شاخوں کے ذریعے اپنے ای-چالان کی ادائیگی کرنا پڑتی تھی۔ لیکن جدید ٹیکنالوجی کی سہولت دینے سے وابستگی اور باری کے انتظار میں طویل قطاروں کو دیکھتے ہوئے PSCA نے بینک آف پنجاب سے معاہدہ کیا ہے کہ وہ اے ٹی ایم کے ذریعے ای-چالان کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق چیف آپریٹنگ آفیسر (COO) PSCA اور بینک آف پنجاب کے ریٹیل بینکنگ کے گروپ ہیڈ احمد شہاب درانی کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب PSCA صدر دفاتر قربان لائنز، لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں نثار احمد چیمہ بھی شریک تھے جو PSCA کے چیف فائنانشل آفیسر (CFO) ہیں جن کے ساتھ بینک کا سینئر عملہ اور ٹیکنیکل اسٹاف بھی موجود تھا۔
یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ ای-چالان کی آن لائن ادائیگی کے لیے ایک اینڈرائیڈ موبائل ایپلی کیشن بھی زیر تکمیل ہے، جو عوام کے لیے کہیں زیادہ آسان طریقہ وگا۔ تقریب کے موقع پر بتایا گیا کہ جلد ہی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے ایپلی کیشن جاری کی جائے گی تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت مل سکے۔ ایک مرتبہ ایپلی کیشن جاری ہونے کے بعد، جو پلے اسٹور پر دستیاب ہوگی صارفین اسے باآسانی اپنے اسمارٹ فونز پر ڈاؤنلوڈ کر سکیں گے۔ ایپلی کیشن عوام کو کسی بھی وقت اپنے شناختی کارڈ اور رجسٹریشن نمبرز پر کسی بھی ای-چالان کا اسٹیٹس باآسانی معلوم کرنے کی سہولت دے گی۔ عوام اپنے موجودہ اسٹیٹس کو جاننے اور بی او پی موبائل بینکنگ کے ذریعے ادائیگی سے محض ایک کلک دور ہوں گے۔
اس وقت شہری PSCA کے آن لائن پورٹل پر اپنے شناختی کارڈ پر موجود ای-چالانز کا اسٹیٹس معلوم کر سکتے ہیں۔ ای-چالان کے جرمانے اس وقت تمام بی او پی شاخوں کے ذریعے جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ PSCA کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہنا چاہیے کیونکہ یہ خلاف ورزی کرنے والوں کو اپنے اسمارٹ فونز پر محض سنگل کلک کے ذریعے چالان ادا کرنے کی سہولت دے رہے ہیں۔ اتھارٹی کو ایک مکمل صارف دوست ایپلی کیشن بنانی چاہیے جو تمام شہریوں کے لیے ای-چالان جرمانوں کی ادائیگی کو آسان بنائے۔
ای-چالان سسٹم اور اس کی ادائیگی کے طریقوں کے بارے میں مزید خبروں کے لیے PakWheels.com پر آتے رہیے۔ اپنے خیالات نیچے تبصروں میں ضرور پیش کیجیے۔