گاڑیوں کے مالکان کے لیے خوشخبری: نئی نمبر پلیٹس کا اجراء شروع

0 177

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن (E&TD) نے کراچی میں گاڑیوں کے لیے نئی نمبر پلیٹس جاری کرنا شروع کردی ہیں۔ یکم جنوری 2016 سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ گزشتہ دو سال سے تعطل کا شکار تھا۔

گزشتہ سال نئی نمبر پلیٹس تیار کرنے کے لیے نجی اداروں سے ٹینڈرز طلب کیے تھے۔ حتمی معاہدے کے بعد ٹینڈر میں ایک ادارے نے معاملے میں بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ جس پر عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے محکمے کو اس معاملے میں مزید پیش رفت سے روک دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں #FixIt مہم شروع کرنے والے عالمگیر خان کے خلاف مقدمہ

نئی نمبر پلیٹس کے اجراء سے متعلق بات کرتے ہوئے محکمے کے ڈائریکٹر شہاب الدین کھتری نے بتایا کہ نئی نمبر پلیٹس کی فراہمی میں یکم جنوری سے موصول ہونے والی درخواستوں کو ترجیح دی جائے گی ۔ مذکورہ تاریخ سے قبل جمع کروائی گئی درخواستوں پر نمبر پلیٹس جاری کرنے کا سلسلہ مزید ایک سے ڈیڑھ ماہ تاخیر کا شکار رہے گا۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے عہدیدار اسماعیل چانڈیو نے بتایا کہ انہوں نے رواں سال خریدی گئی گاڑیوں کو نئی نمبر پلیٹس فراہم کرنا شروع کردی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت نجی گاڑیوں کے لیے BEU سیریز کی نمبر پلیٹس جاری کی جارہی ہیں، روزانہ صرف ایک ہی سیریز تیار کر کے نئی گاڑی کے مالکان کو فراہم کی جاتی ہے اور ساتھ ہی پرانی سیریز میں نمبر پلیٹس بھی تیار کی جارہی ہیں جو گزشتہ سال خریدی گئی گاڑیوں کے مالکان کو دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس کی خصوصی مہم: احسن قدم بدانتظامی کی نذر

شہاب الدین کھتری نے یقین دلایا کہ جب تک تمام گاڑیوں کو نمبر پلیٹس جاری نہیں کی جاتیں، ٹریفک اہلکار نمبر پلیٹ نہ ہونے پر کسی گاڑی کا چالان نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمے نے نمبر پلیٹس کی چار نئی سیریز جبکہ دو پرانی سیریز پہلے ہی تیار کروالی ہیں جن کی مجموعی تعداد 7 ہزار سے زائد ہے۔ اس حوالے سے نئی گاڑیوں کے مالکان کو متوجہ کرنے کے لیے اخبارات میں اشتہارات بھی دیئے جائیں گے۔

پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرپرسن حاجی محمد شہزاد نے بتایا کہ تقریباً دس لاکھ سے زائد گاڑیاں نئی نمبر پلیٹس کی منتظر ہیں۔ انہوں نے گاڑیوں کے مالکان کی سہولت کے لیے مشورہ دیا ہے کہ اگر انہوں نے موٹر ڈیلرز کے ذریعے گاڑی خریدی ہے تو نئی نمبر پلیٹس بھی اسی ڈیلر سے حاصل کرسکتے ہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.