8 نومبر 2018ء کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی انٹیلی جینس اینڈ انوسٹی گیشن-اِن لینڈ ریونیو سروس (IRS) نے ٹیکس سے فرار پر کراچی میں ایکسائیڈ بیٹریز کے دفتر اور کارخانے پر چھاپہ مارا، ایک مقامی میڈیا ادارے نے بتایا۔
خبر کے مطابق چیئرمین FBR محمد جہانزیب خان کے حکم پر کراچی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر-IRS محمد عارف کی سربراہی میں ایک ٹیم نے کمپنی پر چھاپہ مار کر اس کا تمام ٹیکس ریکارڈ ضبط کرلیا اور اسے ایک بڑا ٹیکس فراڈ معاملہ قرار دیا۔
آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر IRS انٹیلی جینس کراچی عبد الرحمٰن بلو کر رہے تھے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ کمپنی مقامی وینڈرز اور گل میٹل کے ساتھ سیلز ٹیکس انوائس فراڈ میں بھی ملوث تھی جس کا نتیجہ قومی خزانے کو 50 کروڑ کے نقصان کی صورت میں نکلا۔
خبر سامنے آنے کے بعد PakWheels.com نے ایکسائیڈ بیٹریز کے حکام سے رابطے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ البتہ اس خبر کے بارے میں مزید پیشرفت کے لیے یہاں آتے رہیے۔
واضح رہے کہ ٹیکس ڈیفالٹرز پر کریک ڈاؤن کا آغاز پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے حکم پر کیا گیا ہے اور ایکسائیڈ بیٹریز ٹیکس فراڈ میں پکڑی گئی پہلی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔