ہونڈا سِوک 2016 کی فروخت بند؛ 34 ہزار گاڑیوں کے انجن میں مسئلے کا انکشاف
گاڑیوں میں دلچسپی رکھنے والے اشخاص بالخصوص ہونڈا کے مداح تو نئی سِوک 2016 کے دیوانے ہی ہوچکے ہیں۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اس کی آمد کا بہت بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے۔ تاہم بری خبر یہ ہے کہ شمالی امریکا میں فروخت کے لیے پیش کی جانے والی نئی ہونڈا سِوک 2016 کے انجن میں چند خامیاں آئیں ہیں۔ اس وجہ سے ہونڈا امریکا نے اپنے تمام ڈیلرشپ کو 2 ہزار سی سی انجن کی حامل سِوک فروخت کرنے کے سے روک دیا ہے۔ خبروں کے مطابق مذکورہ انجن کے پسٹن میں خرابی کی وجہ سے اس کی کارکردگی متاثر ہونے یا بالکل ناکارہ ہوجانے کا خدشہ ہے۔
ایک اندازے کے مطابق 34 ہزار گاڑیوں کے انجن مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں۔ اس لیے صارفین کو فروخت کی جانے والی تمام گاڑیاں طلب کرلی گئیں ہیں تاکہ ان میں تکنیکی خرابیاں دور کی جاسکیں۔ اور جو گاڑیاں اب تک شوروم پر موجود ہیں انہیں ہونڈا کے آئندہ اعلامیے تک فروخت نہیں کیا جاسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سِوک 2016ء یورپ میں آئندہ سال 2017ء میں پیش ہوگی
شمالی امریکا میں ہونڈا سِوک کو 1500 سی سی ٹربوچارجڈ انجن اور 2 ہزار سی سی نیچرلی ایسپریٹڈ انجن کے ساتھ فروخت کیا جارہا تھا۔ اس حوالے سے ابھی کوئی بات واضح نہیں کہ سِوک 2016 کی پاکستان آمد کے بعد اس میں کونسا انجن استعمال کیا جائے گا۔ آیا شمالی امریکا و دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح یہاں بھی وہی انجن استعمال کیے جائیں گے یا پھر موجودہ ماڈل کے R18 انجن کو ترجیح دی جائے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خرابی ٹربو چارجڈ انجن کے برعکس نیچرلی ایسپریٹڈ انجن میں پائی گئی ہے۔ حالانکہ نئے ٹربو چارجڈ انجن کی آمد سے قبل خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ اس میں کئی ایک خامیاں سامنے آسکتی ہیں۔
پاکستان میں نئی ہونڈا سِوک 2016 کی آمد رواں سال ستمبر میں متوقع ہے۔ اگر ہونڈا ایٹلس اس بار خلاف روایت جاتے ہوئے ٹربو چاجڈ انجن متعارف کرواتی ہے تو اسے عام مکینک حضرات کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ سِوک میں استعمال ہونے والا R18نیچرلی ایسپریٹڈ انجن نے اپنی طاقت کو بہت حد تک منوالیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے ہونڈا کے صارفین میں کافی مقبولیت بھی حاصل ہوئی۔ اس لیے 2 ہزار سی سی انجن کی پاکستان میں پیش کش کا امکان کم ہی نظر آرہا ہے۔