ہونڈا سوک کی قیمت میں دستیاب ہائبرڈ گاڑیاں
گزشتہ دو دہائیوں سے ہونڈا سِوک نے پاکستان میں اچھی ساکھ بنا رکھی ہے۔ اس کی ایک مثال ہونڈا سِوک کی دسویں جنریشن کو موصول ہونے والے زبردست رد عمل سے حاصل کی جاسکتی ہے جسے اسپورٹی اور جذباتی انداز کے علاوہ جدید سہولیات کے باعث بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔ لیکن کچھ خریدار ایسے بھی ہیں جو ہائبرڈ ٹیکنالوجی کو بہت زیادہ اہمیت دے رہے ہیں اور ان کے نزدیک ہائبرڈ گاڑیوں کی خریداری ہی میں سمجھداری ہے۔ تو آئیے، آج ایسی ہی چند ہائبرڈ گاڑیوں کے بارے میں بات کرتے ہیں جنہیں نئی ہونڈا سِوک کی قیمت میں خریدا جاسکتا ہے۔
ٹویوٹا پرایئس 1.8 (قیمت: 23 سے 27 لاکھ روپے)
دنیا کی مشہور ترین ہائبرڈ گاڑی، ٹویوٹا پرایئس 1.8 کے مختلف ماڈل (2013-2014) نئی ہونڈا سِوک i-VTEC اور ہونڈا سوک i-VTEC اوریئل کی قیمت میں دستیاب ہیں۔ بالخصوص پرایئس کے تین ماڈلز، پرایئس ایل، ایس اور ایس LED کی قیمت ہونڈا سوک i-VTEC کے برابر ہے۔ تاہم پرایئس کے مہنگے ماڈل جیسا کہ پرایئس جی ٹؤرنگ، جی ایس اور سولر ہونڈا سوک i-VTEC اوریئل کی قیمت میں خریدنے جاسکتے ہیں۔
ہونڈا وزل (قیمت: 23 سے 27 لاکھ روپے)
ہونڈا کی جدید اور معروف ہائبرڈ ہونڈا وزل کو نئی ہونڈا سوک 1.5 ٹربو کی قیمت میں خریدا جاسکتا ہے۔ سوک کی طرح وزل بھی 1500cc انجن کے ساتھ پیش کی جاتی ہے لیکن اس میں ہائبرڈ انجن اور 6 ایس آر ایس ایئر بیگز بھی شامل ہیں۔ اس کا شمار ان گاڑیوں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے پاکستانیوں کے دل میں بہت کم وقت میں جگہ بنالی۔ یہ ملک میں مشہور ترین جاپانی گاڑیوں کی فہرست میں طویل عرصے سے شامل ہے۔
لیکسز CT200h (قیمت: 25 سے 27 لاکھ روپے)
پاکستان میں قدرے غیر مقبول لیکسز CT200h میں ہائبرڈ ٹیکنالوجی کا حامل 1800cc انجن شامل ہے۔ دنیا بھر میں لیکسز کا نام قابل اعتباد برانڈز کے طور پر جانا جاتا ہے۔ لیکسز CT200h کا موازنہ ہونڈا سِوک سے کیا جائے تو یہ کئی اعتبار سے بہت زیادہ بہتر معلوم ہوتی ہے۔ تاہم مقامی مارکیٹ میں اس کے پرزوں کی عدم دستیاب ان لوگوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہے جو ہونڈا سِوک کے بجائے لیکسز CT200h کو پسند کرتے ہیں۔
ہونڈا گریس (قیمت: 23 سے 25 لاکھ روپے)
یہ 1500cc ہائبرڈ سیڈان ہے جسے ہونڈا سِوک 1.8 اور سوک 1.8 اوریئل کی قیمت میں خریدا جاسکتا ہے۔ ہونڈا گریس کا مجموعی انداز ہو بہو مغربی ممالک میں دستیاب ہونڈا سِٹی جیسا ہے۔ یورپی ممالک میں تو اسے ہونڈا سِٹی کا ہائبرڈ ماڈل بھی کہا جاتا ہے۔ ہونڈا گریس کی بعد از استعمال فروخت زیادہ قدر و قیمت نہیں البتہ سِٹی کا نیا ماڈل پیش کیے جانے کے بعد اس کی مانگ میں اضافے کی امید رکھی جاسکتی ہے۔
ٹویوٹا ایگزیو ہائبرڈ (قیمت: 23 سے 25 لاکھ روپے)
اس گاڑی کا روایتی ماڈل تو پاکستان میں خوب خوب مشہور ہوا اور اب ایگزیو کے نئے ہائبرڈ ماڈل کی پیشکش کے بعد اس کی مقبولیت میں مزید اضافے کی امید کی جارہی ہے۔ گو کہ ماضی میں ایگزیو ہائبرڈ کے پرانے ماڈل اتنی زیادہ پزیرائی حاصل نہیں کرپائے، تاہم پھر بھی اسے 25 لاکھ روپے کے بجٹ میں ایک مناسب ہائبرڈ گاڑی شمار کیا جاتا ہے۔
کرولا فیلڈر ہائبرڈ (قیمت: 22 سے 23 لاکھ روپے)
ٹویوٹا کرولا فیلڈ ہائبرڈ کا سب سے بہترین ماڈل، جسے G کا عنوان دیا گیا ہے، کا ماڈل 2015-2016 نئی ہونڈا سوک 1.8 کی قیمت میں بآسانی خریدا جاسکتا ہے۔ کرولا فیلڈر ہائبرڈ میں 1500cc انجن شامل ہے اور اس کی نمایاں خصوصیات میں کلائمٹ کنٹرول ایئرکنڈیشننگ، ٹریکشن کنٹرول اور ہیٹڈ سیٹ وغیرہ شامل ہیں۔
آپ کے خیال میں نئی ہونڈا سِوک کے بجائے ہائبرڈ گاڑیاں زیادہ موزوں ہیں؟ اپنی رائے سے بذریعہ تبصرہ ضروری آگاہ کیجیے۔