نئی سوزوکی آلٹو: تفصیلات، خصوصیات اور ممکنہ قیمت!

0 618

انتظار کی گھڑیاں بالآخر ختم ہو گئی ہیں کیونکہ پاک سوزوکی نے پاکستان آٹو پارٹس شو (PAPS) میں نئی 660cc آٹھویں جنریشن کی آلٹو پیش کردی ہے۔ پاک سوزوکی پہلے ہی اسے سال کی سب سے بڑی پیشکش قرار دے چکا ہے۔ بلاشبہ پاکستان میں بننے والی پہلی 660cc کار سے بڑی امیدیں ہیں۔ کمپنی کی مشہورِ زمانہ مہران کی متبادل آلٹو کو مقامی انڈسٹری میں بڑے خلاء کو پُر کرنا ہے۔ 30 سالوں سے صارفین اس شعبے میں صرف ایک گاڑی پر انحصار کر رہے تھے البتہ اب وقت تبدیل ہو چکا ہے کیونکہ ممکنہ خریداروں کے انتخاب کے لیے اب ہر شعبے میں کئی گاڑیاں موجود ہیں: وجہ لوکل سیکٹر میں نئے اداروں کی آمد ہے۔ اب مقابلہ سخت ہونا شروع ہو چکا ہے جو دوڑ میں آگے رہنے کے لیے آٹو مینوفیکچررز کی جانب سے اچھے معیار کی مصنوعات لا رہا ہے۔ واضح رہے کہ آٹومیکر نے کراچی میں ایونٹ کے دوران ہیچ بیک کی مکمل تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

پاکستان آٹو پارٹس شو 2019ء پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹِو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز (PAAPAM) کی جانب سے ایکسپو سینٹر، کراچی میں منعقد کیا گیا۔ پاک سوزوکی نے ایونٹ میں اپنی نئی 8ویں جنریشن کی آلٹو کی رونمائی کی۔ جس نے فوری طور پر کئی لوگوں کی توجہ حاصل کرلی کیونکہ پاکستان میں کم بجٹ کے شعبے میں سالوں سے گاڑیوں کی طلب بہت زیادہ ہے اور اس کیٹیگری میں متعارف کی جانے والی گاڑیوں میں اکثریت دلچسپی لیتی ہے۔ پاک سوزوکی نے PAPS میں سال کی سب سے بڑی پیشکش دیکھنے کے لیے سب کو مدعو کیا۔ ملک میں طلب کو ذہن میں رکھتے ہوئے پاک سوزوکی نئی آلٹو کے تین ویریئنٹس پیش کرے گا جن میں شامل ہیں:

سوزوکی آلٹو VX (بغیر AC کے)

سوزوکی آلٹو VXR (AC کے ساتھ)

سوزوکی آلٹو VXL AGS (AC اور آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ)

پہلے دونوں ویریئنٹس مینوئل ٹرانسمیشن کے ساتھ ہیں جبکہ VXL AGS ہیچ بیک کا آٹومیٹک ورژن ہے۔ کمپنی نے ابتدائی طور پر صرف کارپوریٹ کلائنٹس کے لیے بکنگ کھولی۔ پاک سوزوکی کے ایک ڈیلر کے مطابق کمپنی 5 لاکھ روپے میں نئی ہیچ بیک کے لیے بکنگز حاصل کر رہی ہے۔ البتہ ڈلیوری لانچ کے بعد شروع ہوگی۔

واضح رہے کہ سوزوکی آلٹو اس وقت اپنی 8 ویں جنریشن ماڈل میں ہے جو 2014ء میں جاپان میں پیش کیا گیا تھا۔ یہی ماڈل پاکستان میں پیش کیا جا رہا ہے لیکن بہت زیادہ امکان ہے کہ اس سال آلٹو کا 9ویں جنریشن کا ماڈل لانچ کردیا جائے۔ یوں پاکستان میں ایسی گاڑیوں کو متعارف کروانے کی روایت برقرار رہے گی کہ جو دنیا بھر میں اپنی عمر گزار چکی ہوتی ہیں۔ مزید یہ کہ عوام اس ہیچ بیک سے اچھی طرح واقف ہیں کیونکہ یہ پہلے ہی جاپان سے درآمد کی جا رہی ہے۔ ممکن ہے کہ مقامی طور پر اسمبل شدہ آلٹو درآمد شدہ جاپانی ورژن میں دستیاب تمام فیچرز سے لیس نہیں ہو۔ کسی بھی تاخیر کے بغیر آئیے آلٹو کی تفصیلات، خصوصیات اور قیمت پر نگاہ ڈالتے ہیں۔

پاور ٹرین:

سوزوکی آلٹو 660cc کا انجن رکھتی ہے جو پاکستان کی مقامی آٹوموبائل انڈسٹری میں اپنی نوعیت کا پہلا انجن ہے۔ ہیچ بیک مینوئل اور آٹومیٹک دونوں ٹرانسمیشنز میں متعارف کروائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ JDM آلٹو صرف آٹومیٹک ٹرانسمیشن میں آتی ہے۔ بہترین ویریئنٹ میں ایک آٹوشفٹ گیئر بکس ہوگا۔

ایکسٹیریئر:

ہم جاپان سے درآمد شدہ آلٹو کی 8ویں جنریشن کی شکل و صورت سے واقف ہیں۔ ہیچ بیک سوزوکی FX سے متاثرہ ایکسٹیریئر رکھتی ہے جو 30 سال پہلے کمپنی نے پیش کی تھی۔ سامنے اس میں ویسی ہی کرسٹل ہیڈلائٹس ہیں۔ ریڈی ایٹر گرِل اور فرنٹ بمپر ایک یونٹ کی صورت میں ہے جو گاڑی کے رنگ میں ہی ہے۔ سائیڈ مررز اعلیٰ ویریئنٹس میں گاڑی کی رنگت کے ہی ہیں۔ پیچھے کی جانب AGS ویریئنٹ میں کروم گارنش ہے۔ ٹیل لائٹس ہیچ بیک میں غیر معمولی جگہ لگائی گئی ہیں یعنی نیچے کی طرف۔ کمپنی نے ہیچ بیک کی گراؤنڈ کلیئرنس میں بھی اضافہ کیا ہے جو ملک کی سڑکوں کے حساب سے کیا گیا ہے۔ میری رائے میں 8 ویں جنریشن کی آلٹو گزشتہ ورژنز کے مقابلے میں کسی بھی طرف سے پرکشش نہیں لگتی۔

انٹیریئر:

گو کہ پاک سوزوکی جاپانی ٹیکنالوجی کو مقامی طور پر اسمبل شدہ آلٹو میں لا رہا ہے؛ پھر بھی آٹو مینوفیکچرر کی جانب سے کم خصوصیات فراہم کی گئی ہیں۔ پھر بھی ہیچ بیک مہران سے زیادہ کشادہ ہے۔ ڈیش بورڈ JDM ورژن جیسا ہونا ہی ممکن ہے۔ مزید یہ کہ اعلیٰ ترین VXL AGS ویریئنٹ سیفٹی معیارات کو یقینی بنانے کے لیے ABS بریکنگ سے لیس ہوگا۔ ہیچ بیک کے اعلیٰ ماڈلز میں میں پاور اسٹیئرنگ اور پاور ونڈوز ہوں گی۔ جیسا کہ اوپر بتایا گیا کہ بنیادی ویریئنٹ VX ایئر کنڈیشننگ سسٹم سے لیس نہیں ہوگا جبکہ باقی تمام ویریئنٹس ایئر کنڈیشنڈ ہیں۔ حال ہی میں متعارف کردہ کار ممکنہ طور پر ایک اموبیلائزر سے لیس ہوگی تاکہ سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

کنیکٹیوِٹی:

نئی آلٹو کا صارفین کے لیے تفریح کے مکمل پیکیج کی خاطر بلوٹوتھ، AUX اور USB کنیکٹیوِٹی رکھنے والے آڈیو سسٹم کے ساتھ آنا متوقع ہے۔ البتہ اس ہیچ بیک میں کوئی غیر معمولی فیچرز نہیں ہوں گے۔

قیمت:

پاک سوزوکی نے اب تک نئی آلٹو کی قیمت کا اعلان نہیں کیا۔ حیران کن طور پر آٹو میکر بغیر کسی حتمی قیمت کے پاک سوزوکی کے تمام مجاز ڈیلرز پر آرڈرز لینا شروع کر چکا ہے۔ البتہ کمپنی نے 660cc آلٹو کی بکنگ کے فوائد واضح کیے ہیں کہ پہلے 3000 صارفین 14 جون 2019ء تک ہیچ بیک کی تعارفی قیمت کا لطف اٹھائیں گے۔ لیکن آلٹو کے بنیادی ویریئنٹ کی قیمت تقریباً 9.5 لاکھ روپے ہونے کی باتیں گردش کر رہی ہیں اور بہترین ویریئنٹ VXL AGS کہیں زیادہ 11.5 لاکھ روپے کا ہوگا۔

آخری بات:

سوزوکی آلٹو پاکستان کی آٹوموبائل انڈسٹری میں ایک اچھا اضافہ ہے۔ وہیں اس ماڈل سے توقعات بھی بہت زیادہ ہیں کیونکہ یہ مشہور مہران کی جگہ لے رہا ہے جو کم بجٹ کی کاروں میں سب سے آگے رہی ہے۔ ایک چیز تو یقینی ہے کہ آلٹو مہران سے کہیں بہتر آپشن ہوگی کیونکہ اُس میں گاڑی چلانے کی صرف بنیادی خصوصیات ہی ہوتی تھیں۔ نئی ہیچ بیک کشادہ کیبن کے اندر بہتر آرام فراہم کرے گی۔ یہ مقامی انڈسٹری میں کامیاب ہوگی یا نہیں، اس کا انحصار قیمت پر ہوگا۔ کم بجٹ کے شعبے میں عوام گاڑی کی قیمت اور اس کی دیکھ بھال پر آنے والی لاگت کے حوالے سے زیادہ فکرمند ہوتے ہیں۔ اس لیے پاک سوزوکی کو یونائیٹڈ براوو اور آنے والی پرنس پرل کی موجودگی میں ہوشیاری سےکھیلنے کی ضرورت ہے۔بہرحال کمپنی کو اپنے برانڈ نام کی وجہ سے دوسروں پر برتری ضرور حاصل ہے۔ سوزوکی یونائیٹڈ یا پرنس جیسے نئےاداروں کے مقابلے میں پاکستان میں بہت بڑی فین بیس رکھتا ہے ۔

پاکستان کی آٹوموبائل انڈسٹری کے بارے میں نئی خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیے۔ اپنے خیالات نیچے تبصروں میں پیش کیجیے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.