10 لاکھ روپے میں دستیاب 7 بہترین جاپانی گاڑیاں
پاک ویلز پر بے شمار استعمال شدہ گاڑیاں برائے فروخت ہیں۔ ان میں مقامی تیار شدہ گاڑیوں کے علاوہ جاپان سے درآمد کی جانے والی جدید گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ آج ہم انہی جاپانی گاڑیوں میں سے ایسی گاڑیوں کا تعارف کروا رہے ہیں جو 10 لاکھ روپے کے بجٹ میں خریدی جاسکتی ہیں۔ یوں تو اس بجٹ میں نئی گاڑی بھی لی جاسکتی ہے لیکن وہ پاکستان ہی میں تیارشدہ اور پرانی ٹیکنالوجی، سہولیات اور خصوصیات کی حامل ہوگی۔ اس کے برعکس جاپانی گاڑیاں نہ صرف معیار بلکہ بہترین سہولیات اور جدید خصوصیات کی حامل ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ ان گاڑیوں میں ایندھن بچانے کی صلاحیت اور مسافروں کی حفاظت کے لیے بھی کئی ایک چیزیں موجود ہوتی ہیں۔ بہرحال، یہ تو خریدار پر منحصر ہے کہ وہ کس چیز کو زیادہ اہمیت دیتا ہے لیکن بڑی تعداد میں جاپانی گاڑیوں کی درآمد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب لوگ مقامی تیار شدہ گاڑیوں سے زیادہ مطمئن نہیں ہیں۔
سوزوکی ایوری (2011-2012)
یہ سوزوکی بولان /ہائی روف طرز کی گاڑی ہے جو ایک بڑی فیملی کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ سوزوکی ایوری میں 7 افراد باآسانی بیٹھ سکتے ہیں۔ اس کی اگلی اور پچھلی نشستیں بہت آرامدے ہیں اور ان کے ساتھ مناسب لیگ روم دستیاب ہے۔ اس گاڑی کی چنیدہ خصوصیات میں AM/FM ریڈیو، ایئر بیگز، ایئر کنڈیشننگ، ریموٹ کنٹرول، پاور لاکس، پاور سائیڈ مررز، پاور اسٹیئرنگ اور پاور ونڈوز شامل ہیں۔ سوزوکی ایوری 660cc انجن کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سوزوکی ایوری ایک لیٹر میں 15سے18 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔ پاک ویلز پر استعمال شدہ گاڑیوں کے زمرے میں سوزوکی ایوری 2011-2012 کا ماڈل تقریباً 9,00,000 سے 10,00,000 روپے میں دستیاب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 10 اہم سہولیات جو سوزوکی بولان اور راوی میں دستیاب نہیں!
سوزوکی آلٹو (2012-2013)
سوزوکی آلٹو کو پاکستان میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جاپانی گاڑی کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ اس جاپانی ہیچ بیک کی چنیدہ خصوصیات میں AM/FM ریڈیو، ایئر بیگز، ایئر کنڈیشننگ، CD پلیئر، ریموٹ کنٹرول، پاور لاکس، پاور اسٹیئرنگ، پاور ونڈوز شامل ہیں۔ سوزوکی آلٹو میں 660ccانجن اور آٹو میٹک گیئر باکس شامل ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سوزوکی آلٹو ایک لیٹر میں 16 سے 18 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس گاڑی کو ایک لیٹر میں 20 کلومیٹر تک بھی چلایا ہے۔ پاکستان میں درآمد شدہ جاپانی سوزوکی آلٹو کی قیمت لگ بھگ 9 لاکھ روپے ہے البتہ گاڑی کی مجموعی حالت اور آکشن شیٹ کی وجہ سے قیمت میں 20، 30 ہزار روپے کا فرق ہوسکتا ہے۔
سوزوکی ویگن آر (2012-2013)
پاک سوزوکی ویگن آر کے مقابلے میں جاپانی ویگن آر میں کئی جدید خصوصیات شامل ہیں۔ ان میں ABS، AM/FM ریڈیو، ایئر بیگز، ایئر کنڈیشننگ، DVD پلیئر، امموبلائزر، ریموٹ کنٹرول، نیوی گیشن سسٹم، پاور لاکس، پاور ونڈوز، پاور اسٹیئرنگ اور پاور ونڈوزقابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ چند ایک ماڈلز میں بٹن سے گاڑی اسٹارٹ کرنے کی بھی سہولت شامل ہے۔ جاپانی ویگن آر 660cc انجن اور آٹومیٹک گیئر باکس کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق درآمد شدہ ویگن آر ایک لیٹر میں 16 سے 18 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔ اسے 10 لاکھ روپے کے بجٹ میں دستیاب بہترین گاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ڈائی ہاٹسو میرا ES (2012-2013)
یہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ڈائی ہاٹسو کی مقبول ترین گاڑیوں میں سے ایک ہے۔ جاپانی ادارے نے اپنی اس چھوٹی مگر خوبصورت ہیچ بیک کو ABS، AM/FM ریڈیو، ایئر بیگز، ایئر کنڈیشننگ، CD پلیئر، امموبلائرز، ریموٹ کنٹرول، پاور لاکس، پاور ونڈوز اور پاور ونڈوز جیسی خصوصیات سے آراستہ کیا ہے۔ 660cc انجن کے ساتھ پیش کی جانے والی ڈائی ہاٹسو میرا ایک لیٹر میں 18 سے 20 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔ درآمد شدہ میرا ES کو پاکستان میں 9,50,000 سے 10,50,000 روپے میں خریدا جاسکتا ہے۔
ڈائی ہاٹسو موو (2012)
گو کہ ڈائی ہاٹسو کی یہ گاڑی میرا ES جتنی خوبصورت تو نہیں لیکن پھر بھی اسے چھوٹی فیملی کے لیے دستیاب اچھی گاڑیوں شمار کیاجاتا ہے۔ اس کی چنیدہ خصوصیات میں ABS، AM/FM ریڈیو، ایئر بیگز، ایئر کنڈیشننگ، الائے رمز، CD/DVD پلیئر، امموبلائزر، نیوی گیشن، پاور لاکس، پاور اسٹیئرنگ اور پاور ونڈوز شامل ہیں۔ ڈائی ہاٹسو موو میں شامل 660cc انجن گاڑی کو ایک لیٹر میں 15 سے 17 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔ پاکستان میں درآمد شدہ جاپانی ڈائی ہاٹسو موو کی قیمت 8,00,000 سے 9,50,000 لاکھ روپے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈائی ہاٹسو موو – پاکستان میں دستیاب بہترین 660cc میں سے ایک
ہونڈا N-وَن (2013)
اس جاپانی گاڑی کو پاکستان میں متعارف ہوئے زیادہ عرصہ نہیں گزرا لیکن پھر بھی اسے استعمال کرنے والوں کی جانب سے بہت اچھی رائے کا اظہار کیا گیا ہے۔ ہونڈا N-One کے بالکل سادے ماڈل کو G کہا جاتا ہے۔ بہترین سفری تجربہ فراہم کرنے والی اس گاڑی میں ABS، AM/FM ریڈیو، ایئر بیگز، ایئر کنڈیشننگ، الائے رمز، CD/DVD پلیئر، امموبلائزر، ریموٹ کنٹرول، نیوی گیشن، پاور لاکس، پاور سائیڈ مررز، پاور اسٹیئرنگ اور پاور ونڈوز جیسی سہولیت پیش کی جارہی ہیں۔ایک اندازے کے مطابق ہونڈا N-One ایک لیٹر میں 16 سے 20 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔ ہونڈا N-One کا سادہ ماڈل یعنی G تو 10 لاکھ روپے کے بجٹ میں مل جاتا ہے البتہ بہترین ماڈل کی قیمت تقریباً 12,00,000 سے 12,50,000 روپے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا N-WGN بمقابلہ ہونڈا N-One – ایک مختصر موازنہ
مٹسوبشی Ek ویگن / نسان اوٹی (2013)
جاپانی مارکیٹ میں مٹسوبشی Ek ویگن اور نسان اوٹی کو سوزوکی ویگن آر کا حریف سمجھا جاتا ہے۔ اس کی قابل ذکر خصوصیات میں ABS، AM/FM ریڈیو، ایئر بیگز، ایئر کنڈیشننگ، الائے رمز، CD پلیئر، ریموٹ کنٹرول، پاور لاکس، پاور ونڈوز، پاور اسٹیئرنگ اور پاور ونڈوز شامل ہیں۔ 660cc انجن کی حامل مٹسوبشی Ek ویگن / نسان اوٹی ایک لیٹر میں 16 سے 18 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔اسے دس لاکھ روپے کے بجٹ میں دستیاب ویگن نما گاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اس مضمون میں آپ نے دس لاکھ روپے کے بجٹ میں دستیاب جاپانی گاڑیوں سے متعلق پڑھا۔ ممکن ہے آپ کو اور بھی بہت سی گاڑیاں اس بجٹ میں مل جائیں تاہم مذکورہ گاڑیوں کی خاص بات کم قوت والے انجن اور جدید خصوصیات کا حامل ہونا ہے جن کی موجودگی میں آپ کو ٹیکس کم دینا پڑے گا لیکن سفری تجربہ زیادہ بہتر حاصل ہوگا۔