لاہور میں سوزوکی سیاز کا دیدار

0 385

گزشتہ سال مئی 2015ء میں پاک ویلز پر شائع ہونے والے مضمون میں پاک سوزوکی کو پاکستان میں سوزوکی سیاز متعارف کروانے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ گو کہ اس بات کو ایک طویل عرصہ گزر گیا مگر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاک سوزوکی نے ہمارے مشورے کو قابل غور سمجھا اور مستقبل میں اس پر عمل کرنے کے لیے یاد کرلیا۔ اس کا عملی ثبوت دسمبر 2016ء میں حاصل ہوا کہ جب کراچی کی بن قاسم بندرگاہ پر سوزوکی سیاز دیکھی گئیں۔ چونکہ یہ سیڈان بہت محدود تعداد میں بندرگاہ پر موجود تھیں اس لیے یہ اندازہ لگانا مشکل نہ تھا کہ انہیں پاکستان میں آزمائش کے لیے منگوایا گیا ہے اور اگر ان کی جانچ کامیاب رہی تو پاکستان میں سوزوکی سیاز پیش کی جاسکتی ہے۔

پاکستان میں سوزوکی کے نام سے متعارف ہونے والی گاڑیوں اور ادارے کی تاریخ پر نظر دوڑائیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ سیڈان ہی ایک ایسا زمرہ ہے جہاں پاک سوزوکی کو خاطرخواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ باوجودیکہ سوزوکی لیانا کم و بیش 7 سال تک پاکستان ہی میں تیار کر کے فروخت کی جاتی رہی لیکن پھر بھی یہ قابل ذکر مقبولیت نہ حاصل کرسکی اور یوں سوزوکی کی آخری سیڈان ثابت ہوئی۔اس صورتحال کو مدنظر رکھا جائے تو پاکستان میں سوزوکی سیاز پیش کرنے کا فیصلہ بیک وقت حیرت انگیز اور قابل تعریف کہا جاسکتا ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ اس سیڈان سے کار ساز ادارے کی بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور اب دیکھنا ہے کہ آنے والے وقت میں سیاز ان توقعات پر پورا اترتی ہے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی سیاز سیڈان سے متعلق 5 دلچسپ اور اہم نکات

گزشتہ روز 24 جنوری 2017ء کو پاک ویلز کمیونٹی کے ایک معزز رکن نے لاہور میں سوزوکی سیاز کا دیدار کیا۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اب ان کی پیشکش زیادہ دور نہیں ہے۔ پاک سوزوکی نے نئی سیڈان متعارف کروانے کی مکمل تیاری کرلی ہے اور عنقریب اسے پاکستانی خریداروں کی خدمت میں پیش کردیا جائے گا۔ پاک ویلز ذرائع کے مطابق پاکستان میں سوزوکی سیاز کی پیشکش آئندہ ماہ یعنی فروری 2017ء میں متوقع ہے۔

پاکستان میں سوزوکی سیاز کا براہ راست ٹاکرا ہونڈا سِٹی اور ٹویوٹا کرولا GLi سے ہوگا اور یوں پاک سوزوکی ایک مرتبہ پھر ٹویوٹا انڈس موٹرز اور ہونڈا ایٹلس کے مقابل کھڑی ہوجائے گی۔ اس حوالے سے مزید جاننے کے لیے پاک ویلز پر موجودہ مضمون سوزوکی سیاز: سِٹی اور کرولا (XLi/Gli) کی بہترین متبادل ضرور پڑھیں۔

لاہور میں دیکھی جانے والی سوزوکی سیاز کی تصاویر قارئین کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔

ciaz-1

ciaz-2

ciaz-3

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.