سوزوکی ویگن آر وی ایکس ایل 2016ء اپنے مالک کی نظر سے: قیمت، تفصیلات اور خصوصیات
اگر آپ پاکستان میں 1000cc ہیچ بیک خریدنا چاہ رہے ہیں تو سوزوکی ویگن آر آپ کے ذہن میں ضرور آئی ہوگی۔ ویگن آر پاکستان میں آتے ہی مقبول ہوئی بلکہ اسے سوزوکی فیملی کے اندر سے ہی مقابلے کا سامنا بھی کرنا پڑایعنی ایک اور 1000cc ہیچ بیک کلٹس کا۔ یہ کاریں ایکسٹیریئر اور انٹیریئر ڈیزائن دونوں کے لحاظ سے مختلف ہیں اور مختلف فیچرز پیش کرتی ہیں۔ جن کاروں کا یہاں جائزہ لیا جا رہا ہے وہ ویگن آر – 2018ء اور 2016ء – کے دو ماڈلز ہیں۔ دونوں ماڈلز کے مابین کچھ بنیادی فرق ہیں۔ 2016ء ویگن آر کے مالک کے پاس اُن دنوں میں کم آپشنز تھے اور انہیں سوزوکی کلٹس، فا V2 اور 660cc امپورٹ شدہ جاپانی ہیچ بیکس پر غور کرنے کے بعد ویگن آر پر اکتفا کرنا پڑا۔ مالک نے یہ گاڑی 2016ء میں 10,54,000 روپے میں خریدی تھی۔ اس وقت ویگن آر کے دو ویرینٹس دستیاب ہیں – VXR اور VXL۔ VXR ویگن آر کا بنیادی ماڈل ہے۔
ایکسٹیریئر:
سوزوکی کلٹس اور فا V2 جیسی دوسری ہیچ بیکس کے مقابلے میں اس گاری کا ایکسٹیریئر ڈیزائن ذرا ڈبہ شکل کا ہے۔ ویگن آر چھ رنگوں میں دستیاب ہے – پرل ریڈ، سولڈ وائٹ، گریفائٹ گرے، سینڈ بیج، سلکی سلوَر اور سپر پرل بلیک۔ VXR ماڈل اسٹیل ویلز کے ساتھ جبکہ VXL ماڈلز الائے ویلز کے ساتھ آتا ہے۔ VXL ماڈل میں باڈی کی رنگت کے ہی ڈور ہینڈلز، کروم گرِل، کی آپریٹڈ اور ریموٹ کنٹرولڈ ٹیل گیٹ اوپنر اور باڈی کی رنگت کے بمپرز آتے ہیں۔ VXR ماڈل میں بھی یہی فیچرز ہیں سوائے باڈی کی رنگت کے ڈور ہینڈلز اور کروم گرِل کے۔ دونوں ماڈلز ملٹی رفلیکٹر ہیلوجن ہیڈ لیمپس، گرین tinted کھڑکیاں، 2-اسپیڈ وِنڈ اسکرین وائپرز اور ریئر ونڈوز demister رکھتے ہیں۔ VXR ویرینٹ میں pivot ٹائپ سیاہ رنگ کے آؤٹ سائیڈ ڈور مِررز ہیں اور VXL ویرینٹ میں ٹرن اوور-ٹائپ باڈی کی رنگت کے آؤٹ سائیڈ ڈور مررز ہیں۔ فرنٹ اور ریئر بمپرز دونوں کی پینٹ کوالٹی ذرا کم معیار کی ہے۔ آپ ڈور وائزرز، ریئر اَپر اسپائلر، سائیڈ باڈی مولڈنگ اور سائیڈ انڈر اسپائلر، ریئر انڈر اسپائلر، فرنٹ انڈر اسپائلر اور فوگ لیمپس جیسی accessories خرید سکتے ہیں۔ اگلے بمپر میں فوگ لیمپس کے لیے جگہ بھی دی گئی ہے۔
انٹیریئر:
ویگن آر ایک الیکٹرانک پاور اسٹیئرنگ کے ساتھ آتی ہے جو چلانے میں رواں اور آرام دہ ہے۔ اس کار کا ایئر کنڈیشننگ یونٹ اچھا ہے اور ٹویوٹا کرولا جیسی بڑی سیڈانز کے یونٹس جیسا ہے۔ اس کار کی ڈبہ شکل و صورت اسے آگے اور پیچھے بیٹھنے والے دونوں مسافروں کے لیے کافی ہیڈ رُوم فراہم کرتی ہے۔ کار پانچ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش رکھتی ہے۔ دونوں ماڈلز ایک یوری تھین 3-اسپوک اسٹیئرنگ ویل رکھتے ہیں؛ البتہ صرف VXR ویرینٹ میں ہی سلوَر رنگ کی گارنش ہے۔ پاور اسٹیئرنگ ویگن آر کے دونوں ماڈلز میں اسٹینڈرڈ کے طور پر آتا ہے۔ لائٹ-آف اور کی-ریمائنڈر الارم دونوں ماڈلز میں اسٹینڈرڈ ہے، البتہ صرف VXL ماڈل ہی ٹیکومیٹر رکھتا ہے۔ دونوں فرنٹ سیٹوں میں انٹیگریٹڈ ٹائپ ہیڈ ریسٹس ہیں۔ صرف VXL ماڈل سیٹ بیک پاکٹ اور مسافر کی جانب انڈر سیٹ ٹرے رکھتا ہے۔ VXR بیج رنگ کا upholstery مٹیریل رکھتا ہے جبکہ VXL میں یہ کالے رنگ کا ہے۔ پچھلی سیٹیں دونوں ماڈلز میں سنگل فولڈنگ ہیں۔
وڈیو ریویو نیچے دیکھیں:
صرف VXL ماڈل الیکٹرک/پاور ونڈوز، سینٹرل ڈور لاکنگ اور ریموٹ کنٹرولڈ لاکس رکھتا ہے۔ پاور وِنڈوز صرف فرنٹ میں دی گئی ہیں۔ پچھلے حصے کے لیے اسٹینڈرڈ کے طور پر مینوئل ونڈوز دی گئی ہیں۔ ایئر کنڈیشنر اور ہیٹر دونوں ماڈلز میں اسٹینڈرڈ فیچرز ہیں۔ VXR ماڈل دو اسپیکرز کے ساتھ 1DIN آڈیو سسٹم رکھتا ہے۔ VXL ماڈل 2DIN انٹیگریٹڈ آڈیو سسٹم مع بلوٹوتھ سسٹم اور کالنگ فیچرز کا حامل ہے۔ اس کے علاوہ اِس میں سلور رنگ کے اِن سائیڈ ڈور اوپنرز اور شفٹ knob ہیں۔ ایک 12V انٹیریئر ایکسیسری ساکٹ اور ایک ریموٹ فیول لِڈ اوپنر ویگن آر کے دونوں ماڈلز میں اسٹینڈرڈ ہیں۔ سن وائزرز مع ٹکٹ ہولڈر ڈرائیور سائیڈ اور مسافر کی سائیڈ پر دیے گئے ہیں۔ رات کے اوقات میں کیبن کو روشن کرنے کے لیے ایک 3-پوزیشن فرنٹ کیبن لائٹ دی گئی ہے۔ ویگن آر میں کیبن ایئر فلٹر نہیں ہے۔ ڈِگی میں گنجائش 660cc کی امپورٹڈ جاپانی ہیچ بیک کے مقابلے میں بہتر ہے۔ پچھلی سیٹ کلٹس کی طرح 60/40 میں اسپلٹ نہیں ہو تی۔
کارکردگی:
ویگن آر 1000cc کے-سیریز (K10B) انجن کے ساتھ آتی ہے جو ایندھن کے لحاظ سے مؤثر، طاقتور اور خاموش ہونے کی وجہ سے مشہور ہے۔ انجن 6200RPM پر 50Kw کی طاقت اور 3500rpm پر 90Nm ٹارک پیدا کرتا ہے۔ یہ کار فائیو-اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن رکھتی ہے اور اس میں 35 لیٹر کی فیول ٹینک گنجائش ہے۔ یہ ٹُو-ویل-ڈرائیو سسٹم بھی رکھتی ہے۔ انجن یورو 2 ایمیشن اسٹینڈرڈ پر بھی پورا اترتا ہے۔ یہ گاڑی پہاڑی علاقوں میں بھی اچھی کارکردگی فراہم کرتی ہے، چاہے اس میں پانچ مسافر ہی کیوں نہ بیٹھے ہوئے ہوں۔ ویگن آر ایئر کنڈیشننگ کے ساتھ شہر کے اندر 13 سے 14 کلومیٹرز فی لیٹر اور ہائی وے پر 15سے 16 کلومیٹرز فی لیٹر دیتی ہے۔ تھروٹل باڈی اور کلچ کے کچھ مسائل ہیں جو انجن کے وائبریٹ ہونے کا سبب بنتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کو کار کی تھروٹل باڈی صاف کرنے کی ضرورت ہوگی۔
آرام اور ہینڈلنگ:
سسپنشن اسپیڈ بریکرز پر نسبتاً ہموار ہے اور کار فرنٹ میں میک فرسن اسٹرٹ سسپنشن رکھتی ہے اور پیچھے ITL سسپنشن۔ اس گاڑی کی ہینڈلنگ ذرا انوکھی ہو سکتی ہے کیونکہ یہ ایک اونچی کار ہے اور آپ کو اچانک موڑ کاٹتے ہوئے ہوشیار ہونا پڑے گا۔ فرنٹ میں دو کپ ہولڈرز اور پیچھے ایک بوتل ہولڈر ہے۔ دونوں اگلے دروازے اسٹوریج پاکٹس رکھتے ہیں اور گلَو باکس بھی مناسب سائز کا ہے۔ اس لیے کار میں اسٹوریج کی کافی گنجائش ہے۔ ویگن آر کے دونوں ماڈلز میں بطور اسٹینڈرڈ لگیج ایریا کوَر بھی فراہم کیا گیا ہے۔ اگلی سیٹوں میں آرام کی سطح بہترین ہے اور پیچھے ذرا کم ہے۔ کیونکہ گاڑی کی چوڑائی کم ہے، اس لیے پیچھے تین افراد ذرا گھس گھسا کر بیٹھ پاتے ہیں۔ کار کے پچھلے حصے میں دو بڑوں کا بیٹھنا زیادہ مناسب ہے۔ پیچھے کی نشستوں پر کوئی ہیڈ ریسٹ بھی نہیں ہے۔ پچھلا سسپنشن اگلے سسپنشن کے مقابلے میں ذرا سخت ہے، اس لیے کار کا پچھلا حصہ اتنا آرام دہ نہیں ہے۔
سیفٹی:
سیفٹی کے بہتر بنانے کے لیے آگے اور پیچھے دونوں جگہ بیٹھنے والے مسافروں کے لیے 3-پوائنٹ ELR سیٹ بیلٹس فراہم کی گئی ہیں۔ چائلڈ پروف ریئر ڈور لاکس VXR اور VXL دونوں ماڈلز میں بطور اسٹینڈرڈ موجود ہیں۔ یہ لاکس کار کے پچھلے حصے میں بیٹھے بچوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں۔ اموبیلائزر بھی دونوں ماڈلز میں دیا گیا ہے؛ البتہ سکیورٹی الارم صرف VXL ماڈل میں ہی موجود ہے۔ کلٹس کے مقابلے میں ویگن آر مسافروں کی حفاظت کے لیے ABS یا ایئر بیگز نہیں رکھتی۔ سیفٹی فیچرز کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور انہیں کلٹس یا بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جا سکتا ہے۔ آگے بیٹھے مسافر کی نشست کے نیچے موجود اسٹوریج ٹرے کو لیپ ٹاپس یا زیورات جیسی قیمتی اشیاء کی حفاظت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
فیصلہ:
سوزوکی ویگن آر ایک موزوں فیملی ہیچ بیک ہے جو شہری ماحول کے لیے بہترین ہے۔ اس کا چھوٹا سائز اسے شہر کے اندر چلنے پھرنے میں آسان بناتا ہے۔ اس کا مؤثر انجن یقینی بناتا ہے کہ اسے روزانہ کی بنیاد پر چلانا جیب پر آسان رہے۔ ایک نسبتاً اچھا ایئر کنڈیشننگ سسٹم آپ کے لیے گرمی کو قابلِ برداشت بناتا ہے۔ اپنی ڈبے جیسی شکل و صورت کی وجہ سے یہ کار سامان اور دوسری چیزیں اٹھانے میں کافی کارآمد ہے۔ اس کے علاوہ سوزوکی کی وسیع ڈیلرشپ نیٹ ورک کے ساتھ اس کار کی دیکھ بھال آسان اور سستی ہے۔ اسپیئر پارٹس مقامی طور پر بھی بآسانی خریدے جا سکتے ہیں۔ استعمال شدہ ویگن آر کی مارکیٹ بھی کافی متحرک ہے اور اس کی خرید و فروخت باآسانی ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ اس کی عوام میں بہت زیادہ مقبولیت ہے۔
جائزوں پر مشتمل ایسا ہی مواد دیکھنے کے لیے آتے رہیے اور اپنے خیالات نیچے تبصروں میں پیش کیجیے۔