دھند کے دوران موٹر وے پر اپنی حفاظت کے لیے 12 ڈرائیونگ ٹپس
ہم دسمبر کے ابتدائی ایام میں ہیں اور پنجاب کے مختلف حصوں میں دھند چھا چکی ہے، جو ڈرائیونگ کو مشکل بنا رہی ہے۔ دھند میں گاڑی چلانا آپ کے لیے بہت چیلنجنگ ہو جاتا ہے۔ شدید دھند بالخصوص موٹرویز اور ہائی ویز پر ہوتی ہے اور ذرا سی غفلت اور زیادہ رفتار سے حادثات بھی رونما ہو جاتے ہیں۔ اس لیے دھند کی موجودگی میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے چند حفاظتی اقدامات کی پیروی کرنا ضروری ہے کیونکہ ہزاروں گاڑیوں کی موجودگی میں ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ حدِ نگاہ صفر رہ جائے۔ حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پیچھے سے کسی گاڑی کے ٹکرانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ایسی صورت حال میں آپ کو ہیزرڈ لائٹس کا استعمال کرکے سڑک پر اپنی موجودگی واضح کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
موٹر وے (M-2) جو لاہور اور اسلام آباد کے درمیان سفر کے لیے اہم راستہ ہے، دھند میں لپٹا ہوا ہے، جس نے موٹر وے پولیس کو متعدد مقامات پر اسے بند کرنے پر مجبور کیا کہ جہاں حدِ نگاہ صفر تک پہنچ گئی ہے۔ حال ہی میں لاہور کے قریب موٹر وے پر ایک حادثے میں تقریباً دس گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں، جو سال کے ان دنوں میں موٹر وے پر سفر کرنے والے افراد کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ مندرجہ ذیل اقدامات آپ کے سفر کو زیادہ محفوظ بنائیں گے:
مینٹینینس چیک:
چاہے منزل کی جانب سفر کے دوران موسم کی پیشنگوئی بالکل ٹھیک ہو، لیکن دھند اچانک آپ کو کہیں بھی حیران کر سکتی ہے۔ ایسی صورت میں آپ کو ڈرائیونگ کی مشکلات سے نمٹنے کے لیے اچھی طرح تیار ہونے کی ضرورت ہے۔ گاڑی کی فٹنس کو یقینی بنانے کے لیے سفر کے آغاز سے قبل اپنی گاڑی کی بنیادی چیکنگ کرلیں جیسا کہ ہیڈلائٹس لو بیم پر اچھی طرح کام کر رہی ہیں، بیٹری اور آئل کا لیول، ٹائروں کا ایئر پریشر، ونڈشیلڈ کا ڈی فوگر اور وائپر بلیڈز وغیرہ دیکھ لیں۔ ان چیزوں کا دھند سے تعلق ڈھونڈنا ہو سکتا ہے کچھ عجیب لگ رہا ہو لیکن آپ ہزاروں چلتی پھرتی گاڑیوں کے درمیان اپنی گاڑی کو سڑک پر رُکا ہوا نہیں دیکھنا چاہیں گے۔ ایک رکی ہوئی گاڑی پوری رفتار سے چلتی ہوئی کار کے مقابلے میں کہیں زیادہ خطرناک ہے۔ اس لیے طویل یا مختصر کسی بھی سفر کے لیے روانہ ہونے سے قبل مینٹینینس چیک ضرور مکمل کریں۔
لو بیم ہیڈلائٹ کا استعمال کریں
کئی لوگ سمجھتے ہیں کہ ہائی بیم کا استعمال انہیں دھند میں آگے دیکھنے میں مدد دے گا، لیکن درحقیقت ایسا نہیں ہے۔ ایک ہائی بیم کے مقابلے میں لو بیم کی روشنی سڑک کی جانب ہوتی ہے جبکہ ہائی بیم دھند میں موجود آبی ذرات سے منعکس ہو جاتی ہے۔ پاکستان میں میں لوگوں کی بڑی تعداد عام ڈرائیونگ حالات میں بھی ہائی بیم کے استعمال کی عادی ہے اور وہ دھند کی صورت میں بھی ایسا ہی کرتے ہیں جس سے حدِ نگاہ اور زیادہ متاثر ہو جاتی ہے۔ ضروری ہے کہ اپنی ہیڈلائٹ پر پیلے اسٹیکر کا استعمال کریں جو دھند میں حدِ نگاہ کو بہتر بناتا ہے۔ اگر آپ کی گاڑی میں فوگ لائٹس لگی ہوئی ہوں تو کیا ہی بات ہے کہ ان کی مدد سے آپ باآسانی اپنی توجہ سڑک پر رکھ سکتے ہیں۔
سڑک پر موجود نشانات کو رہنما بنا لیں:
سڑکوں پر عام طور پر سفید لائنوں اور پیلی باؤنڈری لائن سے نشانات لگائے جاتے ہیں، جو دھند کی صورت میں سفر میں بہت مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اگر آپ درست لین میں چل رہے ہیں تو باؤنڈری لائن پر نظر رکھیں کہ جو آپ کو سڑک پر سیدھا رہنے میں مدد دے گی۔ توجہ مبذول رکھتے ہوئے کوشش کریں ممکنہ حد تک سیدھے چلیں۔
لین تبدیل کرنے سے گریز کریں:
دھند کی صورت میں لینز تبدیل کرنا اچھی حرکت نہیں۔ چاہے آپ موٹر وے پر چل رہے ہوں یا اندرونِ شہر میں، دوسری گاڑیوں سے ٹکرانے سے بچنے کے لیے اپنی لین میں رہنا ضروری ہے۔ اپنی ڈرائیونگ کو ممکنہ حد تک سادہ رکھیں اور اپنی توجہ دوسروں سے آگے بڑھنے کے بجائے سڑک پر مرکوز رکھیں۔
ہیزرڈ لائٹس کا استعمال:
ہیزرڈ لائٹس روایتی ٹیل لائٹس کے مقابلے میں دھند میں زیادہ نمایاں ہوتی ہیں۔ دھند کی صورت میں سڑک پر پیچھے آنے والی گاڑیوں کو اپنی موجودگی کا احساس دلانا بہت ضروری ہے اور ہیزرڈ لائٹس کا استعمال کرکے آپ دوسرے ڈرائیورز کو اپنی پوزیشن کے بارے میں بالکل واضح پیغام دیتے ہیں۔ یہ چھوٹے چھوٹے اقدامات آپ کو کسی خطرناک حادثے سے بچائیں گے۔
بار بار بریک لگانے سے گریز کریں:
سخت دھند کے دوران ڈرائیونگ کرتے ہوئے بریک کا بار بار استعمال نہ کریں۔ یہ پیچھے سے آنے والے ڈرائیور کو پریشان کر سکتے ہیں اور وہ سڑک پر اپنی توجہ کھو سکتا ہے۔ اس لیے بریکس کا استعمال اسی وقت کریں جب رفتار کم کرنا ضروری ہو۔ آہستگی سے بریک لگانا بھی ایک طریقہ ہے تاکہ بریک لائٹ کے ذریعے دوسروں کو پتہ چل جائے کہ آپ کی گاڑی آہستہ ہو رہی ہے اور وہ اس حساب سے اپنی رفتار ٹھیک کرلیں۔
ونڈ شیلڈ وائپرز اور ڈی فوگر کا استعمال:
ایسی صورت حال میں اپنی ونڈ اسکرین اور پچھلی اسکرین کا بھی دھندلا جانا عام ہے۔ اس لیے آگے اور پیچھے کے صاف منظر کے لیے ڈی فوگر کا استعمال کرنا یاد رکھیں۔ ونڈشیلڈ واّرز آپ کی ونڈ اسکرین کو باہر سے صاف رکھنے میں مددگار ہوں گے۔ ڈی فوگر کا استعمال نہ کرنے سے آپ کی حدِ نگاہ مزید کم ہو سکتی ہے۔
مسافر سے ہوشیار رہنے کا کہیں:
اگر آپ اکیلے سفر نہیں کر رہے تو اپنے ساتھی سے سڑک پر نگاہیں جمانے اور کسی بھی غیر یقینی صورت حال میں رہنمائی کرنے کا مطالبہ کریں۔ کسی بھی مرحلے پر جب آپ کی توجہ لمحہ بھر کے لیے ہٹ جائے تو آپ کا مسافر آپ کو کسی حادثے سے بچا سکتا ہے۔ اپنی باہمی گفتگو کو بھی ممکنہ حد تک کم رکھیں اور محفوظ سفر کے لیے پوری توجہ سڑک اور اردگرد پر دیں۔
محفوظ فاصلہ رکھیں:
پاکستان میں زیادہ تر ڈرائیور آگے جانے والی گاڑی سے فاصلہ نہیں رکھتے جو ڈرائیونگ کے دوران خطرناک ترین حرکت ہے۔ کسی بھی لمحے آپ سے آگے جانے والی گاڑی ہنگامی حالت میں اچانک بریک لگا سکتی ہے۔ اس صورت میں اس کے بہت قریب رہ کر گاڑی چلانے سے آپ کو اپنی گاڑی روکنے کا وقت نہیں ملے گا۔ نتیجہ حادثے کی صورت میں رونما ہوگا اس لیے آگے والی گاڑی سے کافی فاصلہ رکھیں بالخصوص اگر دھند چھائی ہوئی ہو۔
رفتار کو ہم آہنگ رکھیں:
خراب حدِ نگاہ ہوتے ہوئے ڈرائیونگ میں حد سے زیادہ خود اعتمادی جان لیوا ہو سکتی ہے۔ دھند کی صورت میں اپنی گاڑی کو ہمیشہ حدِ رفتار کے اندر چلائیں۔ رفتار اتنی کم ہونی چاہیے کہ آپ سڑک پر اپنی توجہ باآسانی برقرار رکھ سکیں۔ اپنی رفتار کو سڑک پر موجود دیگر گاڑیوں کے مطابق ہم آہنگ کریں۔
کسی گاڑی کے تعاقب سے گریز کریں:
دھند کی صورت میں کسی گاڑی کے پیچھے پیچھے چلتے رہنا اچھا تصور کیا جاتا ہے لیکن کسی بھی لمحے یہ حرکت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ کسی دوسری گاڑی کا تعاقب کرنا آپ کو پریشان بھی کر سکتا ہے اور سڑک پر آپ کی توجہ بھی کافی حد تک کم ہو جاتی ہے۔ آپ اگلی گاڑی کے اچانک بریک لگانے یا لین تبدیل کرنے کے امکان سے بھی صرفِ نظر کر سکتے ہیں۔ اس لیے یہ بات اہم ہے کہ سڑک پر خود اپنی توجہ رکھیں اور اپنا راستہ خود بنائیں۔
مدد یا رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن پر کال کریں:
اگر آپ موٹر وے پر سفر کر رہے ہیں تو آپ 130 پر ڈائل کرکے موٹر وے پولیس سے موٹر وے کے کسی بھی حصے کی بندش وغیرہ کے بارے میں رہنمائی لے سکتے ہیں۔ یہ ہیلپ لائن آپ کو راستے کے بارے میں اہم معلومات دے گی۔ اگر آپ کو کسی بھی مشکل کا سامنا ہے یا آپ کو موٹروے پر سفر کے دوران رہنمائی کی ضرورت ہے تب بھی آپ ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
دھند کے دوران ڈرائیونگ کرنا ایک مشکل تجربہ ہے اور آپ کو سردیوں کے دوران اس کے لیے مکمل طور پر تیار رہنا چاہیے۔ آپ کی زندگی بہت قیمتی ہے اس لیے اسے کسی بھی خطرے سے بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون ہرگز استعمال نہ کریں۔ ڈرائیونگ احتیاط سے کریں اور سڑک پر موجود ہر شخص کو محفوظ بنائیں۔
مزید ٹپس اور مشوروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیے۔ اپنی رائے نیچے تبصروں میں پیش کیجیے