ویڈیو راؤنڈ اپ 2016: پاکستان میں دستیاب گاڑیوں کے تفصیلی جائزے
مقامی گاڑیوں کے شعبے میں رواں سال ہونے والی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔ اس ضمن میں سال 2016 بہت سی قابل ذکر پیش رفت نظر آئیں جن میں آٹو پالیسی (2016-21) کا نفاذ سب سے زیادہ قابل ذکر ہے۔ اس آٹو پالیسی نے جہاں مقامی اداروں کو اپنی سمت درست کرنے کا موقع فراہم کیا وہیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی پاکستانی مارکیٹ کی طرف بھی راغب کیا۔ پاک ویلز نے بھی اس برس اپنے قارئین کو گاڑیوں کے شعبے سے متعلق بے شمار اور بیش قیمت معلومات فراہم کیں۔ اس کے لیے مضامین کے ساتھ ساتھ ویڈیو کے ذریعے بھی پاکستان میں دستیاب گاڑیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ رواں سال 2016 میں پاک ویلز نے جن گاڑیوں پر بذریعہ ویڈیو تفصیلی تبصرے پیش کیے ان کی فہرست اور ویڈیوز حسب ذیل ہے۔
ہونڈا وزل
اگر آپ کا خاندان تین سے افراد پر مشتمل ہے اور آپ ایک جدید طرز کی گاڑی لینا چاہتے ہیں کہ جو نہ صرف اچھی نظر آئے بلکہ اچھا سفری تجربہ بھی فراہم کرے، اس میں سامان رکھنے کی گنجائش ہو، روز مرہ کے کام بہترین طریقے سے انجام دینے میں بھی معاون ہو اور کم ایندھن میں زیادہ سفر کرنے کے قابل بھی ہوتو ہونڈا وزل آپ کے لیے بہترین ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ بچوں کو گھمانے پھرانے یا پھر سودا سلف لانے کے لیے گھر پر دوسری گاڑی رکھنا چاہتے ہیں تو بھی ہونڈا وزل اچھا انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔
سوزوکی ویگن آر
اگر آپ 10 لاکھ روپے میں نئی گاڑی خریدنا چاہتے ہیں تو سوزوکی ویگن آر پر ضرور نظر ڈال لیجیے۔ یہ گاڑی پاکستانی صارفین کے لیے کئی منفرد خصوصیات کی حامل ہے تاہم اگر پاک سوزوکی اسے آٹومیٹک گیئر باکس، ایئر بیگز اور پچھلی نشستوں کے لیے ایئربیگز شامل کرلے تو یہ مقامی تیار شدہ گاڑی جاپان سے درآمد کی جانے والی Kei کارز کو ٹکر دے سکتی ہے۔
ٹویوٹا آلٹِس گرانڈے
ازخود کھلنے اور تہہ ہوجانے والی شیشوں، ریموٹ کنٹرول، اسٹیئرنگ کے دونوں جانب بٹن ، کلائمٹ کنٹرول، ڈیول SRS ایئر بیگز اور امموبلائزر وہ خصوصیات ہیں کہ جو ٹویوٹا انڈس موٹرز کی جانب سے متعارف کروائی گئی ہیں۔ البتہ اس کے ساتھ ہی گاڑی کی قیمت میں 60 ہزار روپے کا اضافہ بھی کیا گیا ہے تاہم مذکورہ بالا خصوصیات کو دیکھا جائے تو قیمت میں اضافہ غیر ضروری معلوم نہیں ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سِوک اوریئل بمقابلہ ٹویوٹا کرولا گرانڈے – ایک بار پھر آمنے سامنے!
ہونڈا سوک 1.5
یہ پاک ویلز ہی تھا کہ جس نے نئی ہونڈا سِوک میں موجود خامیوں پر عوام کی توجہ مبذول کروائی۔ اس کے بعد ہی ہونڈا ایٹلس کارز پاکستان نے اپنی گاڑی کی بناوٹ اور تیاری میں معیار کو یقینی بنانے کی کوشش کی تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بہتری کی گنجائش اب بھی باقی ہے۔ خریدار کی یہ خواہش اور اس کا حق یہ ہے کہ اسے مہنگی گاڑی میں ہر چیز معیاری فراہم کی جائے۔ گاڑی کے اندرونی حصے میں ساز و سامان کا معیار بہتر کرنے کی ضرورت ہے جس میں دروازوں کے درمیان جوڑ کو بہتر انداز میں بنانا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ آڈیو نظام کو بھی بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
سوزوکی آلٹو 2016 (جاپان)
جاپان سے درآمد کی جانے والی سوزوکی آلٹو کا معیاری مقامی تیار شدہ کسی بھی سستی یا سیڈان گاڑیوں سے بہتر ہے۔ اس کے علاوہ جاپانی آلٹو میں سفری تجربہ بھی بہت آرامدے اور تسلی بخش ہے۔ البتہ اسے خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے سب سے بڑا معاملہ آلٹو کی 13 سے 14 لاکھ روپے کے لگ بھگ قیمت ہے۔ اس قیمت میں بہت سی دیگر نئی اور استعمال شدہ گاڑیاں بھی دستیاب ہیں جو حجم میں بڑی ہونے کے باعث پاکستانیوں کے لیے زیادہ پرکشش رہی ہیں۔
ٹویوٹا ایکوا
اگر آپ غیر شادی شدہ ہیں اور بہترین کاروباری زندگی گزر رہے ہیں تو پھر ٹویوٹا ایکوا آپ کے طرز زندگی سے بالکل میل کھاتی ہے۔ چونکہ یہ تھوڑی چھوٹی گاڑی ہے اس لیے شہر کے اندر سفر کرنا نیز مینٹی نینس بھی دیگر گاڑیوں کے مقابلے میں آسان ہے۔ ہائبرڈ ہونے کی وجہ سے اس پر سفری اخراجات بھی بہت کم ہوتے ہیں۔ انداز کی بات کریں تو ایکوا واقعی قابل دید ہے۔ البتہ اگر آپ شادی شدہ ہیں یا پھر آپ کے خاندان میں کئی افراد ہیں تو پھر یہ گاڑی آپ کے لیے مناسب نہیں رہے گی۔ اس کا اندرونی حصہ کچھ اس طرز کا ہے کہ خاندان کے سب ہی افراد بیک وقت نہیں سما سکتے اور اگر جیسے تیسے بیٹھ بھی گئے تو آرامدے سفر کا حصول ممکن نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا ایکوا عرف پرایوس C پر تفصیلی تبصرہ
ٹویوٹا ہائی لکس ریوُو
اگر کوئی پاکستانی 40 لاکھ روپے کے بجٹ میں مناسب 4×4 گاڑی لینا چاہتا ہے تو اس کے سامنے 10 سال پرانی ٹویوٹا پراڈو یا اس طرز کی کسی اور پرانی گاڑی میں سے انتخاب کرنا پڑتا ہے۔ اگر اس سے بہتر گاڑی درکار ہو تو مقامی مارکیٹ میں 60 سے 65 لاکھ روپے میں درآمد شدہ ٹویوٹا ریوُو ہی دستیاب ہے۔ ٹویوٹا انڈس کی تعریف کرنی چاہیے کہ جنہوں نے مارکیٹ پر مکمل تحقیق کرنے کے بعد بہترین قیمت نئی ٹویوٹا ہائی لکس ریوُو متعارف کروائی۔ مناسب 4×4 خصوصیات اور پہلے سے بہتر انجن کی حامل یہ گاڑی ریلی ڈرائیورز کےلیے بہترین انتخاب ہے۔ٹویوٹا ہائی لکس کو مقامی مارکیٹ میں کئی سالوں سے 4×4 گاڑیوں کا بے تاج بادشاہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ گو کہ اس کا سہرا مسابقت میں کمی کو قرار دیا جاتا ہے تاہم پرانی ہائی لکس ویگو کے مقابلے میں نئی گاڑی کا ڈیزائن، اندرونی حصہ، سسپنشن اور آف-روڈ کارکردگی بہت بہتر ہے۔ ان خصوصیات کو مدنظر رکھا جائے تو اسے بلاشبہ پاکستانی مارکیٹ کا ‘بادشاہ’ قرار دیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: ٹویوٹا ہائی لکس ریوو – 4×4 گاڑیوں کا نیا بادشاہ!
ہونڈا N-وَن
پرانے وقتوں کی گاڑیوں سے ملتی جلتی یہ گاڑی اپنی کارکردگی سے لوگوں کو حیران کردینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس میں شامل ٹربو انجن نہ صرف کارکردگی میں اپنی مثال آپ ہے بلکہ کم ایندھن میں طویل سفر کی بھی اجازت دیتا ہے۔ 11 سے 13 لاکھ روپے میں دستیاب ہونڈا N- وَن قیمت کے اعتبار سے بھی کئی دیگر گاڑیوں کے مقابلے میں بہترین قرار دی جاسکتی ہے۔تاہم اسے خریدنے سے پہلے یہ بات جان لینا بے حد ضروری ہے کہ اس گاڑی کے پرزے مہنگے داموں دستیاب ہیں۔