ہائپر ملنگ کیا ہے؟
پیٹرول کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہتا ہے۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں تیل کی قیمتیں گزشتہ سال کی نسبت کافی کم سطح تک پہنچ گئی ہیں۔ البتہ یہ الگ بات ہے کہ انہیں دوبارہ پر لگ چکے ہیں اور وہ آسمان کا رخ کر چکی ہیں۔ اب دیکھیے کہ یہ پرواز کہاں جا کر رکتی ہے۔
ایندھن کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے لوگ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ان کی گاڑیاں کم خرچ بالانشیں ہوں۔ اس کی ایک صورت ایندھن کی بچت سے ممکن ہے۔ مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ گاڑی میں گیئرز کا خاص خیال رکھا جائے اور انہیں احتیاط سے استعمال کیا جائے۔ نیز ڈرائیونگ کے وہ طریقے اپنائے جائیں جن کے ذریعے پیٹرول کی بچت ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ ایندھن بچانے والے طریقوں میں سے ایک ہائپر ملنگ بھی ہے۔
ہائپر ملنگ ڈرائیونگ کا ایسا طریقہ ہے جسے اپنانے سے گاڑی کم اخراجات میں زیادہ مائیلج دینے لگتی ہے۔ گاڑیاں بنانے والے اداروں کے مطابق غیر معمولی بچت سے مسفید ہونے کے لیے ڈرائیونگ کی عادات اور تکنیک میں بہتری کی ضرورت ہوتی ہے۔ درحقیقت یہ طریقہ نیا نہیں ہے۔ لوگ دہائیوں سے ایندھن کی کھپت کو کم کرنے کے لیے اسی طریقہ کار کو استعمال کر رہے ہیں۔ ہائپر ملرز ماہرین کا دعوی ہے کہ اس طریقہ کو اپنا کر ایندھن اور سفری اخراجات میں چالیس فیصد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔ پاکستان کے گنجان آباد شہر میں ٹریفک کا بہت برا حال ہے اس لیے ہمیں ہائپر ملنگ اپنانے کی زیادہ ضرورت ہے۔ اس اپنا کر ہم مہینے کے اختتام تک اچھی خاصی رقم بچا سکتے ہیں۔
تو آپ نے ہائپر ملنگ اپنانے کا فیصلہ کرلیا ہے ناں؟ اگر ہاں، تو آئیے ہم آپ کو اس پر عمل پیرا ہونے کا طریقہ بیان کرتے ہیں۔
سب سے پہلے اپنی گاڑی میں ایندھن کی کھپت کا اوسط یعنی ایوریج کا حساب رکھیں۔ آسان الفاظ میں یہ جاننے کی کوشش کریں کہ آپ کی گاڑی ایک کلومیٹر سفر کرنے پر کتنا پیٹرول پیتی ہے۔ اسے بہتر طور پر جاننے اور باقاعدہ ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے موبائل ایپس بھی موجود ہیں۔ ایندھن کے خرچ کا مکمل ریکارڈ رکھنے سے آپ کو ہائپر ملنگ میں عددی اعتبار سے بہت مدد ملے گی۔
اس کے بعد گاڑی کی اچھے سے دیکھ بھال کرنا ضروری ہے۔ یعنی وقت پر آئل کی تبدیلی اور باقاعدہ ٹیوننگ کرتے رہنا ہے۔ اس کے علاوہ ٹائرز میں ہوا کا تناسب اور ڈگی کی صفائی بھی اہم ہے۔ ٹائر میں ہوا کا تناسب درست ہونے سے نہ صرف بریک کی قابلیت بڑھتی ہے بلکہ دوران سفر ٹائر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی کم ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں فوری طور پر گاڑی کو صاف کریں۔ ایسا تمام کوڑا کرکٹ نکال باہر کریں جسے آپ مہینوں سے نظر انداز کرتے آ رہے ہیں۔ ہائپر ملنگ کے بہت سے ماہرین تو اضافی (اسپیئر) ٹائر اور کار جیک کو بھی ہٹا دیتے ہیں مگر ہم آپ کو ایسا کرنے کا مشورہ نہیں دیں گے۔ ہاں اگر آپ اس بات کو یقینی بنائیں کہ گاڑی صرف ہموار سڑک پر سفر کرے گی، تو پھر آپ ایسا کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی ایسی تمام چیزیں نکال دیں جو گاڑی کے وزن میں اضافہ کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر چھت پر لگا جنگلا۔ اگر آپ اسے استعمال نہیں کرتے تھے فی الفور گاڑی کو اس کے بوجھ سے آزاد کردیں۔
مزید یہ کہ جب بھی ٹیوننگ کے لیے جائیں تو انجن کو پیٹرول مہیا کرنے والے پرزوں یا کاربوریٹر اور پلگ کی صفائی بھی یقینی بنائیں۔
اس کے بعد چند ذیلی امور کی باری آتی ہے جو بظاہر معمولی لیکن اہم ہیں۔ کوشش کیجیے کہ گاڑی میں ایسا تیل استعمال کیا جائے جس میں گاڑھا یا چپچپاہٹ کم ہو۔ گاڑھا تیل استعمال کرنے سے انجن کے اجزا کو حرکت کرنے میں مشکل پیش آئے گی اور زیادہ قوت لگانے کی وجہ سے تیل بھی زیادہ استعمال ہوگا۔ یہاں تیل سے مراد انجن آئل اور ٹرانسمیشن آئل، دونوں ہی ہیں۔ یاد رہے کہ پتلے تیل کو باریک جگہوں تک پہنچنے میں آسانی پیش آتی ہے۔
مندرجہ بالا تمام امور گاڑی سے متعلق تھے۔اب ذرا گاڑی چلانے کے انداز اور سڑکوں کی صورتحال پر بھی کچھ بات ہو جائے۔
گاڑی نہ چلائیں
ایندھن بچانے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ گاڑی ہی نہ چلائیں۔ ارے بھئی ہم آپ کو گاڑی کا استعمال ترک کرنے کے لیے نہیں کہہ رہے بلکہ یہ سمجھا رہے ہیں کہ گاڑی کا غیر ضروری استعمال مت کریں اور قریبی دکانوں سے روز مرہ کی اشیا یا دیگر خریداری کے لیے پیدل سفر کو ترجیح دیں۔ اگر گاڑی لے جانا ضروری ہو تو اسے ایک ہی جگہ کھڑی کر کے تمام دکانوں سے خریداری کرلیں کیوں کہ گاڑی کو بار بار ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے سے ایندھن کا خرچہ بڑھتا چلا جائے گا۔
دفاعی انداز
سڑک پر جارحانہ انداز اپنانے کی بجائے ہمیشہ دفاعی سوچ اپنائیں۔ دوسری گاڑیوں پر مسلسل نظر رکھیں اور اگر کہیں گاڑیوں کا اژدحام جمع ہو جائے یا سرخ سگنل لائٹ آن ہو تو گاڑی کو روکنے کے بجائے نیوٹرل گیئر پر آہستہ آہستہ چلتے رہیں۔اگر آپ بار بار بریک لگائں گے اور پہلے گیئر میں گاڑی کو دوبار چلائیں گے تو اس سے ایندھن کے خرچ میں اضافہ ہو گا۔ کچھ لوگ ٹریفک جام یا سگنل کی صورت میں انجن بند کر کے گاڑی کھڑی کردیتے ہیں لیکن میری نظر میں ایسا کرنا بہت خطرناک ہے۔ یاد رکھیں کہ گاڑی میں بریک، بوسٹر، پاور اسٹیئرنگ اور برقی آلات سب ہی انجن سے جڑے ہیں اس لیے سفر کے دوران انجن کو ہر گز بند نہ کریں۔
بریک کا کم استعمال
جتنا ممکن ہو سکے بریک کا استعمال کم سے کم کریں۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ بریک لگائے بغیر بس جنونیوں کی طرح گاڑی بھگاتے پھریں۔ جیسا کہ پہلے ذکر ہو اکہ آس پاس موجود گاڑیوں کے انداز کا جائزہ لیتے رہیں اور اسے دیکھتے ہوئے صرف اتنی ہی رفتار رکھیں کہ بوقت ضرورت گاڑی کی رفتار کم ہوتے ہوتے رک جائے اور بریک لگانے کی ضرورت ہی نہ پڑے۔ اسے یوں سمجھ لیجیے کہ اگر آپ بہت زیادہ تیز رفتاری سے گاڑی چلائیں گے تو پھر گاڑی روکنے کے لیے بارہا بریک کی مدد لینا پڑے گی اور اس سے پیٹرول کی کھپت میں اضافہ ہوگا۔ خلاصہ یہ کہ غیر ضروری تیز رفتاری بھی ایندھن کا خرچ بڑھاتی ہے۔
انجن بند کرنا یا کوسٹنگ
آخر میں کوسٹنگ کی عادت سے متعلق بھی جان لیجیے۔ سڑک پر گاڑی خراماں خراماں چل رہی ہو تو اکثر لوگ انجن بند کر دیتے ہیں۔ انجن بند کرنے کے بعد بھی گاڑی کے چلتے رہنے کا مطلب پیٹرول استعمال نہیں ہورہا۔ لیکن، جیسا کہ میں نے پہلے بتایا کہ بعض اوقات یہ عمل انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے لہیذا اس سے محتاط ہی رہنا چاہیے۔ میں نے لوگوں کو چڑھائی سے ڈھلوان کی جانب سفر کے دوران انجن بند کرتے دیکھا ہے۔ اسے کم سے کم الفاظ میں بھی بیوقوفی کہیں گے۔ ہاں، جب آپ ٹریفک سگنل پر پھنس جائیں اور جلد آگے بڑھنے کی کوئی صورت نہ ہو تو انجن بند کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔
یہ ہائپرملنگ سے متعلق چند تجاویز ہیں جس سے آپ کو بہتر مائیلج حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ماہرین کے نزدیک تو ہائپر ملنگ طریقہ کار بہت سارے ہیں جیسا کہ ننگے پاؤں ڈرائیو کرنا تاکہ ریس پیڈل کو محسوس کر سکیں، نیز موبائل فون، ایئر کنڈیشننگ اور دروازوں کے شیشے بند رکھ کر گاڑی چلانا تاکہ ڈرائیونگ پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد دیتا ہے وغیرہ وغیرہ۔ اس کے علاوہ اور بھی بہت چیزیں ہیں جن سے پیٹرول کی بچت کی جا سکتی ہے مگر سچی بات ہے کہ یہ سب ایک ہی وقت میں کرنا ممکن نہیں ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ نے آپ بہت کچھ سیکھا ہوگا، اور آنے والے وقت میں ان طریقوں پر عمل ضرور کریں گے۔