یاماہا نے اپنی بائک YBR125G پر نئی آفر لگا دی
رواں سال کے آغاز سے ہی موٹر سائیکل اور کار مینوفیکچررز ایک کے بعد ایک نئی اور دلکش آفر کا اعلان کر رہے ہیں اور ان آفرز کا مقصد صارفین کو اپنی طرف راغب کرنا ہے تاکہ سیلز اور منافعوں میں ریکارڈ کی جانے والی کمی پر کسی بھی طرح سے قابو پایا جا سکے۔
صارفین کیلئے آفرز کے اعلانات کرنے کی اس دوڑ میں سب سے آگے پاکستان سوزوکی اور یاماہا پاکستان ہیں، دونوں ہی اپنی آفرز کے ذریعے صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی (PSMC) کی جانب سے اپنی تازہ ترین پیشکش کے چند ہی دن بعد اب یاماہا نے بھی اپنے فلیگ شپ ماڈل YBR125G میٹ اورنج کے لیے ایک آفر کا اعلان کیا ہے۔
آفر کیا ہے؟
کمپنی کے اعلان کے مطابق صارفین اب 0 فیصد مارک اپ پر 12 ماہ کی آسان اقساط کے پلان کے ساتھ یہ بائک خرید سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ صارف کو 164000 روپے ڈاؤن پیمنٹ کی صورت میں ادا کرنا ہوں گے اور اس طرح کوئی بھی اس آفر کو حاصل کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ خریدار 29000 روپے ادا کرنے ہوں گے جو کہ رجسٹریشن اور پروسیسنگ فیس شامل کے طور پر لیے جائیں گے۔
یاماہا YBR125G کا نیا ڈیزائن
کمپنی کی جانب سے شئیر کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ نئی یاماہا YBR125G کے نیا ڈیزائن اور دیگر گرافکس ہمارے قومی جانور مارخور سے متاثر ہیں۔ مارخور کی طرح یہ بائک بھی سخت اور دشوار گزار راستوں پر آسانی سے سفر کے قابل ہے۔
اس کے علاوہ رنگوں کی بات کریں تو آپ میٹ اور میٹالک رنگ کے کسی بھی ویرینٹ کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
گزشتہ کئی سالوں سے صارفین بائکس میں چند سٹیکرز کا گرافکس کی تبدیلیوں کے علاوہ کسی بڑی اپ ڈیٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس دوران قومی جانور مارخور سے متاثرہ گرافکس اور ڈیزائن کے تعارف کے ساتھ یاماہا نے اپنی نیا ڈیزائن پیش کیا ہے لیکن وہ لوگ جو کہ حقیقی جدت پسندی کے خواہاں ہیں، ان کیلئے یہ اپ ڈیٹ کوئی خاص اہم نہیں ہے۔