بینٹلے نے دنیا کی تیز ترین SUV پیش کردی

0 175

کچھ روز قبل ہم نے آپ کو بتایا تھا کہ بینٹلے نے تیز ترین SUV بنانے کا دعوی کیا ہے اور اس گاڑی کو بینٹلے بیٹیگا (Bentley Bentayga)کا نام دیا گیا ہے۔ ہمارے اندازوں کے عین مطابق آج بینٹلے نے ٹرک نما تیز ترین گاڑی کو باضابطہ پیش کردیا ہے۔

بینٹلے بینٹیگا باہر سے جتنی خوبصورت ہے اندر سے اتنی ہی پرتعیش بھی ہے۔ باہر سے یہ بینٹلے سیڈان “فلائنگ اسپر'” جیسی نظر آتی ہے تاہم اس کی اونچائی زیادہ ہے جو بیرون شہر گاڑیاں چلانے والے لوگوں کے لیے کافی موزوں ہے۔ اندر کے حصے میں چمڑے، لکڑی اور ایلومینیم کا کام نظر آتا ہے۔ اس کے ساتھ اس کی چھت پر ایک کھڑکی بھی دی گئی ہے جہاں سے سورج کی روشنی براہ راست گاڑی میں آسکتی ہے۔ علاوہ ازیں 8 انچ کا منفرد ملٹی میڈیا سسٹم، بینٹلے کا اپنا تیار کردہ 10.0 انچ کا اینڈرائیڈ ٹیبلیٹ، 4جی سے منسلک ہونے کی صلاحیت اور موسیقی پسند کرنے والوں کے لیے 1950 واٹ کے 18 اسپیکرز جیسی دیگر نمایاں خصوصیات بھی شامل ہیں۔اگر آپ کو دوران سفر ٹھنڈے مشروبات پینے ہوں تو اس کے لیے ایک ریفریجریٹر بھی لگایا گیا ہے۔ رات کے اندھیرے میں بہتر طریقے سے دیکھنے کے لیے گاڑی میں نائٹ ویژن بھی رکھا گیا ہے۔

بینٹلے بیٹیگا کی مزید تکنیکی جائزہ لینے سے پہلے آپ کو بتاتے چلے کہ یہ واکس ویگن کی SUV پلیٹ فارم “MLB- ایوو” میں تیار کی گئی جس کا واکس ویگن کی دیگر مشہور گاڑیوں جیسے پورشے کائین اور اوڈی کیو7 کی تیاری میں بھی حصہ رہا ہے۔ بینٹیگا کے لیے نیا 12 سلینڈر W12 انجن ڈیزائن کیا گیا ہےجو 600 براک ہارس پاور اور 663 فوٹ پاؤنڈ ٹارک دیتا ہے جو اسے صرف 4 سیکنڈ میں 0 سے 60 رفتار تک پہنچا دیتا ہے۔ یہ دور حاضر کی کسی بھی SUV کے لیے سب سے زیادہ تیز ہے۔ بینٹلے پہلے ہی اس گاڑی کو 301 کلومیٹر فی گھنٹہ ی رفتار سے دوڑانے کا عملی تجربہ دکھا چکا ہے جو 2.4 ٹن وزن والی بھاری گاڑی کو دیکھتے ہوئے بہت متاثر کن ہے۔ گاڑی کی رفتار 8-اسپیڈ خود کار منتقلی کے ذریعے بڑھتی ہے جو 40/60 طاقت کے فرق اگلے اور پچھلی پہیے استعمال کرتی ہے۔ بینٹلے کا دعوی ہے کہ نئے انجن کی کارکردگی W12 کے پرانے انجن سے 12 فیصد زیادہ موثر ہے۔

بینٹلے بینٹیگا کی طویل عرصے تک جانچ کی گئی جس میں نوربورگرينگ میں 400 لیپس بھی شامل تھے۔

گاڑی کے درمیان میں اضافی بوجھ اور گاڑی الٹ جانے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے بینٹلے نے ایک خاص ٹیکنالوجی متعارف کروائی ہے جسے Dynamic Ride active roll control technology کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی منفرد کمپیوٹر اور درجنوں سینسرز پر مشتمل ہے جو گاڑی کو تیز رفتاری کے دوران موڑ کاٹتے ہوئے الٹ جانے سے بچاتی ہے۔

آغاز میں بینٹیگا 4 یا 5 سیٹس پر مشتمل ہوگی تاہم بعد میں 7 سیٹس پر مشتمل SUV مارکیٹ میں پیش کرنے سے متعلق بھی سوچا جا رہا ہے۔ مستقبل میں یہ گاڑی ڈیزل اور ہائبرڈ دونوں طرز میں بھی پیش کی جائے گی۔

بینٹلے موٹرز کے سی ای او وولف گینگ درہیمر نے کہا کہ

بینٹیگا ہر طرح سے بینٹلے SUV کہلائے جانے کی حقدار ہے۔ اس نے SUV شعبے میں ایک نئی جہت متعارف کروائی ہے جو کسی بھی ماحول میں بینٹلے کی حقیقی پہچان ہے۔ اس گاڑی پر بہت توجہ اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ کام کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس میں مشکل سے مشکل جگہ جانے کی بھی صلاحیت موجود ہے۔اس غیر معمولی گاڑی کو پیش کرنے کے بعد ہم مستقبل قریب میں بینٹلے کی مقبولیت اور کاروباری اعتبار سے اس کی اہمیت میں اضافہ کو دیکھ رہے ہیں۔ گاڑیوں کی برانڈز میں بینٹیگا ہمارے روشن مستقبل کی طرف ایک اور قدم ہے۔”

بینٹلے کی جانب سے ابھی تک بینٹیگا کی قیمت سے متعلق نہیں بتایا گیا تاہم ماہرین کے خیال میں اس کی قیمت 2 لاکھ 45 ہزار امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہوگی۔ یہ گاڑی 16 ستمبر کو جرمنی میں ہونے والے فرینکفرٹ آٹو شو میں عوام کے سامنے پیش کی جائے گی۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.