صوتی و فضائی آلودگی کے خلاف مہم؛ لاہور میں 60 گاڑیوں پر جرمانہ

0 269

شور شرابہ کرنے والی گاڑیوں کو کوئی پسند نہیں کرتا چہ جائیکہ وہ فراری V8 یا کوئی اور اسپورٹس کار نہ ہوا۔ لیکن عام شہروں میں اسپورٹس کار کو بھی ایک خاص حد تک گرجنے کی اجازت ہے جس سے تجاوز گاڑی اور اس کے مالک کو قانون کی گرفت میں پہنچا سکتا ہے۔ کچھ ایسا ہی لاہور میں محکمہ تحفظ ماحولیات (EPA)، ٹریفک پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی مشترکہ مہم کے دوران ہوا جہاں 60 گاڑیوں کے مالکان کو صوتی اور فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بننے پر جرمانہ بھگتنا پڑا۔

مذکورہ اداروں کی جانب سے گاڑیوں اور موٹرسائیکل کے باعث صوتی و فضائی آلودگی میں ہونے والے اضافے سے آگاہی کی مہم چلائی جارہی ہے۔ اس مقصد کے لیے چار افراد پر مشتمل ٹیمیں لاہور کے مختلف علاقوں میں تعینات ہیں جو اپنی حدود سے گزرنے والی گاڑیوں کی جانچ کر کے حسب ضرورت چالان پیش کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑیوں اور موٹر سائیکل کا دھواں چہرے کو نقصان پہنچا سکتا ہے

اب تک لاہور میں 254 گاڑیوں کو ماحولیاتی آلودگی کے قوانین کی رو سے جانچا جا چکا ہے جن میں سے 60 گاڑیاں خلاف ورزی کی مرتکب قرار پائی ہیں۔ اس کے ساتھ یہ ٹیمیں 2-اسٹروک موٹر سائیکل اور رکشاؤں کے خلاف بھی کاروائی کر رہی ہیں کیوں کہ قانون کی رو سے اب صرف 4-اسٹروک سواریاں ہی سڑکوں پر چلانے کی اجازت ہے۔

اس آگاہی مہم کا مقصد صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گاڑیوں سے ہونے والی شور شرابے اور ہوا میں زہریلی گیسز کی موجودگی میں کمی لانا ہے۔ عام افراد کو ماحولیاتی آلودگی سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے مختلف مواد پمفلٹ کی صورت میں بھی تقسیم کیا جارہا ہے۔ اس مہم کے ذریعے شہریوں کو گاڑیوں کی بروقت مرمت کروانے، معیاری آئل استعمال کرنے اور غیر ضروری ہارن استعمال نہ کرنے کے ساتھ 4-اسٹروک سواریاں استعمال کرنے کی ترغیب اور 2-اسٹروک سواریوں سے دور رہنے کی تلقین بھی کی جارہی ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.