سوزوکی گاڑیوں کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان

0 186

گزشتہ مالی سال ہونے والے منافع میں قابل ذکر کمی کے بعد پاک سوزوکی نے اگست 2016 کے دوران اپنی تیار کردہ گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ کردیا جس کے بعد سوزوکی مہران کی قیمت 6,50,000 روپے جبکہ سوزوکی سوِفٹ کی قیمت 15,11,000 روپے تک جا پہنچی۔ اس کے علاوہ سووکی ویگن آر اور کلٹس کی قیمت میں بھی 30 ہزار روپے اضافہ دیکھا گیا جبکہ کم قیمت گاڑیوں مثلاً سوزوکی راوی اور بولان کی قیمت میں بھی 20 سے 25 ہزار روپے تک اضافی ہوا۔

مزید پڑھیں: پاک سوزوکی نے گاڑیوں کی قیمت میں 1 لاکھ روپے تک اضافہ کردیا

اور اب ایک مرتبہ پھر پاک سوزوکی اپنی گاڑیوں کی قیمت میں رد و بدل کرنے والا ہے۔ پاک ویلز ذرائع کے مطابق سوزوکی گاڑیاں تیار اور فروخت کرنے والے ادارے کی جانب سے آئندہ ماہ جنوری 2017 میں اس حوالے سے باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔

یہ قدم ایک ایسے موقع پر اٹھایا جارہا ہے کہ جب سوزوکی کی متعارف کردہ مہنگی گاڑیوں پر زبردست بحث جاری ہے۔ یاد رہے کہ پاک سوزوکی واحد کار ساز ادارہ ہے کہ جو پاکستان میں 1000cc سے کم قوت والے انجن کی حامل گاڑیاں متعارف کروا رہا ہے۔ تاہم گاڑیوں کے معیار پر توجہ نہ دیئے جانے کے باعث لوگوں میں خاصی مایوسی پائی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ پاک سوزوکی جنرل منیجر مارکیٹنگ نے اب سے چند روز قبل ہی کہا تھا کہ پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنا پہلے سے زیادہ مہنگا کام بن چکا ہے۔ سوزوکی ویتارا کی تقریب رونمائی میں پاک ویلز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مقامی اداروں کو گاڑیوں میں نئی حفاظتی سہولیات اور جدید ٹیکنالوجی شامل کرنے کا کہا گیا ہے جس کے باعث گاڑیوں کی تیاری پر ہونے والے اخراجات مزید بڑھ گئے ہیں۔

اس حوالے سے کوئی بات کہنا مشکل ہے کہ قیمت میں نئے اضافے اور گاڑیوں کی تیاری میں اضافی اخراجات کا کوئی تعلق ہے یا نہیں البتہ ایک بات یقینی ہے کہ یہ پاکستان میں گاڑیاں خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے اچھی خبر نہیں ہے۔ اس حوالے سے ہم اپنے قارئین تک مزید معلومات پہنچاتے رہیں گے، ہمارے ساتھ رہیئے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.