اب انسان اور روبوٹس مل کر گاڑیاں تیار کریں گے!

0 168

اکیسویں صدی کی شروعات سے ہی نت نئی ایجادات منظر عام پر آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک طرف روز مرہ گھریلو امور انجام دینے کے لیے چھوٹی بڑی مشینیں پیش کی جارہی ہیں تو دوسری طرف پیچیدہ اور تکنیکی کاموں کے لیے بھی روبوٹس تیار کیے جارہے ہیں۔ ایک ایسے وقت میں کہ جب کارخانوں میں جدید روبوٹس کی خدمات حاصل کرنے کے حوالے سے بحث جاری ہے جرمن ادارے فورڈ موٹر کمپنی نے اس حوالے سے پھرتی دکھاتے ہوئے اپنے کارخانے میں جدید روبوٹس کا استعمال شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کم و بیش تین فٹ لمبے یہ روبوٹس فورڈ موٹر کمپنی نے جرمن ادارے کوکا روبوٹر کے ساتھ مل کر تیار کیے ہیں۔ کوکا روبوٹر جدید روبوٹ تیار کرنے اور پیچیدہ کاموں کو خودکار و سہل انداز سے انجام دینے کے لیے مختلف طریقہ کار وضع کرنے میں مہارت رکھتی ہے۔ کارخانوں میں روبوٹس کی تعیناتی سے قبل فورڈ نے ان جدید مشینوں کا باقاعدہ امتحان بھی لیا تھا جس میں کامیابی کے بعد انہیں فورڈ فیسٹاس میں شاک آبزرور نصب کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا نے ہائبرڈ گاڑیوں کے لیے جدید برقی موٹر تیار کرلی!

ان جدید روبوٹس میں خصوصی سینسرز لگائے گئے ہیں جن کی مدد سے یہ اپنے ہمراہ کام کرنے والے انسانوں کی جگہ کا تعین کر کے انہیں درکار مدد فراہم کرسکیں گے۔ یہ سینسر انہیں کسی بھی چیز سے متصادم ہوجانے کے خطرے سے بھی باخبر رکھیں گے تاکہ کارخانوں میں ممکنہ نقصانات سے بچا جاسکے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جرمن ادارے کے تیار کردہ یہ روبوٹس چائے اور کافی بنانے جیسے کام بھی بخوبی انجام دے سکتے ہیں۔

فورڈ (Ford) کا کہنا ہے کہ ان روبوٹس سے مانوسیت کے بعد کارخانوں میں کام کرنے والے مزدور مزید تیز رفتاری اور بہتر و محفوظ انداز سے مقررہ امور انجام دے سکیں گے۔ فی الوقت یہ روبوٹس کولون میں قائم کارخانے میں آزمائشی طور پر استعمال کیے جائیں گے اور ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے مستقبل میں دیگر مقامات پر ان کے استعمال کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس کارخانے کی ایک منیجر کیلی فیلکر نے کہاکہ ان کا ادارہ شمالی امریکا میں قائم کارخانوں میں ان روبوٹس کو استعمال کرنے کے حوالے سے سوچ بچارمیں مصروف ہے۔ یورپ میں فورڈ کمپنی کے ایک ڈائریکٹر کارل آنٹن نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی فورڈ گاڑیوں کے نئے ماڈل کے ڈیزائن اور تیاری کے شعبے میں لاتعداد مواقع پیدا کرسکتی ہے۔ تاہم انہوں نے اس پر مزید روشنی نہیں ڈالی کہ روبوٹس کی آمد سے گاڑیوں کے ڈیزائن میں کس طرح بہتری لائی جاسکے گی۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.