نئی سوزوکی مہران کی قیمت میں دستیاب 10 استعمال شدہ گاڑیاں

1 843

اگر آپ گاڑی لینے کے خواہشمند ہیں اور بجٹ لگ بھگ ساڑھے 7 لاکھ روپے ہے تو اکثر دوست اور احباب آپ کو بالکل نئی سوزوکی مہران VXR لینے کا مشورہ دیں گے۔ تمام ٹیکسز اور دیگر اضافی اخراجات کے بعد بھی آپ کو نئی مہران 7,30,000 روپے میں مل جائے گی۔ چونکہ مہران چھوٹی گاڑی ہے اس لیے یہ صرف انہی لوگوں کے لیے موزوں ہے کہ جن کی فیملی چھوٹی ہو۔ اس کے علاوہ مہران میں 800cc انجن شامل ہے جو بہت زیادہ رفتار فراہم کرنے کے قابل نہیں سمجھا جاتا۔ اس کے علاوہ ساڑھے 7 لاکھ روپے میں ملنے والی یہ گاڑی بہت سی ایسی سہولیات اور جدید خصوصیات سے عاری ہے کہ جو درآمد شدہ گاڑیوں میں دستیاب ہیں۔

پاکستان میں مقامی تیار شدہ اور جاپان سے درآمد شدہ کئی گاڑیاں ساڑھے 7 لاکھ روپے کے بجٹ میں دستیاب ہیں۔ یہ گاڑیاں استعمال شدہ ہونے کے باوجود نئی مہران کے مقابلے میں بہتر سمجھی جاتی ہیں۔ تو اگر آپ مہران ہی کی قیمت میں بہتر گاڑی لینا چاہتے ہیں تو درج ذیل 10 گاڑیوں کے بارے میں ضرور پڑھیں۔

2009-2010 سوزوکی کلٹس VXR

سوزوکی کلٹس کا شمار معروف فیملی ہیچ بیک گاڑیوں میں کیا جاتا ہے جس میں ایک چھوٹی فیملی، یعنی چار سے پانچ افراد، آرامدے سفر کا لطف اٹھا سکتی ہے۔ گو کہ کلٹس میں 1000cc انجن شامل ہے تاہم مہران کی طرح اس میں بھی کئی جدید خصوصیات مثلاً ریموٹ کنٹرول، امموبلائزر، ایئر بیگز وغیرہ شامل نہیں۔ اس کے علاوہ مسافروں کو بہتر سفری تجربہ فراہم کرنے کے لیے کیبن کو وسیع کرنے کی وجہ سے ڈگی میں جگہ خاصی کم ہوگئی ہے۔ پاکستان میں استعمال شدہ سوزوکی کلٹس VXR کا 2009-2010 ماڈل باآسانی 6 سے 7 لاکھ روپے میں خریدا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی کلٹس دنیا بھر میں 14 مختلف ناموں سے پیش کی گئی!

2006-2012 ڈائی ہاٹسو کورے

یہ گاڑی ان لوگوں کے لیے بہترین ہے جو مہران کے علاوہ کوئی چھوٹی ہیچ بیک خریدنا چاہتے ہیں۔ یہ پیمائش میں کافی چھوٹی لیکن آرامدے ہیں۔ ڈائی ہاٹسو کورے میں 847cc انجن شامل ہے جس کے ساتھ مینوئل یا آٹومیٹک گیئر منسلک کرنے کا انتخاب موجود ہے۔ ایک اندازے کے مطابق یہ گاڑی ایک لیٹر میں 14 سے 16 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔ چھوٹی گاڑی ہونے کے باوجود ڈائی ہاٹسو کورے کے سسپنشن بہترین ہیں۔ البتہ ڈگی میں گنجائش کافی کم موجود ہے۔ پاکستان میں استعمال شدہ ڈائی ہاٹسو کورے 6 سے ساڑھے 6 لاکھ روپے میں خریدی جاسکتی ہے۔

سوزوکی لیانا RXi

نئی ہیچ بیک کے بجائے اگر اسی قیمت میں سیڈان مل جائے تو کیا ہی بات ہے۔ سوزوکی لیانا 1300cc انجن کے ساتھ پیش کی جاتی ہے اور ایک اندازے کے مطابق ایک لیٹر میں 9 سے 12 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔ سیڈان ہونے کی وجہ اس گاڑی میں نہ صرف آرامدے سفر ممکن ہے بلکہ اس کی ڈگی میں بھی کافی گنجائش ہے۔ اگر CNG سلینڈر بھی ڈگی میں رکھ دیا جائے تو بھی کافی سارا سامان اس میں سما سکتا ہے۔ پاکستان میں صاف ستھری استعمال شدہ سوزوکی لیانا تقریباً ساڑھے 7 لاکھ روپے میں مل جائے گی۔

2004-2005 ہونڈا سِٹی i-DSI

پاکستان میں دستیاب معروف ہونڈا گاڑیوں میں سے ایک ہونڈا سٹی بھی ایک سیڈان ہے۔ ہونڈا سٹی کو دیگر چھوٹی سیڈان کے مقابلے میں زیادہ بہتر اور آرامدے سفری تجربہ فراہم کرنے والی گاڑی قرار دیا جاتا ہے۔ اس کا ظاہری انداز جتنا دلکش ہے اندر سے بھی یہ اتنی ہی خوبصورت ہے۔ سیڈان ہونے کی وجہ سے پچھلی جانب ڈگی میں بھی کافی گنجائش موجود ہے۔ ہونڈا سٹی1300cc انجن کے ساتھ بھی پیش کی جاتی ہے جو گاڑی کو ایک لیٹر میں 9 سے 12 کلومیٹر تک سفر کے قابل بناتا ہے۔ استعمال شدہ ہونڈا سٹی ساڑھے 7 لاکھ روپے میں بھی دستیاب ہے۔ سوزوکی مہران کی طرح اس گاڑی کی بھی بعد از استعمال قدر بہت اچھی سمجھی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: نئی اور پرانی گاڑیوں کی قدر و قیمت؛ ہونڈا سِٹی بہترین انتخاب!

2003-2005 ہونڈا سِوک EXi/VTi اوریئل

اگر آپ آرامدے سفر کے ساتھ بہتر انجن اور اضافی سہولیات چاہتے ہیں تو استعمال شدہ ہونڈا سوک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ اگر آپ 1600cc انجن کی حامل ہونڈا سوک پسند کرتے ہیں تو پھر یہ بات ذہن میں ضرور رکھیے کہ یہ انجن طاقتور تو ہے لیکن ایندھن بھی بہت زیادہ استعمال کرتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ہونڈا سوک 1.6 ایک لیٹر میں 7 سے 8 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔ یہ سیڈان متعدد خصوصیات بشمول پاور ونڈوز، پاور سائڈ مررز، پاور لاکس اور چند ماڈل میں چھت پر کھڑکی (سن روف) کے ساتھ بھی پیش کی جاتی ہے۔

ہونڈا سوک EXi بہترین ماڈل میں سے ایک ہے جس میں 1500cc انجن پیش کیا جاتا ہے۔ یہ ماڈل ایک لیٹر میں 8 سے 9 کلومیٹر تک سفر کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ اگر آپ اسے خریدنا چاہتے ہیں تو خیال رہے کہ اس گاڑی کے پرزے خاصے مہنگے ہوتے ہیں۔ بجٹ میں تھوڑا بہت اضافہ کر کے آپ ہونڈا سوک EXi کا 2006 ماڈل لگ بھگ 8 لاکھ روپے میں بھی خرید سکتے ہیں۔

2009-2011 سوزوکی آلٹو VXR

پاکستان میں تیار شدہ ہیچ بیک گاڑیوں میں سوزوکی آلٹو بھی شامل ہے۔ یہ چھوٹی گاڑی ان لوگوں کے لیے بہترین ہے کہ جو سیڈان لینا نہیں چاہتے اور انہیں ڈگی میں بھی زیادہ جگہ درکار نہیں۔ سوزوکی آلٹو 1000cc انجن کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔ اس میں ایئر کنڈیشننگ بھی شامل ہے تاہم اس کی کارکردگی زیادہ اطمینان بخش نہیں کہی جاتی۔ بہترین حالت میں استعمال شدہ سوزوکی آلٹو تقریباً 6 سے 7 لاکھ روپے کے بجٹ میں خریدی جاسکتی ہے۔

2004 مرسڈیز بینز اسمارٹ

دو دروازوں والی یہ بہت چھوٹی اور منفرد گاڑی نوجوانوں بالخصوص غیر شادی شدہ افراد کے لیے بہترین ہے۔ بہت چھوٹے سائز کی حامل مرسڈیز بینز اسمارٹ میں 660cc انجن شامل ہے جو ایک لیٹر میں 13 سے 15 کلومیٹر تک سفر کی اجازت دیتا ہے۔چونکہ اس میں شامل انجن بہت کم قوت والا ہے اس لیے مرسڈیز اسمارٹ رکھنے والوں کو بہت کم روڈ ٹیکس دینا پڑتا ہے۔ اگر آپ گاڑیوں کے شوقین ہیں تو پھر یہ گاڑی آپ کو بہت پسند آئے گی البتہ اسے خریدتے ہوئے انتہائی محدود گنجائش کو ضرور ذہن میں رکھیے گا۔

2008 سوزوکی آلٹو GII

اگر آپ مقامی تیار شدہ گاڑیوں سے مطمئن نہیں تو پھر یہ درآمد شدہ ہیچ بیک آپ کی ضرورت کو پورا کرسکتی ہے۔ جاپان سے درآمد شدہ سوزوکی آلٹو میں 660cc انجن شامل ہے جو ایک لیٹر میں 15 سے 16 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔ یہ ہیچ بیک کئی قابل ذکر خصوصیات مثلاً حفاظتی ایئر بیگز، پاور اسٹیئرنگ، پاور لاکس وغیرہ کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔پاکستان میں استعمال شدہ جاپانی سوزوکی آلٹو 6,75,000 سے 7,25,000روپے میں خریدی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی آلٹو بمقابلہ ڈائی ہاٹسو میرا – دو چھوٹی جاپانی گاڑیوں کا موازنہ

2011-2012 نسان کلپر E

زیادہ افراد کی گنجائش والی نسان کلپر کو موزوں ترین مِنی-وین قرار دیاجاتا ہے۔ اس میں 7 افراد باآسانی بیٹھ سکتے ہیں۔ نسان کلپر میں 660cc انجن شامل ہے جو ایک لیٹر میں 14 سے 16 کلومیٹر تک سفر کرنے کے قابل بناتا ہے۔ پاکستان میں جاپان سے منگوائی گئی استعمال شدہ نسان کلپر 6,80,000 سے 7,50,000 روپے میں خریدی جاسکتی ہے۔

2009-2011 سوزوکی بولان VX

اگر آپ اضافی گنجائش والی سادی سی گاڑی لینا چاہتے ہیں اور بعد از استعمال اسے اچھی قیمت پر فروخت بھی کرنے کے خواہشمند ہیں تو پھر سوزوکی بولان کا انتخاب کریں۔ یہ مِنی-وین بالکل عام ڈیزائن اور بغیر کسی قابل ذکر سہولت کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔ اس میں 800cc انجن شامل ہے جو گاڑی کو ایک لیٹر میں 11 سے 13 کلومیٹر تک سفر کی اجازت دیتا ہے۔ اگر آپ کی فیملی میں زیادہ افراد ہیں یا پھر آپ کاروباری مقصد سے گاڑی لینا چاہتے ہیں تو پھر استعمال شدہ سوزوکی بولان لگ بھگ 6,50,000 سے 7,50,000 روپے میں خریدی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان درآمد کی جانے والی 5 مشہور ترین جاپانی گاڑیاں

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.