V8 انجن کی حامل سوزوکی خیبر 44,995 ڈالر میں برائے فروخت!

0 315

پچھلے دنوں میرے ساتھی بلاگر عارف علی نے پاک ویلز پر سوزوکی خیبر (Suzuki Khyber) سے متعلق تفصیلی و معلومات تحریر لکھی۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی مارکیٹ میں سوزوکی خیبر کافی مشہور رہی ہے اور آج بھی اگر آپ استعمال شدہ گاڑیوں کی مارکیٹ پر نگاہ ڈالیں تو کئی سالوں پرانی یہ گاڑی ضرور نظر آئے گی۔ پاکستان میں اس کی پہلی جھلک سوزوکی سوِفٹ کے نام سے نظر آئی جسے جاپان سے درآمد کیا جاتا تھا۔ بعد ازاں 80 کے اواخر اور 90 کے اوائل میں پاک سوزوکی نے اسے خیبر کے نام سے تیار و فروخت کرنا شروع کیا۔

جاپان میں سوزوکی سوِفٹ اور پاکستان میں سوزوکی خیبر کے نام سے پیش کی جانے والی گاڑی امریکا میں شیورلیٹ اسپرنٹ کے نام سے فروخت کی جاتی رہی۔ 1984 میں متعارف ہونے والی شیورلیٹ اسپرنٹ اپنےو قتوں کی چھوٹی گاڑی شمار کی جاتی تھی۔ ان دنوں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کافی کم تھیں اس لیے لوگ چھوٹی گاڑیوں کے بجائے بڑی گاڑیاں خریدنے اور استعمال کرنے کو پسند کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 90 کی دہائی میں مشہور ہونے والی سوزوکی خیبر سے متعلق اہم معلومات

سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اسپرنٹ کو امریکا میں کم ایندھن پر طویل سفر فراہم کرنے والی تیسری بہترین گاڑی سمجھا جاتا تھا۔ ایک اندازے کے مطابق 1984 میں یہ گاڑی شہر میں 44 میل جبکہ طویل ہائے ویز پر 53 میل فی گیلن سفر کرسکتی تھی۔ یاد رہے کہ اس گاڑی میں ہائبرڈ ٹیکنالوجی شامل نہیں تھی۔ سوزوکی خیبر کی طرح شیورلیٹ اسپرنٹ کو بھی 1 ہزار سی سی 3-سلنڈر انجن کے ساتھ پیش کیا جاتا تھا۔ گاڑی کا مجموعی وزن کافی کم تھا لیکن اس کے باوجود یہ بہت زیادہ تیز نہیں تھی۔ اندازے کے مطابق 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچنے میں اسے 15 سیکنڈ کا دورانیہ درکار ہوتا تھا۔ اس کے باوجود اسپرنٹ کو شہر میں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے لیے بہترین گاڑی قرار دیاجاسکتا ہے۔

Suzuki Khyber [Chevy Sprint] Suzuki Khyber [Chevy Sprint] Suzuki Khyber [Chevy Sprint]

بعد ازاں شیورلیٹ اور سوزوکی نے شراکت داری کا خاتمہ کیا اور پھر سوزوکی نے اپنی گاڑیاں جنرل موٹرز (GM) کے ساتھ پیش کرنا شروع کردیں۔ امریکا میں آپ کو یہ گاڑی بہت کم نظر آئے گی۔ ایک بار میں نے اسے جیو میٹرو (سوزوکی کلٹس) کے نام سے دیکھا مگر اس کا انداز بہت عجیب تھا۔ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ آج یہ گاڑی آپ کو انہی لوگوں کے پاس ملے گی جو پرانی گاڑیاں جمع کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔ ایسے افراد نہ صرف ان گاڑیوں کو بہت اچھی حالت میں رکھتے ہیں بلکہ اگر کوئی انہیں خریدنا چاہے تو فروخت کرنا بھی پسند نہیں کرتے۔

حال ہی میں مجھے انٹرنیٹ پر 2 دروازوں والی شیورلیٹ اسپرنٹ (سوزوکی خیبر) کا ایک اشتہار گردش کرتا نظر آیا۔ یہ گاڑی پچھلے پہیوں کے علاوہ ہوبہو شیورلیٹ اسپرنٹ ہی لگتی ہے۔ اس کے علاوہ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں 945 ہارس پاور کا جڑواں-ٹربو 6600 سی سی V8 انجن لگایا گیا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ اس کے اندرونی ڈھانچے میں بھی قابل ذکر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی کلٹس دنیا بھر میں 14 مختلف ناموں سے پیش کی گئی!

فروخت کرنے والے کا کہنا ہے کہ اس سوزوکی خیبر کو عوامی مقامات کے نزدیک شاہراہوں پر چلانے کی اجازت بھی حاصل ہے۔ اس کے موجودہ مالک نے بتایا کہ یہ گاڑی انجینئری شاہکار ہے اور میرا بھی یہی خیال ہے کہ ایک چھوٹی گاڑی میں انتہائی برق رفتار انجن لگانا واقعی ایک کارنامہ ہے۔ یہ گاڑی 44,995 ڈالر میں فروخت کی جارہی ہے جو پاکستانی روپے میں 47 لاکھ سے بھی زائد رقم بنتی ہے۔ میرے خیال سے یہ گاڑیوں کے کسی عاشق کی ملکیت میں جائے گی جو اسے ہر ہفتے اس کی برق رفتاری کا لطف اٹھائے گا۔ ہمارے یہاں پاکستان میں بھی کئی ماہر افراد موجود ہیں جو مارکیٹ میں دسیتاب عام پرزوں سے اس طرح کی گاڑی بناسکتے ہیں۔ بس ضرورت ہے تو صرف لگن کی۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.