تمام موٹرویز پر الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت تمام موٹرویز پر الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشن بنائے گی۔ وہ وزارت سائنس اور برطانوی کمپنی EGV لمیٹڈ کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ دونوں نے ملک میں الیکٹرک بسیں بنانے کے لیے MoU پر دستخط کیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ “اگلے دو، تین سالوں میں پورا موٹر وے نیٹ ورک EV چارجنگ پر منتقل ہو جائے گا۔”
الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور پبلک ٹرانسپورٹ:
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ EGV یورپ کی سب سے بڑے بس مینوفیکچرنگ کمپنی ہے اور یہ پاکستان میں الیکٹرک بسیں بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ “یہ موجودہ حکومت کا الیکٹرک بسیں بنانے کے لیے کسی غیر ملکی ادارے کے ساتھ دوسرا معاہدہ ہے۔”
پہلے مرحلے میں بسیں تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں چلائی جائیں گی۔
اس کے علاوہ حکومت نے اگلے دس سالوں میں 40 فیصد پبلک بسوں کی الیکٹرک پر منتقلی کا اعلان کیا ہے۔
تین مہینے پہلے پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) نے اسلام آباد میں پہلا EV چارجنگ اسٹیشن بنایا تھا۔ افتتاح کے وقت وفاقی وزیر برائے بجلی عمر ایوب خان نے میڈیا سے کہا تھا کہ حکومت ملک بھر میں 24 الیکٹریکل وہیکل چارجنگ اسٹیشنز لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ وزیر نے کہا کہ حکومت فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات اٹھا رہی ہے۔
اسلام آباد میں الیکٹرک بائیک سروس:
پچھلے ہفتے ایک پرائیوٹ اسٹارٹ اپ نے اسلام آباد میں پاکستان کی پہلی الیکٹرک بائیک-شیئرنگ سروس لانچ کی ہے جس کا نام “ezBike” ہے ۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق سے اس سروس کا افتتاح کیا۔
پہلے مرحلے میں یہ سروس صرف راولپنڈی اور اسلام آباد میں دستیاب ہوگی۔
الیکٹرک بائیک ایپ:
“ezBike” ایک ایپ -بیسڈسروس ہے جو شہر کے مختلف مقامات پر الیکٹرک بائیکس رکھتی ہے۔ شہری ezBike موبائل ایپ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے قریب موجود الیکٹرک بائیک کو locate اور reserve کر سکتے ہیں۔ پھر وہ اسے چلاتے ہوئے اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں اور مخصوص علاقے میں پارک کر سکتے ہیں۔ جس کے بعد یہ اگلے صارف کے لیے available ہوگی۔
بنانے والوں کے مطابق رجسٹریشن سے بکنگ اور ادائیگی تک پورا عمل ڈجیٹل ہے۔ صارفین کو بائيک اَن لاک کرنے کے لیے 5 روپے ادا کرنا ہوں گے اور پھر سفر کے دوران 5 روپے فی منٹ۔ رائیڈر کسی کام کے لیے دورانِ سفر بائيک روک بھی سکتا ہے۔ اس دوران اس سے 2 روپے فی منٹ کے کم ریٹ لیے جائیں گے۔