بائیکیا کو زبردست دھچکے کا سامنا
بائیک رائیڈ ہیلنگ سروس بائیکیا کو زبردست دھچکے کا سامنا ہے کیونکہ انوسٹرز نے 13 ملین ڈالرز کی فنڈنگ روک لی ہے۔ انوسٹرز نے یہ قدم حکومت سندھ کی جانب سے ڈبل سواری پر پابندی میں 15 جولائی تک توسیع کی وجہ سے اٹھایا ہے جو کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے لگائی گئی ہے۔
بائیکیا کے سی ای او، صدر کا بیان:
اعلان پراپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے بائیکیا کے بانی اور سی ای او منیب مایر نے کہا ہے کہ ڈبل سواری کار یا رکشے میں سفر سے زیادہ محفوظ ہے۔ مایر نے کہا کہ “بائیکیا کے کیپٹن اپنے آپ کو کسٹمرز کو محفوظ رکھنے کے لیے دستانے، ماسک اور ہیلمٹ پہنتے ہیں۔”
بائیکیا کے نائب صدر عثمان چوہدری نے کہا کہ ڈبل سواری پر پابندی سے بے روزگاری میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہزاروں افراد بائیک رائیڈ سروس سے منسلک ہیں اور یہ پابندی اُن کو متاثر کر رہی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ یہ رائیڈرز قومی معیشت میں بڑا حصہ ڈال رہے ہیں۔
آئی ٹی منسٹر سے ملاقات:
اس پابندی کے حوالے سے بائیکیا کے نمائندوں نے اس مہینے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام سید امین الحق سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے وزیر کو بتایا کہ ڈبل سواری پر پابندی کی وجہ سے انوسٹرز سرمایہ لگانےمیں ہچکچا رہے ہیں، جس سے کاروبار کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے وزیر کو آگاہ کیا کہ “90 فیصد کاروبار ڈبل سواری پر انحصار کرتے ہیں اور 2/3 بزنس کراچی شہر سے آتا ہے،” اور صوبائی حکومت کی جانب سے عائد پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا۔
خطرناک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان بھر میں تمام سروسز کی بائیک رائیڈنگ کی سہولت پر پابندی ہے۔
پنجاب میں رائیڈ ہیلنگ سروسز سیلز ٹیکس کے دائرے میں:
اس سے پہلے پنجاب کی صوبائی حکومت نئے بجٹ کے ذریعے رائیڈ ہیلنگ ایپس کو سیلز ٹیکس دائرے میں لے آئی۔ اس سے پہلے یہ ایپس رینٹ اے کار سروسز کیٹیگری میں 16 فیصد ٹیکس دے رہی تھیں۔ لیکن اب انہیں پنجاب سیلز ٹیکس ایکٹ آن سروسز 2012 کے تحت صرف 4 فیصد ٹیکس دینا ہوگا۔
حکومت نے اس سیکٹر کے لیے الگ سربراہ اور اسپیشل ٹیکس ریٹ متعارف کروایا ہے۔ اس کے بعد اب پنجاب میں اس ٹیکس دائرے میں سروسز کی کل تعداد 69 تک پہنچ گئی ہے۔
آٹو انڈسٹری کی مزید اپڈیٹس، خبروں اور آرٹیکلز کے لیے پاک ویلز بلاگز پر آتے رہیے۔