چینی پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجرز لگائے گی
الیکٹرک گاڑیاں اب دنیا بھر میں عام ہوتی جا رہی ہیں، اور پاکستان بھی اسی راستے پر گامزن ہے۔ زیادہ سے زیادہ آٹو مینوفیکچرنگ کمپنیز کی جانب سے اپنی EVs لانچ کرنے سے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں اور چارجرز کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ چین کی RNL ٹیکنالوجیز نے پاکستان میں EV چارجرز کی مینوفیکچرنگ کے آغاز کے لیے پاکستان کے ڈائنامک انجینیئرنگ اینڈ آٹومیشن (DEA) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔
RNL ٹیکنالوجیز چین میں EV چارجرز بنانے اور فراہم کرنے والے بڑے اداروں میں سے ایک ہے۔ DEA پاکستان اور بیرونِ ملک انرجی سلوشنز فراہم کرنے والے اہم اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ دونوں ادارے پاکستانی مارکیٹ کے لیے EV چارجرز بنانے کے لیے شراکت کر رہے ہیں۔
DEA کے CEO اویس میر کا کہنا ہے کہ “RNL پاکستان میں اس شعبے کی پائیدار ترقی اور قیام کے لیے ہر ممکن حد تک DEA کی مدد کا خواہاں ہے۔ DEA اپنے LPG ایئر مکس اور LNG سلوشنز کے ذریعے ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب پوری کرنے کا وسیع تجربہ رکھتا ہے اور اب DEA اپنے علم اور تجربے کی بنیاد پر EV سیکٹر کے لیے بھی ایسا ہی چاہتا ہے۔”
اویس میر نے مزید کہا کہ نئی EV پالیسی کے اعلان کے بعد EVs کی مارکیٹ طلب بڑھ گئی ہے اور مزید EV مینوفیکچررز پاکستان آ رہے ہیں۔ شروع میں صرف ایک EV، آؤڈی ای-ٹرون تھی لیکن اب MG اور ہیونڈائی بھی جلد اپنی EVs لانچ کر رہے ہیں۔ EVs میں اضافے کے ساتھ چارجنگ اسٹیشنز کی طلب بھی بڑھ رہی ہے۔
اویس میر نے کہا کہ DEA ایک انرجی سلوشن پرووائیڈر کی حیثیت سے اپنی معلومات اور تجربے سے اس سیکٹر میں آگے بڑھنے اور ملک کی موٹر ویز، ہائی ویز اور انٹر سٹی شاہراہوں پٹرول پمپوں اور شاپنگ مالز میں EV چارجنگ اسٹیشنز کا سلسلہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
یہ DEA اور RNL ٹیکنالوجیز کا ایک زبردست منصوبہ ہے۔ اس وقت پاکستان EV ٹیکنالوجی کی دوڑ میں دوسرے ملکوں سے پیچھے ہے۔ ایسی جدت اور انتظامات سے ہماری آٹو انڈسٹری تیز رفتاری سے آگے بڑھ سکتی ہے۔