جی ہاں، آپ نے بالکل درست پڑھا۔ ہونڈا سوک ہائبرڈ نے 2025 نارتھ امریکن کار آف دی ایئر (NACOTY) کا باوقار ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس ہائبرڈ سیڈان نے 205 ووٹس کے ساتھ یہ اعزاز حاصل کیا۔ یہ اعلان رواں ماہ 10 جنوری 2025 کو ’ڈیٹرائٹ آٹو شو‘ کے میڈیا ڈے کے دوران کیا گیا، جو کہ ہونڈا کی مشہور سیڈان کے لیے ایک اور شاندار کامیابی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب سوک نے دل جیتے ہیں۔ حالیہ فتح ہونڈا سوک کا NACOTY ایوارڈز میں چوتھا اعزاز ہے، جو کسی اور گاڑی نے آج تک نہیں جیتا۔ 2006، 2016 اور 2022 میں بھی ہونڈا سوک کو یہ اعزاز ملا تھا۔
مزید برآں، یہ گیارہویں جنریشن کی سوک کے لیے دوسرا اور مجموعی طور پر ہونڈا کا ساتواں NACOTY ایوارڈ ہے۔ یہ چوتھی بار ہے جب سوک کو یہ ایوارڈ ملا ہے، جو اس ایوارڈ کی 30 سالہ تاریخ میں کسی بھی دوسری گاڑی کے لیے بے مثال ہے۔
اس مقابلے میں سوک ہائبرڈ نے کِیا K4 اور ٹویوٹا کیمرے کو شکست دے کر نارتھ امریکن چیمپیئن کا اعزاز حاصل کیا۔
SUVs اور MPVs سے بھرے ہوئے مارکیٹ میں، سوک e:HEV نے اپنی منفرد کارکردگی کے ذریعے توجہ حاصل کی اور شائقین کو سیڈان کی بے مثال کشش پر دوبارہ غور کرنے پر مجبور کیا۔
NACOTY ایوارڈز
NACTOY ایوارڈز گزشتہ تین دہائیوں سے آٹوموٹیو انڈسٹری میں جدت، ڈیزائن، حفاظت، اور ڈرائیور کی اطمینان کے بہترین امتزاج کو تسلیم کر رہے ہیں۔ 50 شمالی امریکی صحافیوں پر مشتمل ایک پینل ہر سال بہترین گاڑیوں کا انتخاب کرتا ہے۔
پاکستان میں ہنڈا سوک
پاکستانی مارکیٹ میں دستیاب ہونڈا سوک کے حوالے سے بات کی جائے تو یہاں کے صارفین کو سوک ہائبرڈ کے تجربے کا موقع نہیں ملا۔ ہونڈا اٹلس سوک کے اسٹینڈرڈ اور اوریئل ویریئنٹس پیش کرتا ہے، جو 1.5L ٹربوچارجڈ انجن کے ساتھ آتی ہیں۔ یہ انجن 127 ہارس پاور اور 180Nm ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ CVT ٹرانسمیشن، فرنٹ وِیل ڈرائیو (FWD)، اور ایکو و نارمل ڈرائیونگ موڈز کے ساتھ دستیاب ہے۔
آپ کی رائے؟
شمالی امریکہ میں ہونڈا سوک ہائبرڈ کو ملنے والے اس اعزاز پر آپ کا کیا خیال ہے؟ اپنی رائے کمنٹس سیکشن میں ضرور دیں!