کیا پنجاب کی گاڑیوں کی دوسرے صوبوں میں رجسٹریشن پر واقعی پابندی عائد کی گئی ہے؟
گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پنجاب نمبر کی گاڑیوں کی دوسرے صوبوں میں رجسٹریشن پر پابندی لگا دی گئی ہے، اور غیر پنجاب نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کو پنجاب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں۔ اس خبر نے گاڑی مالکان میں خاصی الجھن پیدا کر دی ہے۔ ہم نے اس معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے سرکاری ذرائع سے تصدیق کی، اور یہاں وہ معلومات ہیں جو اب تک معلوم ہو سکیں۔
کیا غیر پنجاب نمبر پلیٹس والی گاڑیاں پنجاب میں ممنوع ہیں؟
اس سوال کا جواب جاننے کے لیے ہم نے محکمہ ایکسائز کے حکام سے رابطہ کیا۔ انہوں نے واضح طور پر اس خبر کو جھوٹ قرار دیا۔ حکام نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ایک پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے مطابق، وہ گاڑی مالکان جو کسی دوسرے صوبے کے رجسٹریشن نمبر کے ساتھ پنجاب میں رہائش پذیر ہیں، اپنی گاڑی کو دوبارہ رجسٹریشن کروا کر پنجاب کا نمبر حاصل کر سکتے ہیں۔ لیکن یہ مکمل طور پر اختیاری ہے، اور اس پر عمل درآمد کسی پر لازمی نہیں۔
لہذا، یہ واضح ہو گیا کہ اگر آپ کے پاس کسی دوسرے صوبے کی نمبر پلیٹ ہے، تو آپ بغیر کسی مسئلے کے پنجاب میں اپنی گاڑی چلا سکتے ہیں۔