پرانی ہونڈا سی ڈی 70 پر نیا اسٹیکر لگا دیا گیا

0 2,945

اٹلس ہونڈا نے ہونڈا ‏CD70 پر نیا اسٹیکر لانچ کر دیا ہے، لیکن اُسی پرانی باڈ ی کے ساتھ۔ یہ نیا اسٹیکر پیلے اور نیلے رنگ کا ملاپ رکھتا ہے، جبکہ اس میں لال اور کالے رنگ کی جھلک بھی نظر آتی ہے۔ اس کے علاوہ کالے رنگ کی موٹر سائیکل پر موجود اسٹیکر لال، نیلے اور ہرے رنگ میں ہے جبکہ اس کا بارڈر سفید رنگ کا ہے۔

ہونڈا ‏CD70 پاکستان میں عوام میں سب سے زیادہ مقبول موٹر سائیکل سمجھی جاتی ہے۔ یہ موٹر سائیکل کم فیول خرچ، مرمت پر آنے والی کم لاگت اور پارٹس کی آسان دستیابی کی وجہ سے مشہور ہے۔ اس موٹر سائیکل کی مقبولیت کی ایک اور وجہ لوکل مارکیٹ میں مقابلہ نہ ہونا ہے۔

اس لیے کمپنی نے اس موٹر سائیکل کی شکل یا مٹیریل میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی ہے۔

ہونڈا ‏CD70 کی قیمت میں اضافہ:

اٹلس ہونڈا نے یکم اگست 2020 کو اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں تبدیلی کی تھی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ہونڈا CD70 کی نئی قیمت 1 ہزار روپے اضافے کے ساتھ 76,900 روپے سے بڑھا کر 77,900 روپے کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ‏CG-125 اب 1,29,900 روپے کی ہوگی جبکہ اس کی پرانی قیمت 1,28,900 روپے تھی۔ CG-125S اور CG-125SE کی قیمتوں نے 2,000 روپے کا اضافہ دیکھا جو اب بالترتیب 1,54,900 روپے اور 1,56,900 روپے ہے۔

اس کے علاوہ CF150F نے قیمت میں 5,000 روپے کا سب سے بڑا اضافہ دیکھا اور اس کی نئی قیمت اب 2,44,500 روپے ہوگی جو پہلے 2,39,500 روپے تھی۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کمپنی نے اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمتیں بڑھائی ہیں۔ اٹلس ہونڈا نے جولائی 2020 میں بھی ایسا کیا تھا، جب ہونڈاCD70 کی قیمت میں 1,400روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔

بجٹ ‏2020-21 میں رعایت:

یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ حکومت نے بجٹ ‏2020-21 کے تحت 200cc تک کے انجن رکھنے والی گاڑیوں پر Ambit of Advance Taxیعنی AAT کا خاتمہ کر دیا ہے۔ اپنی بجٹ تقریر کے دوران وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا تھا کہ یہ قدم معاشرے کے نچلے طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔

قیمتوں میں نیا اضافہ پاکستان میں پہلے ہی سے سست مارکیٹ کو مزید متاثر کرے گا۔ پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA)کے مطابق مئی 2020میں دواور تین پہیوں والی گاڑیوں کے 38,167 یونٹس فروخت ہوئے۔ یہ سیلز مئی 2019ء میں فروخت ہونے والی 1,54,782گاڑیوں کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں۔ رپورٹ کہتی ہے کہ موجودہ مالی سال کے دوران موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی فروخت میں 27 فیصد کمی دیکھی گئی ہے جو پچھلے سال 1.64 ملین یونٹس کے مقابلے میں 1.22 ملین رہ گئی ہے۔

آٹو انڈسٹری کے بارے میں تازہ ترین خبروں، اپڈیٹس اور ریویوز کے لیے پاک ویلز بلاگ پر آتے رہیں۔

 

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.