سوزوکی آلٹو میں خرابی، گاڑیاں واپس منگوا لیں
پاک سوزوکی موٹر کمپنی لیمیٹڈ نے 2019، 2020، 2021 ماڈل کی سوزوکی آلٹو واپس منگوا لیں ہیں۔ کمپنی کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سوزوکی نے آلٹو کے یونٹس تمام یونٹس واپس منگوا لیے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ شبہ ہے کہ ان گاڑیوں کے نیک (Neck) فیول فلٹر کو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ زنگ لگ سکتا ہے اور بدترین حالت کی وجہ سے اس میں سوراخ بھی ہو سکتا ہے۔ لہذا، سوزوکی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متاثرہ حصے کی اپوائنٹمنٹ اور تبدیلی کے لیے اپنی قریبی سوزوکی ڈیلرشپ سے رابطہ کریں۔
کمپنی نے مزید کہا کہ یہ ایک ملک گیر سروس مہم ہے جس کا آغاز کراچی سے کیا گیا ہے۔
فیول فلٹر نیک (Neck)کیا ہے؟
فیول فلٹر نیک، نام سے یہ ظاہر ہے کہ یہ وہ حصہ ہے جہاں سے آپ اپنی کار کے ٹینک کو بھرتے ہیں۔ اس حصے کے تین حصے ہیں جہاں پہلا حصہ دھات کا ہے، دوسرا حصہ ربڑ کا ہے جبکہ آخری حصہ بھی دھات کا بنا ہوا ہے۔ فیول فلٹر نیک پہلا حصہ ہے جہاں پیٹرول کی نوزل فِٹ ہوتی ہے۔
سوزوکی نے جس خرابی کا ذکر کیا ہے، اس وجہ سے زنگ لگ جاتا ہے اور اس حصے میں سوراخ ہو جاتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں خدشہ ہے کہ زنگ پٹرول میں مل کر انجن کو نقصان پہنچائے گا۔ مزید برآں، اس حصے میں سوراخ گاڑی کی کارکردگی کو بھی متاثر کرے گا۔
لہذا، اگر آپ کے پاس مذکورہ ماڈلز کی آلٹو کار ہے تو جلد از جلد قریبی ڈیلرشپ پر جائیں اور ملاقات کا وقت لیں تاکہ آپ مسئلہ حل کر سکیں۔
جیسا کہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ مہم فی الحال صرف کراچی کے لیے ہے۔ امید ہے کہ یہ مہم بہت جلد دوسرے شہروں میں بھی شروع ہو جائے گی۔