پروٹون پاکستان لوکل اسمبلی اِس تاریخ کو شروع کرے گا
آج ہم اپنے قارئین کے لیے پروٹون پاکستان اور اس کی گاڑیوں پروٹون ساگا اور X70 کی مقامی اسمبلی کے حوالے سے دلچسپ خبر کے ساتھ آئے ہیں۔ Pakwheels.com سے بات کرتے ہوئے پروٹون کے ایک عہدیدار نے کہا کہ کمپنی ستمبر 2021 میں پروٹون X70 کی مقامی اسمبلی شروع کردے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ “جبکہ ساگا کی لوکل پروڈکشن اس سال جون/جولائی میں شروع ہو جائے گی۔”
یہ ان لوگوں کے لیے زبردست خبر ہے جو یہ گاڑیاں بک کروا چکے ہیں جو انہیں اِسی سال مل جائیں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پلانٹ سالانہ 25,000 یونٹس کی پیداوار رکھے گا۔ رپورٹ مزید بتاتی ہے کہ منصوبے کو 30 ملین ڈالرز کی ابتدائی سرمایہ کاری ملے گی۔ جبکہ پلانٹ روزگار کے 2,000 بلاواسطہ اور 20,000 بالواسطہ مواقع پیدا کرے گا۔ تو یہ لوکل آٹو انڈسٹری کے لیے ایک زبردست خبر ہے۔
پروٹون گاڑیوں کی ڈلیوری:
پروٹون کے عہدیدار نے مزید کہا ہے کہ کمپنی پہلے ہی گزشتہ ماہ پروٹون X70 کی ڈلیوری شروع کر چکی ہے۔ “البتہ کووِڈ-19 کی وجہ سے ملائیشیا میں کنٹینرز کی کمی ہے، جس کی وجہ سے X70 کی اگلی ڈلیوریز کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔” اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ پروٹون ساگا کی ڈلیوری اپریل 2021 کے آخر میں شروع ہو جائے گی، جس کا مطلب ہے ایک مہینے کے اندر اندر۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پروٹون 2020 میں لوکل اسمبلی شروع کرنے کا ارادہ رکھتا تھا؛ لیکن کووِڈ-19 اور اس کے عالمی آٹوانڈسٹری پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے کمپنی کو اپنے منصوبے میں تبدیلی کرنا پڑی۔
پروٹون نے دسمبر 2020 میں X70 نامی SUV جاری کی؛ جبکہ کمپنی اپریل 2021 میں ساگا کی لانچ کے ساتھ سیڈان کی کیٹیگری میں بھی داخل ہو گئی۔
ان کے ساتھ ہی پروٹون پاکستان اپنے مقابل اداروں کو سخت مقابلہ دینے کے لیے تیار ہو گیا ہے۔ کومپیکٹ SUV سیگمنٹ میں مقابل اداروں میں ہیونڈائی نشاط، کِیا لکی موٹرز اور DFSK ہیں۔ اس کے علاوہ اس کی ساگا کومپیکٹ سیڈان سیگمنٹ میں ٹویوٹا یارِس، چنگان ایلسوِن اور ہونڈا سٹی کا مقابلہ کرے گی۔
کیا آپ نے پروٹون کی کوئی گاڑی بُک کروائی ہے؟ آپ پروٹون گاڑیوں کے CKD یونٹس سے کیا توقعات ہیں؟