ٹرکوں پر لگے انڈر رائیڈ گارڈز، زندگی کی ایک علامت
چند روز قبل ایک خوفناک حادثے کے متعدد ویڈیو کلپس وائرل ہوئے۔ یہ ویڈیوز کِیا سپورٹیج اور ایک ڈمپ ٹرک کے حادثے کے بارے میں تھیں۔ جن میں دیکھا جا سکتا تھا کہ کیسے ایک تیز رفتار کِیا سپورٹیج ڈمپ ٹرک کیساتھ پیچھے سے ٹکراتی ہے۔ جس کے نتیجے میں گاڑی کا فرنٹ مکمل طور پر تباہ ہو جاتا ہے۔ بعد ازاں، گاڑی میں آگ لگ گئی۔
بدقسمتی سے گاڑی میں سوار ڈرائیور سمیت دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔ اللہ رب العزت مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی طاقت دے۔
ایک اہم نصیحت
اس سے پہلے کہ ہم بات کا آغاز کریں، ہم آپ کو کہیں گے کہ براہ کرم محفوظ اور ذمہ داری سے گاڑی چلائیں۔ ہمیشہ ڈرائیونگ کے قوانین پر عمل کریں۔ آپ کا ایک معمولی سی غلطی یا لاپرواہیتباہ کن نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ براہ کرم دھیان سے گاڑی چلائیں اور ڈرائیونگ کے دوران کوئی دوسرا کام نہ کریں، یعنی ڈرائیونگ کے دوران سیل فون کے استعمال سے گریز کریں۔
اس کے علاوہ اپنے جارحانہ رویے کو کنٹرول کریں، رفتار کی حدود پر عمل پیرا ہوں اور ٹریفک اور موسمی حالات کے مطابق اپنی ڈرائیونگ کو ایڈجسٹ کریں۔ ہمیشہ لین ڈسپلن پر عمل کریں اور کبھی بھی غلط سائیڈ سے اوورٹیک نہ کریں۔ آگے جانے والی گاڑی سے ہمیشہ فاصلہ رکھیں اور سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں۔
لوکل گاڑیوں میں حفاظتی اقدامات
روڈ سیفٹی اور دیگر حفاظتی اقدامات کی بات کی جائے تو اور ہماری لوکل گاڑیوں میں حفاظتی اقدامات بہت کم دیکھنے میں آتے ہیں۔ اس کے برعکس امپورٹڈ گاڑیوں میں بہترین سیفٹی فیچرز دیکھے جا سکتے ہیں۔ اسی طرح کمرشل ٹرانسپورٹ یعنی بسوں، ٹرکوں، ٹریلر اور سامان لے جانے والی دیگر گاڑیوں کے معاملے میں سیفٹی فیچرز کی صورتحال اور بھی خراب ہے اور یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ بدقسمتی سے کمرشل وہیکلز سے متعلق کوئی حفاظتی مینڈیٹ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی ایجنسی ہے جو اس طرز کے کسی بھی ضابطے کی جانچ اور نفاذ کرسکتی ہے۔
انڈر رائیڈ گارڈز
اگرچہ کمرشل گاڑیوں سے متعلق بہت سے مسائل ہیں لیکن یہ حالیہ حادثہ کافی پریشان کن ہے۔ جس سے پتہ چلتا ہے کہ ہمارے بیشتر ٹرکوں، ٹریلر یا دیگر کمرشل گاڑیوں میں ایک انتہائی سادہ اور بنیادی حفاظتی چیز یعنی انڈر رائیڈ گارڈز نہیں پائی جاتے جبکہ شمالی امریکا، یورپ اور دیگر ایشیائی ممالک میں انڈر رائیڈ گارڈز لگانا ضروری ہے۔ انڈر رائیڈ گارڈز ایک میٹل فریم ہوتا ہے جو ٹرکس اور ٹریلرز کے پیچھے لگایا جاتا ہے۔
پیسنجرز وہیکلز کا فرنٹ اس طرح ڈیزائن کیا جاتا ہے کہ کسی بھی قسم کا بھیانک حادثہ سامنے بیٹھے مسافروں کو جانی نقصان نہ پہنچا سکے۔ اسی طرح گاڑی کے اگلے حصے میں موجود ائیر بیگز سیٹ بیلٹس بھی گاڑی میں بیٹھے افراد کی حفاظت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ٹرکس اور خاص طور پر ڈمپ ٹرکس کی گراؤنڈ کلئیرنس زیادہ ہوتی ہے۔ کسی حادثے کی صورت میں کوئی کراس اوور یا ایس یو وی ٹرک کیساتھ پیچھے سے ٹکراتی ہے تو بہت زیادہ امکانات پائے جاتے ہیں کہ یہ ٹرک کے پچھلے حصے کے نیچے سلِپ ہو جائے۔ جس کے نتیجے میں سامنے والی سیٹ پر بیٹھے مسافروں کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے کیونکہ اس صورت میں کسی بھی گاڑی کا فرنٹ سیفٹی ڈیزائن یا ائیر بیگز وغیرہ ناکام ہو جاتے ہیں۔ حتی کہ 20 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رفتار سے چلنے والی گاڑی کا حادثہ بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ گاڑی ٹرک کے پچھلے حصے کے نیچے سلپ ہونے کی وجہ سے گاڑی میں موجود افراد کا اوپری جسم ٹرک کی باڈی سے ٹکرا جائے گا۔ بیرون ممالک ہزاروں لوگ ایسے حادثات میں ہلاک ہو چکے ہیں اور پاکستان میں بھی ایسے حادثات میں بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں یا مارے جا چکے ہیں۔
امریکا اور یورپ
امریکا اور یورپ میں ایجنسیز اس مسئلے پر کام کرتے ہوئے ایک قانون نافذ کیا ہے۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہوتا ہے، انڈر رائیڈ گارڈز گاڑیوں کا حادثے کے دوران کسی بھی گاڑی کو ٹرک کے پچھلے حصے کے نیچے سلَپ ہونے سے بچاتے ہیں۔ امریکا میں انڈر رائیڈ اِمپیکٹ بارز زمین کی سطح سے 22 انچ سے زیادہ اونچے نہیں ہوتے جبکہ یورپ میں یہ 17 سے 20 انچ اونچے ہوتے ہیں۔
ہم پرزور سفارش کرتے ہیں کہ پاکستان میں متعلقہ اتھارٹی اس مسئلے کا حل تلاش کرے اور اسے تمام ٹرکوں اور ٹریلرز پر لازمی قرار دے۔ یہ ایک ایسا نظام ہونا چاہیے جو کسی ایجنسی کے ذریعہ ڈیزائن اور منظور شدہ ہو نہ کہ خود ٹرک چلانے والوں کے ذریعے ڈیزائن کیا گیا ہو اور اس کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے دوسری صورت میں اس اقدام کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
آخر میں ہم ایک بار پھر زور دیں گے کہ محفوظ ڈرائیونگ کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ لہذا، براہ کرم ذمہ داری سے گاڑی چلائیں۔
نوٹ: ہم حساسیت اور خاندان کی صورتحال کو سمجھتے ہوئے کبھی بھی اس ویڈیو کلپ کو دوبارہ شیئر نہیں کرنا چاہتے تھے، اسی لیے ہم پیشگی معذرت چاہتے ہیں۔ یہ ایسے حادثات ہیں جو آئے روز دیکھنے میں آتے ہیں جن پر اگر قابو نہ پایا گیا تو مزید کئی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔