کریم کی جانب سے خواتین کے لیے مخصوص ٹیکسی سروس کا آغاز

0 149

متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والی جدید ٹیکسی سروس کریم نے پہلی مرتبہ خواتین کے لیے مخصوص نئی اور منفرد ٹیکسی سروس شروع کردی ہے۔ دبئی ٹیکسی کارپوریشن (DTC) اور کریم کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد دبئی کی خواتین اب خاتون ‘کپتان’ کے ہمراہ پرتعیش گاڑیوں میں بھی سفر کرسکیں گی۔

کریم کی جانب سے شروع کی جانے والی اس سروس کو “امیرہ” کا نام دیا گیا ہے جس کے لغوی معنی ‘شہزادی’ کے ہیں۔ خواتین کے لیے مخصوص اس سروس میں شامل گاڑیوں پر نظر ڈالیں تو اندازہ ہوتا ہے واقعی یہ شہزادیوں والی سواریاں ہی ہیں۔ امیرہ کو پندرہ پرتعیش گاڑیوں اور تربیت یافتہ خواتین ڈرائیورز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ خواتین کی پرائیویسی یقینی بنانے کے لیے ان گاڑیوں میں رنگین شیشے استعمال کیے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ امیرہ کی گاڑیوں میں جدید سہولیات بشمول وائی فائی اور موبائل فون چارجنگ وغیرہ بھی پیش کی جارہی ہیں۔

یاد رہے کہ دبئی میں خواتین کے لیے مخصوص “پنک ٹیکسی” سروس بھی کام کر رہی ہے تاہم وہ مخصوص مقامات جیسا کہ ہوائی اڈے وغیرہ تک محدود ہے۔ اس کے برعکس کریم کی متعارف کردہ امیرہ تمام دبئی کا احاطہ کر رہی ہے۔ صرف خواتین ہی کریم کی موبائل ایپ سے امیرہ بُک کرو اسکتی ہیں۔ مرد حضرات بھی اس سروس سے استفادہ کرسکتے ہیں لیکن اس کے لیے خاتون کا ہمسفر ہونا لازمی ہے۔ کریم کے اس اقدام سے جہاں دبئی میں مقیم خواتین کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی وہیں ملازمت کی خواہشمند خواتین کو بھی آمدنی کے مواقع حاصل ہوسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کے بعد کراچی میں بھی ‘کریم’ کی مانگ میں زبردست اضافہ

careem screenshot

پاکستان میں کریم کی بڑھتی ہوئی شہرت سے انکار ممکن نہیں۔ لاہور، اسلام آباد اور پھر کراچی میں کریم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اب روایتی ٹیکسی اور رکشہ ڈرائیوروں کی اجارہ داری کا دور ختم ہوا چاہتا ہے۔ گو کہ پاکستان میں خواتین کے گاڑیاں چلانے یا اکیلے سفر کرنے پر پابندی نہیں تاہم اکثر خواتین اب بھی پرائیوٹ گاڑیوں یا ٹیکسی سروس کو استعمال کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ لہٰذا یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اگر کریم “امیرہ” کو پاکستان میں بھی متعارف کروائے تو وہ بہت جلد خواتین میں مقبولیت حاصل کرسکتی ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.