7 لاکھ میں دستیاب 7 گاڑیاں
پاکستان میں نئی گاڑی سستی نہیں۔ بلکہ کئی مرتبہ تو ایسا بھی ہوتا ہے کہ بہتر معیار کی استعمال شدہ گاڑی کی قیمت بھی نئی مگر غیر معیاری گاڑی کے برابر ہی ہوتی ہے۔ لیکن قسمت اچھی ہو تو آپ کو کم بجٹ کے باوجود اچھی گاڑی مل سکتی ہے۔ ایسی ہی چند گاڑیاں ان لوگوں کی خدمت میں پیش ہیں جو عنقریب اپنے لیے گاڑی خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ان کا بجٹ 7 لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔
سوزوکی مہران / سوزوکی آلٹو
مہران کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ آلٹو کی دوسری جنریشن یعنی سوزوکی مہران ایک کئی دہائیوں سے ہماری سڑکوں پر راج کر رہی ہے اور شاید سب سے زیادہ قابل بھروسہ گاڑی بھی مانی جاتی ہے۔ اپنے چھوٹے سائز کے باوجود یہ سفری ضروریات کو پورا کر لیتی ہے۔ اگرچہ نئی سوزوکی مہران کی قیمت تو 7 لاکھ روپے سے زائد ہوچکی ہے تاہم آپ کو 2010ء کے آس پاس کا ماڈل اس بجٹ کے اندر ضرور مل جائے گا۔ اس کے علاوہ چوتھی جنریشن کی سوزوکی آلٹو، جو کہ مہران کے مقابلے میں زیادہ دلکش ہے، بھی اسی بجٹ میں مل سکتی ہے۔
سوزوکی کلٹس (پہلی جنریشن)
سال 2017ء میں کلٹس کا نیا ماڈل متعارف کروایا گیا ہے تاہم اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ لوگ پرانے ماڈل کو فی الفور خیرباد کہہ دیں گے۔ یہ پاکستان میں طویل عرصے تک فروخت ہونے والی گاڑیوں میں سے ایک ہے اور جب کبھی آپ 7 لاکھ روپے میں گاڑیاں تلاش کرنے نکلیں گے تو سب سے زیادہ سوزوکی کلٹس ہی سے واسطہ پڑے گا۔ 1000cc انجن کی حامل سوزوکی کلٹس کو روز مرہ سفری سہولت کے لیے بہترین اور قابل بھروسہ مانا جاتا ہے۔
ہونڈا سِوک (چھٹٰی جنریشن)
جب کبھی کسی سستی اور معیاری فیملی کار کی بات کی جاتی ہے، ہونڈا سِوک کا نام ذہن میں ابھرتا ہے۔ سِوک ایک لمبے عرصے تک ہونڈا کی بہترین فروخت ہونے والی گاڑیوں میں شامل رہی ہے۔ اس وقت ہونڈا سوک کی دسویں جنریشن پیش کی جارہی ہے جبکہ پرانی جنریشن والی استعمال شدہ سِوک بھی کم قیمت میں دستیاب ہے۔ چھٹی جنریشن ہونڈا سوک کو اب تک پیش کی جانے والی بہترین سوک میں شمار کیا جاتا ہے۔ کیوں؟ اس کا جواب تو آپ کو سوک (چھٹی جنریشن) دیکھ کر ہی مل جائے گا۔ اس میں 1600cc کا سبک رفتار انجن شامل ہے جسے تھوڑی بہت تبدیلیوں کے بعد مزید بہتر بھی بنایا جاسکتا ہے۔
نسان کلپر
یہ جاپان سے درآمد کی جانے والی چھوٹی MPV ہے۔ دیگر غیر ملکی MPVs کی طرح نسان کلپر کا انداز اور سفر بھی بہت زیادہ متاثر کن نہیں ہے۔ تاہم کم بجٹ میں اضافی گنجائش اور کم ایندھن خرچ کرنے والی گاڑی کی بات ہو تو نسان کلپر سے بہتر انتخاب کوئی اور نہیں ہوسکتا۔ چونکہ یہ جاپان میں تیار شدہ ہے اس لیے آپ کو کلپر میں تمام جدید خصوصیات بشمول ABS اور ایئربیگز وغیرہ بھی حاصل ہوں گے جو اتنے کم بجٹ والی کسی دوسری گاڑی میں آپ کو شاید نہ مل سکیں۔
ہونڈا سِٹی (چوتھی جنریشن)
پاکستان، بھارت اور انڈونیشیا جیسے ممالک میں زبردست شہرت رکھنے والی ہونڈا سٹی کو کامیاب ترین فیملی سیڈان مانا جاتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ہونڈا سِٹی میں شامل 1300cc انجن اور اس کی زبردست کارکردگی ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی کی گنجائش بھی ایک فیملی کے آرامدے سفر کے لیے مناسب ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ اس کی قیمت ٹویوٹا کرولا اور ہونڈا سِوک کے مقابلے میں کافی کم بھی ہے۔ یہ تمام خصوصیات آپ کو استعمال شدہ ہونڈا سٹی (چوتھی جنریشن) میں بھی مل جائیں گی جسے 6 سے 7 لاکھ روپے کے بجٹ میں خریدا جاسکتا ہے۔
ہیونڈائی سانترو
بے پناہ مقبولیت کے باوجود 2009ء میں ہیونڈائی سانترو کی پاکستان میں فروخت بند کردی گئی۔ اس کی اچھی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ لوگ آج بھی اسے بہت فخر سے استعمال کرتے ہیں اور یہ استعمال شدہ گاڑیوں کی مارکیٹ میں بھی دستیاب ہے۔ 1000cc انجن والی اس گاڑی کی سب سے منفرد بات ظاہری انداز تھا جو اس وقت کی گاڑیوں سے یکسر مختلف تھا۔ اس وقت استعمال شدہ سانترو 7 لاکھ یا اس سے بھی کم قیمت پر فروخت کی جارہی ہے۔ چھوٹی گاڑی ہونے کے باوجود اس میں پانچ افراد باآسانی سفر کرسکتے ہیں اس لیے سانترو کا انتخاب کبھی غلط نہیں کہا جاسکتا۔
ایندھن کی بچت، مناسب حجم اور جدید خصوصیات کی حامل جاپان کی چھوٹی گاڑیاں پاکستان بھر میں پھیل چکی ہیں۔ ایسی ہی ایک گاڑی ڈائی ہاٹسو میرا ہے جسے کارکردگی اور سہولت کے باعث روز مرہ استعمال کی بہترین گاڑی گردانا جاتا ہے۔ گو کہ اس کے نئے ماڈل خاصے مہنگے ہیں تاہم پرانے ماڈل کی قیمت نسبتاً کم ہے۔ سال 2007ء کا ماڈل آپ کو 7 لاکھ روپے کے بجٹ میں باآسانی مل سکتا ہے۔ گاڑی کی خصوصیات مثلاً ABS، پاور اسٹیئرنگ اور ایئر بیگز کو مدنظر رکھا جائے تو اسے کم بجٹ میں دستیاب بہترین گاڑیوں میں سے ایک قرار دیا جاسکتا ہے۔
کیا آپ کی نظر میں کوئی اور گاڑی بھی اس فہرست میں شامل ہونی چاہیے؟ ہمیں ضرور بتائیے!