ٹویوٹا کرولا GLi اسپیشل ایڈیشن – آخری کوشش؟

0 501

ہم ایک طویل عرصے سے سنتے آرہے ہیں ٹویوٹا اپنی بہترین برانڈ کرولا کے دو ماڈلز GLi اور XLi کو رخصت کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے اور اس کی جگہ ایک چھوٹی سیڈان یا پھر ہیچ بیک پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یہاں ممکنہ چھوٹی سیڈان سے مراد ٹویوٹا وائیوس ہے۔ بہت زیادہ امکان ہے کہ انڈس موٹر کمپنی بھی ہونڈا ایٹلس کی حکمت عملی کو اپناتے ہوئے ہونڈا سٹی کے مقابل گاڑی پیش کرے اور پھر کچھ اور، مثال کے طور پر 1000cc ٹویوٹا وِٹز کی متعارف کروائی جائے جس سے تمام ہی زمروں میں ہلچل مچ سکتی ہے۔

اور اب ایک ایسا اشارہ ملا ہے کہ جس نے مذکورہ دو ماڈلز کی رخصت کے خیال کو تقویت بخشی ہے۔ ٹویوٹا نے کرولا GLi کا اسپیشل ایڈیشن متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹویوٹا ڈیلرشپس نے اس خصوصی ماڈل کی بُکنگ بھی شروع کردی ہے جو کہ آئندہ سال مارچ یا اپریل میں خریداروں کو فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔

میں نے اس خبر کو 1300cc گاڑیوں کی رخصتی کا اشارہ اس لیے قرار دیا کیوں کہ عام طور پر کاروباری ادارے یہی طریقہ کار اپناتے ہیں کہ کسی بھی نئی مصنوعات کو متعارف کروانے سے پہلے پرانی مصنوعات کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں فروخت کردیا جائے۔ یہی کچھ سوزوکی نے بھی کیا تھا کہ جب نئی سوزوکی کلٹس پیش کیے جانے کا حتمی فیصلہ ہوگیا تو انہوں نے کلٹس کے پرانے ماڈل کو خیرباد کہنے سے قبل ایک اسپیشل ایڈیشن متعارف کروایا تھا۔

اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ کرولا GLi اسپیشل ایڈیشن کرولا میں دراصل “اسپیشل” یعنی خاص کیا ہے تو ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ ماڈل تین مختلف رنگوں میں دستیاب ہوگا۔ یاد رہے کہ رنگ کے انتخاب کی سہولت اس سے قبل XLi یا GLi  کے خریداروں کو دستیاب نہیں تھی۔ بہرحال، جن تین رنگوں میں سے آپ انتخاب کرسکتے ہیں وہ یہ ہیں:

  • سفید
  • سنہری
  • خاکی

اس کے علاوہ گاڑی کے ظاہری اور اندرونی حصے میں بھی چند ایک نمایاں چیزیں شامل کی گئی ہیں۔ مثال کے طور پر سائڈ اسکرٹس، نیا انفوٹینمنٹ سسٹم اور لگیج ٹرے وغیرہ۔ اسپیشل ایڈیشن کرولا GLi کی قیمت پر بات کریں تو نئے خریدار عام کرولا GLi کی قیمت پر 1,10,000 روپے اضافی ادا کر کے یہ خصوصی ماڈل حاصل کرسکتے ہیں۔

آخر میں بس یہی کہا جاسکتا ہے کہ اگر ٹویوٹا واقعی کرولا کے مقبول ترین ماڈل GLi اور XLi کو بند کرنے جا رہا ہے تو اس کا براہ راست اثر استعمال شدہ کرولا GLi کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں نظر آئے گا۔ اس کے علاوہ گاڑیوں پر ‘پریمیئم’ بھی بڑھ جائے گا۔ دونوں 1300cc ماڈل خریداروں کی توجہ کا مرکز رہے ہیں جس کی دو بنیادی وجوہات ہیں؛ اول یہ کہ دونوں ماڈل مکمل سیڈان کا رتبہ رکھتے ہیں اور دوم یہ کہ ان میں کم قوت والا انجن شامل ہے جس کی وجہ سے ٹیکس کی مد میں بھی کم ہی خرچہ ہوتا ہے۔

اور ٹویوٹا وائیوس بہرطور ایک چھوٹی گاڑی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ ٹویوٹا کے مداحوں کی کچھ تعداد کرولا GLi سے کسی اور گاڑی کی طرف منتقلی کو زیادہ سودمند نہ سمجھے کیوں کہ نئی گاڑی کی قیمت تو بہرحال رخصت ہوجانے والے ماڈل سے زیادہ نہیں تو کم بھی نہیں ہوگی۔ بہرحال، یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ ٹویوٹا کا یہ فیصلہ کس قدر مفید ثابت ہوتا ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.