استعمال شدہ گاڑی خریدنے سے پہلے انجن کی 5 چیزیں ضرور دیکھیں

15 762

اگر آپ پہلی بار گاڑی خریدنے جا رہے ہیں تو اپنی آنکھیں، کان اور دماغ ضرور کھلے رکھیں۔ فروخت کرنے والا کچھ افراد گاڑی کی خامیاں چھپانے کی کوشش کرتے ہیں اس لیے آپ کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی ایسی گاڑی خراب گاڑی آپ کے گلے نہ پڑجائے۔ اگر آپ کو گاڑی خریدنے کا زیادہ تجربہ نہیں تو گاڑیوں سے متعلق معلومات رکھنے والے کسی دوست یا رشتہ دار کو ہمراہ لے جائیں۔ لیکن اگر ایسا ممکن نہ ہو تو پریشان ہونے کی قطعاً ضرورت نہیں، کیوں کہ پاک ویلز ہے ناں!

اس مضمون میں ہم پانچ انتہائی اہم چیزوں سے متعلق بتا رہے ہیں جنہیں استعمال شدہ گاڑی خریدتے ہوئے ضرور جانچنا چاہیے۔ گاڑی کے بیرونی حصہ اور ظاہری صورتحال دیکھ کر گاڑی کی مجموعی حالت تو معلوم ہوجاتی ہے تاہم بہت سی ایسی اہم چیزیں بھی ہیں جو ظاہر میں کچھ اور اندر سے کچھ ہوتی ہیں۔ بہرحال ایسی چیزوں پر پھر کبھی روشنی ڈالیں گے فی الحال تو میں ایک ایسی شے سے متعلق بات کر رہا ہوں جسے گاڑی کا دل کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ جی ہاں! آپ بالکل ٹھیک سمجھے۔ میں انجن اور اس سے جڑے ہوئے اہم حصوں کو جانچنے کے حوالے سے سادہ لفظوں میں بیان کروں گا تاکہ ہمارے قارئین بہتر طور پر تمام باتیں سمجھ سکیں۔

دھویں کو دیکھیں

ڈیزل گاڑیوں سے دھویں کا اخراج تو عام بات ہے لیکن اگر آپ پیٹرول پر چلنے والی گاڑی لے رہے ہیں تو دھویں کو جانچنا بہت اہم ہے۔ اگر دھواں نیلے رنگ جیسا ہے تو یہ ظاہر کرتا ہے کہ گاڑی کا موٹر آئل جل رہا ہے۔ اگر صرف گاڑی اسٹارٹ کرتے ہوئے ہلکے نیلے رنگ کا دھواں نکلے اور بعد میں دھویں کا رنگ ٹھیک ہوجائے تو پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ عام طور پر پرانی گاڑیوں کے انجن پر آئل کی تہ جم جاتی ہے جو گاڑی اسٹارٹ کرتے ہوئے جلنے کی وجہ سے دھویں کا رنگ نیلا کردیتی ہے۔ لیکن اگر دھواں مسلسل نیلاہٹ کا شکار رہے تو یہ پریشانی والی بات ہے۔ بہتر رہے گا کہ آپ ایسی گاڑی خریدنے سے پرہیز کریں۔ اور اگر دھویں کا رنگ سیاہ ہے تو اس کا مطلب گاڑی بہت زیادہ ایندھن خرچ کر رہی ہے۔ اگر دھویں کا رنگ گاڑی اسٹارٹ کرنے کے بعد بھی سیاہی مائل رہے تو اس کے انجن میں کاربن جمع ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

blue smoke

تیل سے متعلق تمام چیزیں پرکھیں

کسی چھوٹی چھڑی کے ساتھ آئل کی تعداد اور معیار چیک کریں۔ اگر یہ گدلا اور گاڑھا ہے تو یہ ظاہر کرتا ہے کہ گاڑی کے موجودہ مالک کو طویل عرصے سے آئل تبدیل کروانے کی فرصت نہیں ملی۔ گاڑی کا بونٹ کھولنے کے بعد انجن کے قریب جمے ہوئے تیل کے نشانات پر غور کریں۔ پرانی گاڑیوں میں عموماً گدلے تیل کے نشانات موجود ہوتے ہیں جو زیادہ پریشانی کی بات نہیں ہے۔ لیکن اگر انجن کے اوپر یا آس پاس تیل تازہ لگ رہا ہے تو یہ تیل ٹپکنے کی نشانی ہوسکتی ہے اور مستقبل میں اس مسئلہ کو حل کرنے پر آپ کا بہت سا وقت اور پیسہ خرچ ہوسکتا ہے۔ تازہ تیل کے نشانات یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ گاڑی میں کسی اناڑی نے کام کیا ہے۔ مزید بہتر جائزے کے لیے آئل کا ڈھکن کھولیں اور اندر جھانک کر دیکھیں۔ اگر یہاں آپ کو سیاہ کاربن کی تہہ نہیں نظر آرہی اور ہر چیز صاف ستھری ہے تو یہ اچھی علامت ہے۔ گاڑی کے موجودہ مالک سے یہ بھی دریافت کریں کہ گاڑی زیادہ وقت کہاں کھڑی کی جاتی ہے۔ اس جگہ کا بھی معائنہ کریں آیا وہاں آئل گرنے کے نشانات تو نہیں۔

oil cap engine

سرد کار (Coolant) کا جائزہ لیں

گاڑی کا radiator کھولیں اور دیکھیں کہ موجودہ مالک نے گاڑی میں درجہ حرارت معمول پر رکھنے کے لیے سرد کار کا استعمال کیا ہے یا نہیں۔ پرانی گاڑی رکھنے والے بہت سے افراد اسے لگوانے میں کوتاہی برتتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ radiator کے ڈھکنے کو بھی دیکھیں۔ اگر یہ ڈھکن زنگ آلود ہے تو اس کا مطلب گاڑی کو طویل عرصے تک سادے پانی پر چلایا گیا ہے۔ اس صورت میں آپ کو بوتل کے آس پاس بھی زنگ کے نشانات ملیں گے۔یہ بھی دیکھیں کہ آیا ڈھکنے پرپانی کے ساتھ تیل کے نشانات تو نہیں ہیں؟ اگرآپ کو وہاں چکنا یا جھاگ والا پانی نظر آئے تو ایسی گاڑی سے دور رہنے میں ہی بہتری ہے۔

radiator-rust

انجن کی آواز سنیں

گاڑی کو دیر تک بند رکھیں اور پھر اسٹارٹ کریں۔ اس طرح آپ انجن کی درست حالت کا اندازہ لگا سکیں گے۔ مستقبل چلنے سے انجن گرم ہوجاتا ہے اور بہت سے عیب چھپ جاتے ہیں جنہیں آپ ٹھنڈے انجن کے ساتھ ہی پرکھ سکتے ہیں۔ گاڑی اسٹارٹ کرتے ہوئے انجن سے تھوڑی بہت آواز آنا تو عام سی بات ہے اس کے لیے پریشان ہونے کی بالکل ضرورت نہیں۔ یہ آواز انجن اسٹارٹ ہوجانے کے بعد غائب ہوجانی چاہیے۔ لیکن اگر انجن اسٹارٹ ہوتے ہوئے بہت زیادہ شور کرے تو یہ قابل تشویش ہے۔ ایک بار گاڑی تیار ہوجائے تو آہستہ سے آگے بڑھائیں اور غور کریں کہ آیا انجن سے کوئی غیر معمولی آواز آ رہی ہے یا نہیں۔ اگر انجن میں سے اسٹارٹ کرتے ہوئے یا بعد میں آواز آتی رہے تو فوری کسی تجربکار فرد کی رہنمائی حاصل کریں۔ انجن کو دوبارہ بنوانا بہت مہنگا کام ہے اور آپ پہلی گاڑی لے رہے ہیں تو ایسی پیچیدگیوں میں پڑنے سے پرہیز کریں ورنہ خراب انجن والی گاڑی پہلے ہی ہفتے مکینک کے پاس کھڑی ہوگئی اور آپ اس انتہائی برے تجربے کے بعد گاڑی لینے سے ہی توبہ کرلیں گے۔

without-valve-cover

گاڑی کو خود چلائیں

گاڑی خریدنے سے پہلے اس خود چلا کر دیکھیں۔ اس سے آپ کو نہ صرف گاڑی بلکہ اپنی سہولت کا بھی اندازہ ہوگا کہ آیا اسے چلاتے ہوئے آپ کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی تو لاحق نہیں ہورہی۔ ہوسکتا ہے کہ گاڑی بہت اچھی ہو لیکن آپ اسے چلاتے ہوئے اطمینان اور سکون محسوس نہ کریں۔ اس کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

انجن گاڑی کا حصہ ہے لیکن بہرحال اس کی اہمیت ایک حصے ہی کی ہے۔ اسی طرح ٹرانسمیشن بھی گاڑی ایک اہم حصہ ہے۔ گاڑی چلاتے ہوئے آپ ٹرانسمیشن کو بھی جانچ سکتے ہیں۔ گاڑی کو تیز رفتاری سے بھی چلائیں اور انجن و ٹرانسمیشن کی کارکردگی پر غور کریں۔ کھڑی ہوئی گاڑی میں بہت کچھ چھپایا جاسکتا ہے لیکن جب آپ گاڑی خود چلا کر دیکھیں گے تو پھر ہی مکمل تصویر واضح ہوگی۔

یہ چند چیزیں ہیں جن پر غور کر کے آپ گاڑی خریدنے یا نہ خریدنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ گاڑی ایک بہت بڑی مشین ہے اسی لیے اس میں بہت سی چیزیں جانچی جاسکتی ہیں جن کا احاطہ ایک تحریر میں ممکن نہیں۔ پھر بھی ہم نے کوشش کی کہ اپنے قارئین کو زیادہ اہم چیزوں سے متعلق سادہ الفاظ میں رہنمائی فراہم کی جائے۔

اگر آپ استعمال شدہ گاڑی خریدنے کا تجربہ رکھتے ہیں اور ہم سے اپنی معلومات بانٹنا چاہیں تو تبصرے کے ذریعے ہماری اور ہمارے قارئین کو ضرور مطلع کریں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.