ہونڈا کا ” پروجیکٹ 2&4 ” عجیب لیکن دلچسپ
آپ جتنا چاہیں ہونڈا کا مذاق اڑا لیں لیکن ایک بات ماننی پڑے گی جب ہونڈا سنجیدہ ہوجائے تو اس کو نظر انداز کرنا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہوجاتا ہے۔ این ایس ایکس، ایس2000، سوک ٹائپ-آر اور موٹر سائیکلز کی ایک طویل فہرست اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہے۔
لیکن اب ہونڈا کا ایک اور بالکل مختلف انداز سے سامنے آ رہا ہے جسے دیکھ کر لوگ اسے ‘سنکی’ خیال کرسکتے ہیں۔ ہونڈا کی جانب سے نئی ان ایس ایکس جب آئے گی سو آئی گی لیکن اس سے پہلے برق رفتاری کے شوقین حضرات کے لیے ہونڈا نے ایک نئی اور قدرے عجیب گاڑی پیش کی ہے جسے ‘پروجیکٹ 2&4’ کا نام دیا گیا ہے۔ اسے باضابطہ طور پر جرمنی میں ہونے والی فرینکفرٹ موٹر شو 2015ء میں پیش کیا جائے گا۔
چار پہیوں والی اس گاڑی کو موٹر بائیک اور گوکارٹ (go-kart) کے درمیان کی چیز کہا جاسکتا ہے جس میں آپ کو دروازے اور ڈیش بورڈ تو نہیں ملیں گے البتہ ایک سیٹ، اسٹیرنگ اور پیڈلز ضرور شامل ہیں۔ اس برق رفتار گاڑی میں ڈرائیور اور گاڑی کی حفاظت کا کچھ خاص انتظام نہیں لہذا جو بھی اسے چلائے گا وہ خود ہی نقصان کا ذمہ دار ہوگا۔
اس گاڑی میں 1 ہزار سی سی کا V4 انجن لگایا گیا ہے جو ہونڈا کی موٹر بائیک میں استعمال ہوتا ہے۔ نہیں نہیں، عام موٹر بائیک نہیں بلکہ ہونڈا کی موٹو جی پی موٹر بائیک RC213V جس کا انجن 14 ہزار آر پی ایم تک جا سکتا ہے۔ صرف 13 ہزار آر پی ایم (rpm) پر 212 براک ہارس پاور ملتی ہے تو سوچیے 14 ہزار آر پی ایم (rpm) پر اس کی رفتار کیا ہوگی۔ اور ہاں، عام گاڑی کے مقابلے میں اس کا وزن صرف 405 کلو گرام ہے۔ ہونڈا نے یہیں پر کہانی ختم نہیں کی بلکہ اس میں 6 اسپیڈ کے دو کلچز بھی لگائے ہیں۔
ہونڈا کی ‘ پروجیکٹ 2&4’ دیکھنے میں بھی بہت خوبصورت ہے۔