ہیونڈائی Genesis برانڈ کے تحت ہائبرڈ گاڑیاں پیش کرے گا
ہیونڈائی نے سال 2008 میں پُرتعیش گاڑیوں کے زمرے میں جینسز (Genesis) کے نام متعارف کروایا۔ بعد ازاں نومبر 2015 میں ہیونڈائی جینسز سے ہیونڈائی کا نام الگ کر دیا گیا اور اب جینسز کو ہیونڈائی موٹرز کا علیحدہ برانڈ تصور کیا جاتا ہے۔ بالکل ویسے ہی جیسے ٹویوٹا موٹرز کا لیکسز (Lexus) برانڈ ہے۔ جینسز برانڈ کی سربراہی لامبورگینی کے سابق ڈائریکٹر انجام دے رہے ہیں۔
کوریائی ادارے ہیونڈائی نے جس روز جینسز کا نام متعارف کروایا، اسی روز سے اسے جینسز موٹرز کے نام سے علیحدہ ادارے کا درجہ دینے اور کئی متوقع پُرتعیش گاڑیوں کے ماڈلز سے متعلق افواہیں گردش کرتی رہی ہیں۔ اب تازہ خبر یہ ہے کہ جینسز اپنی مہنگی اور پُرتعیش گاڑیوں کو ہائبرڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ متعارف کروانے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہیونڈائی آئیونِک 2017: ٹویوٹا پریوس کی اجارہ داری کو کھلا چیلنج!
ہیونڈائی موٹر امریکا کے سربراہ ڈیوڈ زوچوسکی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم چند ہائبرڈ گاڑیوں کو جینسز برانڈ کے تحت بھی پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال روز بروز ناگزیر ہوتا جارہا ہے اور پُرتعیش مارکیٹ میں اسے عام گاڑیوں سے زیادہ اہمیت حاصل ہوچکی ہے۔
جینسز پہلا برانڈ نہیں کہ جو پُرتعیش گاڑیوں میں پلگ ان ہائبرڈ ٹیکنالوجی کی حامل گاڑیاں متعارف کروائے گا۔ اس سے پہلے ہی متعدد جرمن کار ساز ادارے بشمول آوڈی، BMW، مرسڈیز اور پورشے ہائبرڈ گاڑیاں پیش کرتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جاپانی اور امریکی ادارے بھی ہائبرڈ پُرتعیش گاڑیوں کے میدان میں قدم رکھنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں جینسز اپنی موجودہ گاڑیوں کو بھی نئے ناموں سے پیش کر رہا ہے۔ نئی جینسز G80 نے پرانی جینسز سیڈان کی جگہ لے لی ہے اور جینسز G90 کو ایکیوس کی جگہ متعارف کروایا گیا ہے۔ بہت جلد 2 دروازوں والی کوپے بھی موجودہ جینسز کوپے کے متبادل پیش کی جائے گی جس میں نئی G70 اسپورٹس سیڈان بھی شامل ہے۔
ذیل میں آپ جینسز ہائبرڈ اسپورٹس سیڈان کی تصاویر ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ اسے چند ماہ قبل نیو یارک آٹو شو میں پیش کیا گیا تھا۔ یہ گاڑی مختلف مارکیٹوں میں جرمن ادارے BMW کی 3 سیریز کا مقابلہ کرے گی۔