کیا امموبلائزر کے ساتھ آپ کی گاڑی بالکل محفوظ ہے؟

2 347

دور حاضر میں امموبلائزر (immobilizer) گاڑیوں کے لیے ایک بنیادی ضرورت بن چکی ہے۔ یہ جدید ڈیوائس دراصل گاڑی کو چوری ہونے سے بچانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ گاڑی میں شامل کیا جانے والا امموبلائزر ازخود کام کرتا ہے اور اسے فعال یا غیر فعال کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ امموبلائزر کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ یورپی ممالک مثلاً جرمنی اور برطانیہ میں ہر گاڑی میں اس کی شمولیت لازمی قرار دی جاچکی ہے۔

car immobilizer

امموبلائزر کیسے کام کرتا ہے؟
امموبلائزر کے دو لازمی جزو ہیں جو گاڑی کو چوری ہونے سے بچاتے ہیں۔ پہلا جزو ٹرانسپونڈر گاڑی کی چابی میں جبکہ دوسرا جزو ریڈیو فریکوئنسی ریڈر اسٹیئرنگ میں نصب کیا جاتا ہے۔ عام طور پر امموبلائزر انجن اسٹارٹ کرنے کی کوئی ایک سہولت مثلاً ایندھن کی فراہمی یا اگنیشن کو غیر فعال رکھتا ہے۔ جیسے ہی گاڑی کی چابی سے انجن اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، ویسے ہی چابی میں موجود ٹرانسپونڈر ایک منفرد کوڈ اسٹیئرنگ میں لگے ہوئے فرکوئنسی ریڈر کو ارسال کرتا ہے۔ اگر فریکوئنسی ریڈر اس کوڈ کو پہچان لے تو گاڑی کی غیر فعال سہولت مثلاً اگنیشن سسٹم یا ایندھن کی فراہمی کو فعال کردیتا ہے اور گاڑی کا انجن اسٹارٹ ہوجاتا ہے۔ اگر ٹرانسونڈر کا بھیجے جانے والا کوڈ فریکونسی ریڈر کے لیے مانوس نہیں ہوتا تو وہ فی الفور اگنیشن یا ایندھن کی فراہمی کو منقطع کر دیتا ہے اور یوں گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش ناکام جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا کرولا میں امموبلائزر سمیت متعدد خصوصیات شامل

immobilizer key

عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ گاڑی چوری کرنے والے اسٹیئرنگ کو توڑ کر اور اگنیشن کے تاروں کو آپس میں جوڑ کر گاڑی اسٹارٹ کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ لیکن امموبلائزر کی موجودگی میں ایسا کرنا بھی ممکن نہیں ہے۔ جس گاڑی میں امموبلائزر شامل ہوگا اس میں اسٹیئرنگ کے پیچھے موجود تاروں کو جوڑنے سے بھی گاڑی اسٹارٹ نہیں ہوگی۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ نئی اور جدید گاڑیوں میں اسے کیوں لازمی شامل کرنے کا کہا گیا ہے۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ آپ پرانی گاڑیوں میں بھی امموبلائزر باآسانی لگواسکتے ہیں۔

immobizer key

امموبلائزر گاڑی کی حفاظت میں کتنا موثر ہے؟
اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ گاڑی میں امموبلائزر کی موجودگی کے بہت سے فائدے ہیں۔ اس ڈیوائس کو کام کرنے کے لیے مالک کے ڈرائیور کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ یہ گاڑی کے کمپیوٹر کی مدد سے ازخود کام کرتی ہے۔ اور جیسے ہی کوئی شخص بغیر چابی کے گاڑی چلانے کی کوشش کرتا ہے یہ فی الفور گاڑی کا سسٹم بند کر کے اسے اسٹارٹ نہیں ہونے دیتی۔ لیکن امموبلائزر کے چند کمزور پہلو بھی ہیں۔ اس ڈیوائس میں استعمال کی جانے والی میگاموس-چپ کو باآسانی توڑا جاسکتا ہے۔ اس کے ذریعے نئی چابی بنانا بھی زیادہ مشکل نہیں ہے۔ خاص طور پر جدید گاڑیوں میں استعمال کیے جانے والے امموبلائزر کے ساتھ ایسی کئی شکایات سامنے آئی ہیں۔

بہرحال، امموبلائزر ایک بہت ہی اہم حفاظتی سہولت ہے جو ہر گاڑی میں شامل ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دنیا بھر میں امموبلائز کی وجہ سے گاڑیاں چوری ہونے کی شرح میں قابل ذکر کمی آرہی ہے۔ تحقیق کے مطابق 1995 سے 2008 تک گاڑیوں کی چوری کے واقعات 40 فیصد تک کم ہوئے ہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.