رواں مالی سال کے سات ماہ میں ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں فروخت

0 212

پاکستان میں تیار ہونے والی نئی گاڑیوں کی فروخت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ رواں مالی سال 2015-16 کے ابتدائی سات ماہ (جولائی 2015 تا جنوری 2016) کے دوران فروخت ہونے والی گاڑیوں کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ پچھلے مالی سال 2014-15 اسی عرصے میں مجموعی طور پر 74,497 فروخت ہوئی تھیں۔ پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ مالی سال 2015-16 کا آغاز انتہائی حوصلہ افزا نتائج سے ہوا ہے اور اب تک پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 44.85 فیصد اضافے کے ساتھ 107,907 گاڑیاں فروخت کی جاچکی ہیں۔

Car Sales Monthly Figures

اس عرصے میں 1300 سی سی اور زائد انجن والی گاڑیوں کی طرف خریداروں کا زیادہ رجحان رہا ہے۔اس زمرے میں گزشتہ مالی سال کے سات ماہ میں 40,388 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں جبکہ اس مالی سال میں 49,168 گاڑیاں فروخت کی جاچکی ہیں۔ پچھلے سال 26,593 کی تعداد میں فروخت ہونے والی ٹویوٹا کرولا نے 33,225 گاڑیوں کی فروخت کے ساتھ اس سال بھی پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے۔سوزوکی سِوفٹ، ہونڈا سِوک اور سِٹی (Honda City) کی فروخت میں بھی معمولی اضافہ ہوا ہے۔ سوزوکی سوِفٹ گزشتہ سال 1,974 کی تعداد میں فروخت ہوئی جبکہ اس سال 2,318 سوِفٹ فروخت کی جاچکی ہیں۔ ہونڈا کی فروخت 11,799 سے بڑھ کر 13,625 تک جا پہنچی۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سِوک 2016 سات خوبصورت رنگوں میں دستیاب ہوگی

Toyota Pakistan Corolla Sales

ایک ہزار سی سی گاڑیوں کے زمرے میں پچھلے مالی سال (جولائی تا جنوری) 9,973 فروخت ہوئیں جبکہ رواں مالی سال 14,145 گاڑیاں بیچی گئیں۔ ان میں سب سے زیادہ (Suzuki Cultus) سوزوکی کلٹس 8,976 کی تعداد میں فروخت ہوئیں جبکہ سوزوکی ویگن آر 5,165 فروخت کے بعد دوسرے نمبر پر رہی۔ پچھلے سال مذکورہ گاڑیوں کی فروخت بالترتیب 7,747 اور 2,180 رہی تھی۔

800 سی سی انجن کی حامل گاڑیوں میں سوزوکی مہران اور سوزوکی بولان کی فروخت بالترتیب 22,292 اور 22,302 رہی جبکہ ان گاڑیوں کی پچھلے مالی سال فروخت بالترتیب 16,164 اور 7,972 رہی تھی۔

Suzuki Pakistan Wagor-R Sales Suzuki Pakistan Ravi Bolan Sales

صرف جنوری 2016میں گاڑیوں کی فروخت دیکھیں تو اس میں 5,544 کے ساتھ ٹویوٹا کرولا ہی سرفہرست ہے۔ اس کے بعد ہونڈا (Honda) سِوک اور سٹی کا نمبر آتا ہے جو 3,015 کی تعداد میں فروخت ہوئیں۔ تیسرے نمبر پر سوزوکی سوِفٹ موجود ہے جو 344 فروخت کی گئیں۔پاما کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2015 میں 14,019 گاڑیاں فروخت ہوئیں تھیں جبکہ سال 2016 کے پہلے ماہ 22.5 فیصد اضافے کے ساتھ 18,083 فروخت ہوئیں۔ ایک سال قبل یعنی جنوری 2015 میں کرولا کی فروخت 5,864 اور ہونڈا گاڑیوں کی فروخت 3,221 ملا کر مجموعی طور پر فروخت ہونے والی گاڑیوں کی تعداد 15,770 رہی تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا کہ پچھلے سال جنوری کے مقابلے میں کرولا اور ہونڈا گاڑیوں کی فروخت میں کمی کے باوجود مجموعی طور پر گزشتہ ماہ 12.8 فیصد زیادہ گاڑیاں فروخت ہوئیں ہیں۔

Honda Pakistan Cars Sales

ٹاپ لائن سیکورٹیز سے تعلق رکھنے والے محمد طاہر سعید نے موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سوزوکی (Suzuki) گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ دراصل پنجاب ٹیکسی اسکیم کی مرہون منت ہے جبکہ مجموعی صورتحال ملک میں امن و امان کی بہتری کا ثمر ہے۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ آنے والے مہینوں میں نئی گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کی شرح 15 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ یہ اب تک ہونے والے اضافے کی شرح سے بہت کم ہے۔ اس کی بنیادی وجہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب ٹیکسی اسکیم رواں ماہ اختتام پذیر ہورہی ہے جس کے بعد سوزوکی گاڑیوں کی فروخت میں کمی آنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ سوِک 2016 (new Honda Civic) کی وجہ سے پاکستان میں دستاب سِوک میں خریداروں کی عدم دلچسپی کا سلسلہ طویل پکڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹویوٹا کرولا کی فراہمی اب بھی دو سے چار ماہ تاخیر کا شکار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا وِزل RS: پاکستانیوں کی پسندیدہ وِزل ہائبرڈ کا جدید انداز

جاپان سے استعمال شدہ گاڑیوں کی پاکستان درآمد کیے جانے کے رجحان بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ سال 2015 میں مجموعی طور پر 34,765گاڑیاں درآمد کی گئیں تھیں۔ ان میں 25,000چھوٹی گاڑیاں ، 4,036 ایس یو ویز اور 2,456 پِک اپس/ وین شامل ہیں۔ لگ بھگ 5 ہزار ہائبرڈ گاڑیاں بھی پاکستان درآمد کی گئی ہیں۔ گاڑیوں کی درآمد میں اضافے سے مقامی صنعتوں اور ملک کی معیشت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد آٹو پالیسی کا اعلان کرے تاکہ پاکستان میں نئے کار ساز اداروں کی آمد سے متعلق صورتحال واضح ہو۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.