شہر میں ٹریفک کی صورتحال بہتر بنانے میں ناکامی پر لاہور ٹریفک پولیس کے سربراہ طیب حفیظ چیمہ کو عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔ ان کی جگہ ریٹائر کیپٹن سید احمد مبین کو نامزد کرتے ہوئے عہدہ سنبھالنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے طیب چیمہ کی کارکردگی پر متعدد مرتبہ عدم اطمینان کا اظہار کیے جانے کے باوجود سابق سربراہ کو لاہور میں ٹریفک جام سے نمٹنے کی منصوبہ بندی اور مسائل حل کرنے کے لیے وقت فراہم کیا گیا جس میں وہ ناکام رہے۔ ٹریفک کی ابتر صورتحال کے باعث جہاں لاہور کے شہریوں کو شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑا وہیں یہ امر حکومت پنجاب کے لیے شدید شرمندگی کا باعث بھی بنا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں نئی ایئر کنڈیشن بس سروس کی شروعات
خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ انسپکٹر جنرل مشتاق جنرل مشتاق احمد سکھیرہ کی جانب سے ضلع اوکاڑہ پولیس کے سربراہ فیصل علی رانا کو لاہور ٹریفک پولیس کی سربراہی سونپی جائے گی تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق یہ عہدہ ریٹائر کیپٹن سید احمد مبین کو دیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سید احمد مبین پہلے بھی لاہور ٹریفک پولیس کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ سابق سربراہ طیب چیمہ کو فی الفور سینٹرل پولیس آفس رجوع کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔