وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے پاکستان عرب ریفائنری کمپنی (پارکو) کو نئی آئل ریفائنری کے لیے زمین فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے تعاون سے گڈانی میں بنائی جانے والی آئل ریفانری “خلیفہ کوسٹل ریفائنری (KCR)” کا سنگ بنیاد آئندہ سال جنوری 2017 میں رکھا جائے گا۔
گڈانی پاور پارک پروجیکٹ ختم ہوجانے کے بعد وفاقی حکومت نے اس کے لیے مختص زمین پر نئی آئل ریفانری لگانے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نے گڈانی پروجیکٹ کی زمین خلیفہ ریفائنری کی تعمیر کے لیے فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان نے اس بابت ایک خط وزارت پیٹرولیم و قدرتی ذخائر کو ارسال کردیا ہے۔
وزارت پیٹرولیم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گڈانی پروجیکٹ کے لیے پاکستان پاور پارک مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو فراہم کی جانے والی زمین اب قابل استعمال نہیں رہی۔ اس خط میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ زمین پیٹرولم ریفائننگ ائنڈ پیٹروکیمیکل کارپوریشن کی ملکیت میں ہے لہٰذا اس پر آئل ریفائنری بنانے کے لیے خلیفہ کوسٹل ریفائنری پروجیکٹ کو فراہم کی جاسکتی ہے۔