ہر سال کے آخر میں گاڑیاں بنانے والے ادارے اعداد و شمار جاری کرتے ہیں کہ ان کی کون سی گاڑی کتنی تعداد میں فروخت ہوئی۔ ہر گزرت وقت کے ساتھ گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے اور بہت سی گاڑیاں مقبولیت کے پرانے ریکارڈ توڑتی ہوئیں فروخت کے نئے ریکارڈ بنا ڈالتی ہیں۔ ایسے میں ایک سوال ذہن میں ابھرتا ہے کہ زمانہ قدیم سے اب تک کی سب سے زیادہ فروخت ہونی والی گاڑی کونسی ہے؟ اگر آپ بھی یہ جاننے کے لیے بیتاب ہیں تو آئیے آپ کو 5 ایسی گاڑیوں کے بارے میں بتاتے ہیں جنہیں سب سے زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی۔
نمبر 5: فورڈ ایسکورٹ (فروخت: 2.00 کروڑ)
1968ء میں متعارف کروائی جانے والی فورڈ ایسکورٹ سال 2004ء تک فروخت کی جاتی رہی۔ اسے چھوٹی اور کم قیمت گاڑی کے طور پر پیش کیا گیا تھا جو ایک خاندان کے لیے موزوں تھی۔ فورڈ ایسکورٹ کی چھ جنریشن پیش کی گئیں جن میں مختلف اقسام کے انجن شامل کیے جاتے رہے۔ یوں یہ گاڑی ایندھن کی بچت کو ترجیح دینے والوں کے ساتھ ساتھ برق رفتاری کے شوقین افراد میں بھی مقبول رہی۔ اسے مختلف انداز میں بھی پیش کیا گیا جن میں دو دروازوں والی گاڑی، سیلون، ہیچ بیک، ویگن اور دیگر کئی ماڈل شامل ہیں۔ اس کے مشہور ترین ماڈل کی بات کریں تو فورڈ ایسکورٹ کوزورتھ سب سے نمایاں رہا حتی کہ آج بھی اس کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ اس کی بنیادی وجہ کوزورتھ کی سبک رفتار ہے۔ اس کا 4WD ماڈل زیادہ سے زیادہ 224 بریک ہارس پاور کا حامل ہے۔ اسی بنا پر یہ ہفتے میں ایک بار خریدار کے لیے جانے والی بزرگ خاتون سے لے کر ڈرائیونگ کے دوران ہواؤں سے باتیں کرنے کے جوشیلے شوقین افراد تک یکساں مقبول ہے۔ دنیا بھر میں فروخت ہونے والی فورڈ ایسکورٹ کی مجموعی تعداد 2 کروڑ رہی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فورڈ نے ایک مرتبہ پھر چین میں ایسکورٹ کے نام کو دوبارہ زندہ کیا ہے۔
نمبر 4: ووکس ویگن بیٹل (فروخت: 2.35 کروڑ)
اس فہرست میں شامل سب سے پرانی گاڑی بیٹل ہے۔ اسے 1938ء میں پیش کیا گیا اور آج تک فروخت کے لیے دستیاب ہے۔ یہ گاڑی تاریخی اعتبار سے منفرد مقام رکھتی ہے۔ اسے پورشے کے بانی فرڈینینڈ پورشے نے جرمنی کے آمر حکمران ایڈوولف ہٹلر کے حکم پر تیار کیا تھا۔ بعد ازاں ہٹلر نے عوامی اجتماع اور جلسوں میں شرکت کرنے کے لیے کئی مرتبہ اس گاڑی میں سفر کیا۔ 1940 کی دہائی میں بیٹل کو لوگوں کے لیے ایک مناسب قیمت والی گاڑی کے طور پر پیش کیا گیا۔ اس کا انجن پیچھے نصب کیا گیا تھا جس سے مسافروں کے لیے خاصی جگہ دستیاب ہوئی۔ گو کہ پچھلے کئی ماہ سے اس کی فروخت قابل ذکر نہیں رہی تاہم ووکس ویگن اب بھی بیٹل کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسے ایندھن کے اوسط خرچ پر بہترین کارکردگی دکھانے والی گاڑی سمجھا جاتا ہے تاہم اس کی وجہ شہرت قدیم زمانے سے وابستگی ہی ہے۔
نمبر 3: ووکس ویگن گولف (فروخت 2.90 کروڑ)
فہرست میں شامل ایک اور ووکس ویگن، جسے ہم گولف کے نام سے جانتے ہیں۔ گاڑیاں بنانے والے جرمن ادارے کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اس چھوٹی فیملی کار کو ہر طرز کے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا تھا۔ اس کی تیاری کا آغاز 1974ء میں ہوا اور یہ سلسلہ آج بھی اس کی ساتویں جنریشن کی صورت میں جاری ہے۔ اس عرصے کے دوران اس کے کئی ایک انداز متعارف کروائے گئے جن میں بے پناہ مقبول ہیچ بیک کے علاوہ اسٹیشن ویگن، کیبروئلٹ اور سیڈان شامل ہیں۔ گولف نے ابتداء ہی سے گاڑیوں کی مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کرلیا اور آج بھی دنیا کی کئی بڑی منڈیوں میں اس کی فروخت جاری ہے۔ برق رفتاری کے شوقین جوشیلے افراد کے لیے اس کے دو مادل گولف GTi اور گولف R بھی پیش کیے جاچکے ہیں۔ 1976ء میں شہرت کی بلندی کو چھونے والا GTi ماڈل 110 بریک ہارس پاور کا حامل تھا اور آج گولف R کی رفتار 300 بریک ہارس پاور سے بھی زیادہ ہوچکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ منفرد انداز اور شاندار رفتار کے اس امتزاج کو گاڑیوں کے شوقین افراد میں زبردست مقبولیت حاصل رہی۔
نمبر 2: فورڈ F سیریز (فروخت: 3.50 کروڑ)
مشہور زمانہ گاڑیوں کی فہرست میں شامل فورڈ کی دوسری گاڑی، جسے ٹرک کہا جائے تو زیادہ مناسب ہوگا، F سیریز ہے۔ اسے 1948ء میں پہلی مرتبہ متعارف کروایا گیا اور آج اس کی بارہویں جنریشن جاری ہے۔ اس سیریز میں F-250, F-350, F-450, F-550, F-650 اور F-750 شامل ہیں تاہم جو مقبولیت F-150 کو حاصل ہوئی وہ کسی اور کو نہ مل سکی۔ مقبولیت کا اندازہ لگانے کے لیے شمالی امریکا کا رخ کیجیے جہاں ہر 35 سیکنڈ F سیریز کا ایک پک اپ ٹرک فروخت کیا جاتا ہے۔ گویا جب تک آپ اس مضمون کو ختم کریں گے، فورڈ 5 ٹرکس فروخت کرچکا ہوگا۔ ان اعداد و شمار پر غور کرنے بیٹھیں تو سر چکرا جائے گا۔ اس سیریز میں فورڈ F-150 ریپٹر کے نام سے ایک ریسنگ ٹرک بھی شامل ہے۔ ہر گزرتے سال فورڈ اپنی F سیریز کو بہتر سے بہتر بنانے کے علاوہ V8جیسے انتہائی طاقتور انجن سے لے کر ایکوبوسٹ V6 انجن تک کئی انتخاب فراہم کر رہا ہے۔ شہری طرز کا ٹرک بھی اپنی کارکردگی میں کسی سے کم نہیں اور اپنی طرز کی گاڑیوں میں پہلا مقام باآسانی حاصل کرسکتا ہے۔
نمبر 1: ٹویوٹا کرولا (فروخت: 4.00 کروڑ)
گاڑیوں کے شوقین پاکستانی تو پہلے سرفہرست گاڑی کے بارے میں جان چکے ہوں گے۔ دنیا بھر میں 4 کروڑ سے زائد تعداد میں فروخت ہونے والی ٹویوٹا کرولا کو 1966ء میں متعارف کروایا گیا۔ 1974ء میں اس نے دنیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی کا اعزاز حاصل کیا اور تب سے آج تک یہ مقبول ترین گاڑیوں میں شامل رہی ہے۔ اس کرہ ارض پر شاید ہی کوئی ایسی گنجان وادی ہوگی جہاں ٹویوٹا کرولا فروخت نہ کی جارہی ہو۔ صرف پاکستان ہی مثال سامنے رکھیں تو یہ ایک عرصے سے مقبول ترین گاڑیوں میں سرفہرست ہے۔ کسی بھی مصروف شاہراہ پر اس کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ 11 جنریشنز کے اس طویل سفر میں کرولا کو قابل اعتبار اور قیمت میں بہترین گاڑی کے طور پر جانا جاتا ہے۔ موجودہ صورتحال دیکھتے ہوئے کرولا کے تابناک مستقبل کی پیش گوئی کی جاسکتی ہے۔
ان گاڑیوں اور کار ساز اداروں کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟ ہمیں بذریعہ تبصرہ ضرور آگاہ کیجیے۔
تصاویر: نیٹ کار شو