بی ایم ڈبلیو Z4 اور ٹویوٹا سُپرا کی متبادل 2018 میں پیش کی جائیں گی

0 101

اس بات میں اب کوئی رازداری نہیں کہ جاپانی ادارہ ٹویوٹا اور جرمن کمپنی BMW مل کر ایسی گاڑی تیار کرنے میں مصروف ہیں جو بی ایم ڈبلیو Z4 اور مشہور زمانہ ٹویوٹا سُپرا کی جگہ لے سکے۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کار ساز ادارے کسی ایک گاڑی پر کام نہیں کر رہے بلکہ ٹویوٹا اور بی ایم ڈبلیو دونوں کی علیحدہ گاڑیاں بنائی جائیں گی۔

اس سے قبل ٹویوٹا (Toyota) نے ہم وطن ادارے سوبارو کے ہمراہ 2 دروازوں والی GT86 بھی بنائی تھی جسے اسپورٹس کار کے شوقین افراد میں کافی شہرت حاصل ہوئی۔ ابتدا میں ٹویوٹا اور سوبارو کی تیار کردہ گاڑی کافی عجیب معلوم ہوتی تھی تاہم جب اسے پیش کیا گیا تو اس نے جلد ہی برق رفتاری کے شوقین افراد کے دلوں میں جگہ بنالی۔ سوبارو نے اس گاڑی میں اپنا انجن لگایا ٹویوٹا نے چیسز استعمال کیے اور یوں اس خوبصورت گاڑی کو چلانا کافی آسان ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی 10 تیز ترین اسٹیشن ویگنز؛ ان کی رفتار آپ کو حیران کردے گی!

اب ٹویوٹا نے BMW کے ساتھ مشترکہ منصوبے پر کام شروع کیا ہے جس کا مقصد پہلے سے بہتر اور جدید گاڑی تیار کرنا ہے۔ اس بار ٹویوٹا اپنے ساتھ بہت بڑا سرمایہ لایا ہے جبکہ بی ایم ڈبلیو بھرپور معلومات کے ساتھ شامل ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ بی ایم ڈبلیو Z4 اور ٹویوٹا سُپرا کی جگہ کوئی ایک گاڑی نہیں لے گی بلکہ دو الگ الگ گاڑیاں پیش کی جائیں گی۔ اور ممکن ہے کہ ٹویوٹا اپنی گاڑی کا ہائبرڈ ورژن بھی متعارف کروائے۔

جنوری 2016 کی ایک سرد شام میں ان اداروں کی تیار کردہ گاڑی کو پہلی بار دیکھا گیا تھا۔ اس وقت گاڑی کی خفیہ تصاویر منظر عام پر تو آگئی تھیں تاہم یہ پتہ نہ چل سکا کہ گاڑی کی آزمائش کہاں کی جارہی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق دونوں کار ساز ادارے آسٹریا میں یہ کام انجام دے رہے ہیں۔ گوکہ اس حوالے سے مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں لیکن مبصرین کا کہنا ہے کہ اس میں 6 –سلینڈر انجن لگایا گیا ہے اور یہ گاڑی پچھلے پہیوں کی قوت سے چلانے کے لیے تیار کی جارہی ہے جو بی ایم ڈبلیو کا روایتی انداز ہے۔

بی ایم ڈبلیو اور ٹویوٹا کی گاڑیوں پر گراتز (آسٹریا) سے تعلق رکھنے والے کار ساز میگنا اسٹیئر کام کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ گاڑی سال 2018 تک پیش کردی جائے گی۔ اس گاڑی کی اگلی لائٹس دیکھ کر مجھے ہونڈا S2000 کی ہیڈلائٹس یاد آرہی ہیں! کیا آپ کو بھی؟

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.