صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری کیے جانے والے ای-چالان میں تصویری ثبوت بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔ ای-چلان کا جدید نظام دو سرکاری اداروں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی (PSCA) اور پنجاب پولیس انٹیگریٹڈ کمانڈ، کنٹرول اور کمیونی کیشن (PPIC) سسٹم نے تیار کیا ہے۔ ای-چالان کے اس جدید نظام کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے علاوہ راہزنی کے واقعات پر نظر رکھنے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔
لاہور میں ٹریفک پولیس کے زیر استعمال ای-چالان کے سسٹم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے اور ان میں مختلف شاہراہوں پر نصب CCTV کیمرے کے ذریعے حاصل کیے گئے تصاویر بھی شامل ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اب تک تقریباً ایک ہزار سے زائد ای-چالان جاری کردیئے گئے جن میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تصویری ثبوت بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور کی مصروف ترین شاہراہ مال روڈ پر نصب CCTV کیمروں سے ماہانہ 17 ہزار سے زائد گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ PSCA کے مطابق حال ہی میں کیے گئے چالان فی الوقت صرف ان لوگوں کے خلاف کیے گئے ہیں جنہوں نے لین یا ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور کے بعد اب موٹروے پر بھی جدید ای-چالان کا اجرا شروع
یاد رہے کہ برقی چالان سسٹم کے ذریعے ٹریفک قوانین کے مرتکب تمام ہی افراد کو ای-چالان جاری کیے جارہے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو فی الفور ای-چالان کاٹنے کے لیے ایک اینڈرائیڈ فون بمع ایپلی کیشن اور بلوٹوتھ سے منسلک ہونے والا پرنٹر فراہم کیا گیا ہے۔ اس جدید نظام کو اپنانے سے جہاں ٹریفک پولیس کو سہولت حاصل ہوگی وہیں بدعنوانی کے امکانات کو ختم کرنے میں بھی مدد مل سکے گی۔