نئے آٹومیکرز موجودہ آٹومیکرز کو سخت مسابقت دیں گے

0 271

پاکستان کے آٹو شعبے میں اب تک تین بڑے ادارے اپنی اجارہ داری کا لطف اٹھاتے رہے، لیکن بہت جلد، نئے ادارے اس میدان میں قدم رکھ رہے ہیں، جن کے ساتھ ہی ملک میں گاڑیوں کا منظرنامہ تبدیل ہو جائے گا۔ آٹو پالیسی 2016-21ء میں حکومت نے غیر ملکی اداروں کو گرین فیلڈ اور براؤن فیلڈ اسٹیٹس دے کر پاکستان تک رسائی فراہم کی۔

اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تقریباً 18 نئے آٹومیکرز نے پاکستانی اداروں کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا، جن میں سے چند اپنے کارخانے بنا چکے ہیں اور کام کا مکمل آغاز کر چکے ہیں جبکہ کچھ تاحال اپنے پلانٹس کی تعمیر کے مراحل میں ہیں۔

بہت عرصے تک مقامی آٹو میکرز – ہونڈا، ٹویوٹا اور پاک سوزوکی – نے کم ترین معیار کے ساتھ اور بنیادی حفاظتی فیچرز کے بغیر یا بہت کم خصوصیات لیکن بھاری قیمتوں کے ساتھ صنعت پر راج کیا۔ اور ایسی مارکیٹ کے ساتھ صارفین کے پاس انتخاب کے زیادہ مواقع نہیں تھے۔

لیکن حال ہی میں گاڑیوں کی قیمتوں اور اس کے مطابق فراہم کردہ خصوصیات کے حوالے سے صارفین زیادہ محتاط ہوگئے ہیں۔ نئے اداروں کے آنے پر صارفین کو اب ایسی گاڑیوں کا وسیع انتخاب ملے گا جو کم قیمت پر بنیادی حفاظتی خصوصیات سے لیس ہوں گی۔

البتہ ایسا لگتا ہے کہ مقامی آٹومیکرز نے اب تک ہتھیار نہیں ڈالے اور وہ اپنے حریفوں سے سخت مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں، ٹویوٹا کی جانب سے XLi ماڈل کی پیداوار معطل کرنے کے باوجود، ادارے نے مکمل نئی کرولا Xli A/T اور ٹویوٹا رش متعارف کروا کر صارفین کو حیران کیا ہے۔

ٹویوٹا رش ایک CBU ہے، جو پہلے 2010ء میں پاکستان میں ڈائیہاٹسو ٹیریئس کے طور پر متعارف کروائی گئی تھی لیکن بعد ازاں اسے موقوف کر دیا گیا۔ دوسری جانب کرولا XLi کو آٹومیٹک ٹرانسمیشن اور ایکو موڈ کے ساتھ اپگریڈ کردیا گیا ہے۔

مزید برآں، یونائیٹڈ آٹوز اپنی 80cc کی یونائیٹڈ براوو پیش کرنے کے لیے تیار ہے، جو مہران کا براہ راست مقابلہ کرنے کے لیے مارکیٹ میں آئے گی۔ ہمارے ذرائع کے مطابق گاڑی 8 ستمبر 2018ء کو لانچ کی جائے گی۔

اس کے برعکس پاک سوزوکی رواں سال 2018ء کے اختتام تک مہران VX کو معطل کرنے کا اعلان کرچکا ہے اور ہونڈا نے ملک میں ہونڈا بریو کے اجراء کو مؤخر کردیا ہے۔

دیکھتے ہیں کہ نئے اداروں کی آمد کو موجودہ آٹومیکرز کیسے لیتے ہیں اور پاکستانی سڑکوں پر کون سی نئی گاڑیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.