لامبورگینی اپنی ہی آگ میں جل گئی!
سُپر کارز میں آگ لگ جانا کوئی نئی بات نہیں بالخصوص اگر بات ہو لامبورگینی کی تو یہ کوئی اچھمبے کی بات نہیں لگتی۔ اب سے کوئی ایک دہائی پہلے جب لامبورگینی گیارڈو پیش کی گئی تب بھی گاڑی میں ازخود آگ لگ جانے کے واقعات رونما ہوئے تھے۔ بعض دفعہ تو ایسا بھی ہوا کہ گاڑی ایک جگہ کھڑی ہوئی ہے اور اس میں اچانک آگ لگ گئی۔ وجہ کوئی بھی ہو لیکن 1500 گیارڈو کے آگ میں جھلس جانے کے بعد اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ادارے پر شدید دباؤ پڑا۔ اس کے بعد ہزاروں مورسیلاگو کے ساتھ بھی یہی کچھ ہوا جس کی وجہ فیول لیک ہوجانا بتایا گیا۔
اب ایک طویل عرصے بعد ایسا لگتا ہے کہ ایک بار پھر لامبورگینی کے ستارے پھر گردش میں آگئے ہیں اور 2015 میں اسے ایک بار پھر اسی مسئلہ کا سامنا ہے جو آج سے دس سال پہلے درپیش ہوا۔ تازہ واقعات نے اطالوی ادارے کی اہلیت پر بھی سوالیہ نشان لگا دیئے ہیں۔ حال ہی میں ہونے والا ایک واقعہ لامبورگینی ایونتادور LP 720-4 کے ساتھ پیش آیا ہے۔
ایک خاتون نے ایونتادور کو کرائے پر حاصل کیا اور دبئی کی سیر کے لیے روانہ ہوگئیں۔ اس دوران ایک جگہ سگنل بند ہونے پر انہوں نے شو بازی کا مظاہرہ کیا۔ 720 براک ہارس پاور 6500 سی سی V12 انجن پر زیادہ سے زیادہ زور لگائے جانے کی دیر تھی کہ گاڑی کے پچھلے حصے سے شعلے نکلنے لگے۔ کچھ لمحوں بعد سگنل کھلا تو ڈرائیور نے گاڑی دوڑانہ شروع کردی جس کے شور میں پیچھے سے “آگ، آگ” کی آواز بھی سنائی نہ دی۔ کچھ دیر بعد آگ کے شعلوں نے شدت اختیار کرلی اور گاڑی کے پچھلے حصے سے باقاعدہ دھواں نکلنے لگا تو خاتون ڈرائیور کو ہوش آیا۔ انہوں نے گاڑی روڈ کے درمیان روک کر فوراً باہر آگئیں۔ گوکہ انہوں نے بروقت باہر آکر اپنی جان تو بچالی لیکن اتنی مہنگی گاڑی کو نہ بچاسکیں۔ اس افسوس ناک واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز نیچے موجود ہیں۔