پاکستان کی سڑکوں پر چنگان یونی-ٹی کی سیلف ڈرائیونگ مہارتیں
چنگان پاکستان اپنی جدید ترین اور بہترین SUV چنگان UNI-T کے ٹیزرز سے سب کو حیران کر رہا ہے۔ کمپنی نے مختلف چھوٹے کلپ شیئر کیے ہیں اور پاکستانیوں پر اس خوبصورت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس گاڑی کا رعب بٹھا دیا ہے۔ اس مرتبہ ماسٹر چنگان موٹرز نے ایک اپنے سوشل میڈیا چینلز پر ایک وڈیو پوسٹ کی ہے، جو پاکستان کی سڑکوں پر UNI-T کی سیلف ڈرائیونگ مہارتیں ظاہر کر رہی ہے۔
چنگان UNI-T کا Future Forward Forever سفر
تقریباً ایک مہینے سے چنگان پاکستان اپنے Future Forward Forever سفر پر ہے، جس میں ٹیم چنگان نے ملک بھر میں سفر کیا ہے، اور UNI-T کی ڈرائیونگ آٹومیشن ٹیکنالوجی پر تجربات کیے ہیں۔ اس سفر کا مقصد تین سوالوں کے جوابات ڈھونڈنا تھا:
دنیا کی جدید ترین ڈرائیونگ آٹومیشن جب پاکستان کی انوکھی سڑکوں پر آتی ہے تو کیا ہوتا ہے؟
بہترین آٹوموٹو AI کا مقابلہ جب پاکستان کی سڑکوں کی افراتفری سے ہوتا ہے تو کیا ہوتا ہے؟
اور کیا ہوتا ہے جب ڈرائیور-اسٹیٹ-ڈٹیکشن ایسے پاکستانی ڈرائیور سے ملتی ہے جس نے شام کی چائے نہیں پی رکھی؟
آخر میں چنگان پاکستان نے ایک وڈیو کلپ پوسٹ کر کے جوابات دیے ہیں جہاں چنگان UNI-T اپنی سیلف ڈرائیونگ فیچرز کی صلاحیت ظاہر کر رہی ہے، مثلاً سیلف پارکنگ اور پارکنگ کی جگہ سے خود کار طور پر نکلنے، لَین کیپ اسسٹ، ایڈاپٹو کروز کنٹرول اور خود کار بریکنگ کا۔ ذرا دیکھیں۔
پاکستان میں UNI-T کی لانچ
چنگان UNI-T کا ایک CBU یونٹ درآمد کر چکا ہے۔ یہ وہی یونٹ ہے جو ہم اس وڈیو میں دیکھ رہے ہیں جو پاکستان کی سڑکوں پر ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ اس گاڑی کی ملک میں آفیشل لانچ یا لوکل اسمبلی کی کوئی خبر نہیں۔ تو چنگان UNI-T آر ہی ہے یا نہیں؟ مختصر جواب ہے ہمیں نہیں لگتا۔
چنگان لوکل مارکیٹ میں اپنی بہترین گاڑی کو لانچ کرنے کا اشارہ دے کر اپنے برانڈ کے حوالے سے صارفین کا اعتماد بڑھانا چاہتا ہے۔ دیانت داری کی بات یہ ہے کہ ہم صرف اس SUV سے ہی نہیں بلکہ صارفین کو برانڈ کے ساتھ جوڑے رکھنے کی چنگان کی اس حکمت عملی سے بھی بہت متاثر ہوئے ہیں۔
ہمیں امید ہے اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں مقامی طور پر اسمبل شدہ UNI-T آئے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ایسا جلد ہوتا نظر نہیں آ رہا۔