ایئر سسپنشن سسٹم کیا ہے؟ اس نظام کے مثبت اور منفی پہلو کا جائزہ

2 611

اس مضمون میں ہم ایئر سسپنشن سسٹم (air suspension system) سے متعلق بات کریں گے اور یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ یہ روایتی اسپرنگ سسپنشن سے کس قدر مختلف ہے۔ اس نظام کے مثبت اور منفی پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے یہ بھی معلوم کریں گے کہ اس کی موجودگی سے گاڑی کی کارکردگی پر کیا بہتری آتی ہے۔ توآئیے سب سے پہلے اس نظام کی بنیادی تعریف سمجھتے ہیں۔

ایئر سسپنشن سسٹم کیا ہے؟

گاڑی میں مختلف اقسام کے سسپنشن لگائے جاتے ہیں جن میں سے ایک ایئر سسپنشن کا نظام بھی ہے۔ اس نظام میں لوہے کے اسپرنگز یا لیف اسپرنگز کو ایئر اسپرنگ سے تبدیل کردیا جاتا ہے جو ربڑ سے بنائے جاتے ہیں۔ یہ گاڑی کے انجن یا پھر بیٹری کی مدد سے کام کرتا ہے۔

ایئر سسپنشن سسٹم کے مثبت پہلو

ایئر سسپنشن سسٹم کو “ایئر رائیڈ” بھی کہا جاتا ہے۔ یہ نظام ان ڈرائیور صاحبان کے لیے انتہائی کارآمد ہے کہ جو پرتعیش گاڑیوں میں بہترین سفر کا لطف اٹھانا چاہتے ہیں۔ اس سسٹم کا سب سے اہم پہلو سفری تجربہ میں بہتری فراہم کرنا ہے۔ عام اسپرنگ سسپنشن کے برعکس ایئر سسپنشن والی گاڑی اونچے نیچے راستوں بشمول اسپیڈ بریکرز پر بغیر کسی اچھل کود اور جھٹکوں کے باآسانی گزر جاتی ہے۔ ایئر سسپنشن سسٹم کی ایک منفرد بات یہ ہے کہ اسے انجن اور برقی آلات سے منسلک ایئر کومپریسر کی طرح بڑھایا اور گھٹایا بھی جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑیوں میں انجن اور پہیوں کی مختلف تراکیب اور ان کے مثبت و منفی پہلو

ایئر سسپنشن سسٹم فریم

بڑی گاڑیوں مثلاً SUVs میں ایئر سسپنشن کی موجودگی سامان کھینچنے (towing) کے لیے بھی کافی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ کسی دوسری گاڑی یا سامان کھینچتے ہوئے ان SUVs میں ایئر سسپنشن کی سختی بڑھا کر ٹائر پر اضافی بوجھ کو کم از کم کرنے میں آسانی رہتی ہے۔ اس کے برعکس روایتی اسپرنگ سسپنشن والی گاڑیوں میں وزن لادنے پر تمام تر بوجھ ایکسل کے ذریعے ٹائر پر جا پڑتا ہے جس سے گای کی کارکردگی پر منطفی اثر پڑتا ہے۔

ایئر سسپنشن سسٹم کے منفی پہلو

ایئر سسپنشن سسٹم کے دو قابل ذکر منفی پہلو ہیں اور ان دونوں ہی کا تعلق اضافی اخراجات سے ہے۔ اکثر گاڑیوں میں ایئر اسپرنگ سسپنشن شامل نہیں ہوتے تاہم اضافی قیمت ادا کر کے انہیں لگوایا جاسکتا ہے۔ البتہ مرسڈیز-بینز S کلاس اور رینج رُو وَر جیسی پُرتعیش گاڑیاں تیار کرنے والے اداروں کی گاڑیوں میں یہ شامل ہوتا ہے لیکن ان گاڑیوں کی قیمت بھی کافی زیادہ ہوتی ہے۔

ایئر سسپنشن سسٹم

اگر اسے اضافی قیمت ادا کر کے شامل کر کے گاڑی میں شامل کروا بھی لیا جائے تو اس کی دیکھ بھال اور مرمت پر بہت زیادہ اخراجات آسکتے ہیں۔ ایئر سسپنشن اس وقت تک بہترین کام کرتا ہے کہ جب تک اسے کوئی خرابی درپیش نہیں ہوتی لیکن اگر اس میں کسی قسم کی خرابی پیدا ہوجائے تو اسے ٹھیک کروانے پر صارف کو بہت زیادہ خرچہ ہوسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر گاڑیوں کے مالکان ایئر سسپنشن خراب ہوجانے کی صورت میں ان کی مرمت کروانے پر پیسے صرف کرنے کے بجائے عام اسپرنگ سے تبدیل کروانے کو ترجیح دیتے ہیں۔

حتمی رائے

اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا گاڑی میں ایئر سسپنشن لگوانے چاہیئں یا نہیں؟ اس کا فیصلہ کرنے کے لیے بہتر ہے کہ آپ ایئر سسپنشن والی گاڑی کو بذات خود چلا کر دیکھیں اور پھر طے کریں کہ آیا اس کی موجودگی سے آپ کو بہتری محسوس ہورہی ہے یا نہیں۔ البتہ اگر آپ ایسی استعمال شدہ گاڑی خرید رہے ہیں کہ جس میں ایئر سسپنشن شامل ہے تو بہتر ہوگا کہ اسے کسی اچھے مکینک یا پاک ویلز کار شیور سے تکنیکی جائزہ ضرور کروا لیں تاکہ مستقبل میں کسی قسم کے بڑے خرچے یا نقصان سے محفوظ رہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.