چینی کمپنی فوٹون موٹر پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند

0 729

کمرشل گاڑیاں تیار کرنے والے چینی ادارے فوٹون موٹر کمپنی لمیٹڈ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس ضمن میں فوٹون موٹر کے ایک وفد نے وفاقی وزیر خزانہ ملک اسحاق ڈار سے گزشتہ ہفتے ملاقات کی اور اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے کے لیے گاڑیوں کے شعبے میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ چینی ادارے کی جانب سے پنچ آٹو پالیسی میں نئی سرمایہ کاروں کے موافق مواقع پیدا کرنے کی حکمت عملی کی تعریف بھی کی گئی۔ وفاقی وزیر نے فوٹون موٹر کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کو سراہا۔ اس ملاقات کے دوران سرمایہ کاری بورڈ (BOI) کے چیئرمین اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر بھی موجود تھے۔

چین کی سرکاری کمپنی BAIC گروپ کے زیر انتظام فوٹون موٹر گزشتہ دو دہائیوں سے کمرشل گاڑیاں، ٹرکس، ٹریکٹرز اور دیگر بھاری مشینری تیار کر رہا ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ کمرشل گاڑیاں تیار کرنے والوں میں سرفہرست اس ادارے کا صدر دفتر چانگپینگ، بیجنگ میں واقع ہے۔ فوٹون موٹر بھاری بھرکم مسافر گاڑیاں بھی پیش کرتی ہے جن میں ٹویوٹا ہائی ایس H100 کی ہم شکل فوٹون ایلفا بھی شامل ہے۔ تقریباً ایک دہائی قبل فوٹون موٹر نے 2800cc اور 3800cc ڈیزل انجن کی تیاری بھی شروع کرچکا ہے۔ فوٹون کی مضبوط اور بھاری بھرکم گاڑیاں متعدد ڈاکار ریلی کا بھی حصہ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کارخانے لگانے میں چینی کارساز ادارے کی اظہار دلچسپی

Master-Foton-M-280-Pakistan

فوٹون موٹر پاکستان میں ماسٹر موٹر کمپنی کے توسط سے فوٹون M-280 ٹرک فروخت کرتا رہا ہے۔ علاوہ ازیں فوٹون تنلینڈ (Tunland) کو بھی پاکستان کے مختلف شہروں میں دیکھا گیا ہے جو زیادہ تر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے زیر استعمال رہی ہیں۔ چین کے تعاون سے پاکستان میں زیر تعمیر اقتصادی راہداری (CPEC) نے دونوں ممالک کے اداروں کو مل کر کام کرنے کے بہترین مواقع فراہم کیے ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ پاک-چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کو خاطر خواہ فوائد حاصل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا مہران کی ہم شکل سستی ترین چینی گاڑی پاکستان آیا چاہتی ہے؟

foton-tunland-pakistan

فوٹون موٹر مختلف ممالک کی مشہور و معروف اداروں کے ساتھ مختلف مشترکہ منصوبے بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہی میں سے ایک جرمن ادارہ دائملر (Daimler) بھی ہے۔ فوٹون اور دائملر چینی کی مقامی مارکیٹ کے لیے 2010 سے مختلف سائز کے ٹرکس تیار کر رہے ہیں۔ چینی کمپنی نے یورپ میں قدم جمانے کے لیے جولائی 2010 میں ماسکو، روس میں بھی ایک دفتر قائم کیا۔ دنیا بھر 24 کارخانے رکھنے والے اس چینی ادارے کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 50 ارب یوآن سے زائد ہے جبکہ ملازمین کی تعداد کم و بیش 3 لاکھ ہے۔ فوٹون موٹر مستقبل میں کولمبیا اور بھارت میں بھی کارخانے لگانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.